Inquilab Logo

وراٹ کوہلی آئی سی سی کے دہائی کے بہترین کھلاڑی اور ون ڈے کرکٹر منتخب

Updated: December 29, 2020, 12:34 PM IST | Agency | Dubai

کوہلی نے دہائی کے بہترین کھلاڑی ہونے کا سرگارفیلڈ سوبرس ایوارڈ اپنے نام کیا ، سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کھیل جذبےکے ایوارڈ کیلئےمنتخب کئے گئے

Virat Kohli .Picture :INN
وراٹ کوہلی ۔ تصویر:آئی این این

 ہندوستان کے کپتان وراٹ کوہلی کو بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی دہائی کا بہترین کھلاڑی اور ون ڈے کرکٹر کے ایوارڈ کے لئے منتخب کیا  گیاہے جبکہ سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کو آئی سی سی نےکھیل جذبہ کے ایوارڈ سے سرفراز کرنے کا اعلان کیا ہے۔ آئی سی سی نے پیر کے روز ٹویٹر پر یہ اطلاع دی۔ آئی سی سی نے بتایا ’’ وراٹ کوہلی نے آئی سی سی کی دہائی کے بہترین کھلاڑی ہونے کا سرگارفیلڈ سوبرس ایوارڈ جیت لیا ہے۔‘‘وراٹ نے اس دہائی میں بین الاقوامی کرکٹ کے سبھی فارمیٹس کو ملا کر سب سے زیا دہ ۲۰۳۹۶؍ رن بنائے ہیں۔ وراٹ نے دہائی میں سب سے زیادہ سنچریاں  اور نصف سنچریاں بنانے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا ہے۔ وراٹ  نے اس دوران۶۶؍ سنچری اور۹۴؍ نصف سنچری مکمل کی۔۷۰؍سے زائد اننگز کھیلنے والے کرکٹروں میں ان کا اوسط بھی زیا دہ ۵۹ء۹۷؍ رہا۔ اس کے علاوہ وراٹ کوہلی۲۰۱۱ء  کا ون ڈے عالمی کپ جیتنے والی ٹیم انڈیا کا بھی حصہ رہے۔ 
 آئی سی سی نے وراٹ کو دہائی کا بہترین ون ڈے کرکٹر بھی منتخب کیا ہے۔ اس دہائی میں وراٹ واحد ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے اس دوران ون ڈے کرکٹ میں۱۰؍ ہزار سے زائد رن بنائے ہیں۔سابق ہندوستانی کپتان مہندر سنگھ دھونی کو آئی سی سی اسپرٹ آف کرکٹ ایوراڈ سے سرفراز کیا گیا ۔ دھونی نے۲۰۱۱ء میں انگلینڈ کے خلاف ناٹنگھم ٹیسٹ کے دوران شاندار کھیل جذبہ  دکھاتے ہوئے متنازع طریقہ سے رن آؤٹ ہوئے ایان بیل کو بلے بازی کے لئے واپس بلانے کا فیصلہ کرکے  شائقین کا دل جیت لیا تھا۔ آسٹریلیا کے عظیم بلے باز اسٹیون اسمتھ کو آئی سی سی کی  دہائی کے بہترین ٹیسٹ کرکٹر کے ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ اسمتھ نے اس دہائی میں ٹیسٹ کرکٹ میں۶۵ء۷۹؍ کےاوسط  سے ۷۰۴۰؍ رن بنائے۔ اسمتھ نے اس دوران ۲۶؍ سنچریاں  اور۲۸؍نصف سنچری بھی مکمل کی۔ دوسری جانب ، افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان کو آئی سی سی نے دہائی کا بہترین ٹی ٹوینٹی کرکٹر منتخب کیا ہے۔ راشد نے اس دوران ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں ۱۲ء۶۲؍ کےاوسط سے سب سے زیادہ ۸۹؍ وکٹیں حاصل کیں۔اس کے علاوہ آسٹریلیا کی آل راونڈر ایلی سی پیری کو آئی سی سی کی دہائی کی  بہترین ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی کرکٹر کے ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK