Inquilab Logo

وراٹ کوہلی کا آخری ۲؍ ٹیسٹ میچوں سے دستبرداری کا امکان

Updated: November 09, 2020, 12:15 PM IST | Agency | New Delhi

وراٹ جنوری میں باپ بننے والے ہیں۔ کوہلی کے ٹیم سے رخصت ہونے کے بعد لوکیش راہل ہندوستانی ٹیم میں مڈل آرڈر میں جگہ حاصل کرسکتے ہیں

Virat Kohli .Picture :INN
وراٹ کوہلی ۔ تصویر:آئی این این

ہندوستانی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی آسٹریلیا کے خلاف متوقع ۴؍ میچوں کی سیریز کے آخری ۲؍ ٹیسٹ میچوں میں ٹیم سے دستبردار ہوسکتے ہیں کیونکہ وہ جنوری میں باپ بننے والے ہیں۔ کوہلی کے ٹیم سے رخصت ہونے کے بعد لوکیش راہل ہندوستانی ٹیم میں مڈل آرڈر میں جگہ حاصل کرسکتے ہیں۔  کوہلی کی اہلیہ اداکارہ انوشکا شرما جنوری میں ماں بننے والی ہیں۔اگرچہ ابھی تک کوہلی کے منصوبے کے متعلق باضابطہ طور پر کچھ نہیں بتایا گیا ہے لیکن ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے ایک ذرائع نے بتایا کہ توقع ہے کہ کوہلی ۱۷؍ دسمبر سے شروع ہونے والی سیریز کے پہلے ۲؍ ٹیسٹ کھیلیں گے جبکہ اپنے بچے کی ولادت کے پیش نظر کوہلی پدرانہ رخصت  لے سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق بی سی سی آئی نے ہمیشہ مانا ہے کہ کنبہ اولین ترجیح ہے۔ اس معاملے میں اگر کپتان پدرانہ رخصت لینے کا فیصلہ کرتے ہیں تو وہ صرف پہلے دو ٹیسٹ میں دستیاب ہوں گے۔ ۴؍ ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز ایڈیلیڈ (دن اور رات ،۱۷؍ سے۲۱؍ دسمبر) ، میلبورن (۲۶؍تا ۳۰؍دسمبر) ، سڈنی (۷؍سے۱۱؍ جنوری ۲۰۲۱ء) اور برسبین (۱۵؍ سے۱۹؍ جنوری) میں منعقد ہوگی۔ بی سی سی آئی نے گزشتہ برسوں میں کرکٹرس کو پدرانہ رخصت لینے کی آزادی دی ہے اور یہ ہندوستان کے کپتان اور بہترین بلے باز کے لئے بھی دستیاب ہوگی۔ذرائع نے بتایا کہ وہ عام حالات میں بچے کی پیدائش کے بعد واپس آسکتے تھے اور ایسی صورت میں وہ صرف ایک ٹیسٹ کے لئے ٹیم سے باہر ہوسکتے ہیں۔ تاہم کووڈ۱۹؍ کی وجہ سے۱۴؍ روزہ قرنطین  کے دوران دوبارہ ٹیم میں واپسی مشکل ہوگی۔ ایسی صورتحال میں لوکیش راہل کو مڈل آرڈر میں موقع مل سکتا ہے۔ امکان ہے کہ روہت شرما ٹیسٹ سیریز سے قبل پوری طرح فٹ ہوجائیں۔ ٹیم میں اوپنرس کی حیثیت سے مینک اگروال اور پرتھوی شا موجود ہیں ، لہٰذا ٹیم مڈل آرڈر میں کوہلی کی کمی کو محسوس نہیں کرے گی۔بی سی سی آئی۱۱؍ نومبر کو روہت کو ہندوستانی ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا کے دورے پر بھی بھیج سکتا ہے۔ ممبئی انڈینس کے میدان میں اترنے کے بعد روہت کی فٹنیس سے متعلق بی سی سی آئی کی امیدیں بڑھ گئیں۔ محدود اوورس میں ہندوستان کے نائب کپتان ۱۱؍نومبر کو باقی ٹیم کے ساتھ آسٹریلیائی پرواز کے لئے چارٹرڈ فلائٹ پر جاسکتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں جلد ہی فیصلہ کیا جائے گا۔ یہ مناسب ہوگا کہ روہت ٹیم کے ساتھ ہوں اور فزیو نتن پٹیل اور ٹرینر نک ویب کی نگرانی میں اپنی اسٹرینتھ اور کنڈیشنگ پر کام کریںگے ۔ اگر ضرورت پڑی  تو۲۷؍ نومبر سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کے لئے روہت کو ٹیم سے باہر کیا جاسکتا ہے اور وہ ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل سیریز سے لوٹ سکتے ہیں۔ وہ ٹیسٹ سیریز تک پوری فٹنیس حاصل کرسکتے ہیں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK