Updated: October 18, 2025, 12:52 PM IST
|
Agency
| Sydney
آسٹریلیا کے خلاف یکروزہ سیریز میں ایک سنچری بناکر کوہلی ایک ہی فارمیٹ میں ۵۱؍سنچریاں بنانے کے تینڈولکر کے ریکارڈ کو توڑ دیں گے.
ایک سنچری بناتے ہی وراٹ کوہلی ایک فارمیٹ میں ۵۲؍سنچریاں بنانے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیں گے۔ تصویر: آئی این این
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سپراسٹار وراٹ کوہلی اتوار کو آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میں میدان میں اترتے ہی ایک تاریخی سنگ میل کے بہت قریب ہوں گے۔ یہ مقابلہ نہ صرف ۷؍ ماہ بعد بین الاقوامی کرکٹ میں ان کی واپسی کا ہے، بلکہ ایک ۱۴۸؍سال پرانی کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا باب لکھنے کا موقع بھی ہے۔ ۳۶؍سالہ سابق کپتان اب صرف ایک سنچری دور ہیں اس ریکارڈ سے جو آج تک کسی نے نہیں توڑا۔ یہ ریکارڈ کسی ایک فارمیٹ میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ہے۔
سچن کی برابری پر کھڑے ہیں وراٹ کوہلی
اس وقت وراٹ کوہلی ۵۱؍یکروزہ سنچریاں جڑ چکے ہیں۔ یعنی وہ عظیم بلے باز سچن تینڈولکر کی برابری پر ہیں، جن کے پاس ٹیسٹ کرکٹ میں ۵؍سنچریاں ہیں۔ اگر کوہلی آسٹریلیا کے خلاف اس سیریز میں ایک سنچری لگا دیتے ہیں، تو وہ دنیا کے پہلے ایسے بلے باز بن جائیں گے جنہوں نے کسی ایک فارمیٹ میں ۵۲؍سنچریاں بنائی ہیں۔ کرکٹ کی تاریخ میں اب تک صرف ۲؍ کھلاڑی ہی ایسے ہیں جنہوں نے کسی ایک فارمیٹ میں ۵۰؍یا اس سے زیادہ سنچریاں بنائی ہیں اور وہ کھلاڑی ہیں سچن تینڈولکر اور وراٹ کوہلی۔
کوہلی کا آسٹریلیا میں دبدبہ
آسٹریلیائی میدانوں پر وراٹ کوہلی کی کارکردگی ہمیشہ شاندار رہی ہے۔ انہوں نے اب تک ۲۹؍ون ڈے میںایک ہزار۳۲۷؍رن بنائے ہیں۔ اس دوران ان کا اوسط۵۱ء۰۳؍ کی اور اسٹرائیک ریٹ۸۹؍سے زیادہ کی رہی ہے۔ ان میں ۵؍ سنچریاں اور۶؍ نصف سنچریاں شامل ہیں۔
آسٹریلیا کے خلاف ان کی پچھلی ۵؍ اننگز بھی شاندار رہی ہیں۔ اس دوران انہوں نے ۵۴ رن، ۵۶،۹۵،۵۴؍ اور ۸۴؍ رنوں کی اننگز کھیلی ہیں۔ وہیں آسٹریلیا میں ان کی پچھلی ۵؍ اننگز ۱۰۴؍ ، ۴۶،۲۱، ۸۹؍ اور ۶۳؍رنوں کی رہی ہیں۔کوہلی کے نام آسٹریلیا میں کسی غیر ملکی کھلاڑی کی طرف سے تمام فارمیٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں (۱۷) بنانے کا بھی ریکارڈ ہے۔ اب وہ روہت شرما کے ایک اور ریکارڈ کے قریب ہیں اور وہ ہے آسٹریلیا میں سب سے زیادہ ون ڈے سنچریاں لگانے کا۔ روہت نے آسٹریلیائی سرزمین پر یکروزہ میچوںمیں ۴؍ سنچریاں بنائی ہیں جبکہ وراٹ کے پاس فی الحال ۳؍ سنچریاں ہیں۔
تینڈولکر بمقابلہ کوہلی
سچن تینڈولکر نے اپنے کریئر میں کُل ۱۰۰؍ بین الاقوامی سنچریاں بنائی ہیں۔ ان میں ۵۱؍ ٹیسٹ اور ۴۹؍ون ڈے سنچریاں شامل ہیں۔ وہیں وراٹ کوہلی اب تک ۸۲؍بین الاقوامی سنچریاں (۵۱؍ون ڈے، ۳۰؍ٹیسٹ، ایک ٹی۔۲۰) لگا چکے ہیں۔ اگر ان کا فارم برقرار رہا تو یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ وہ آنے والے برسوں میں سچن کے ۱۰۰؍سنچریوں کے ریکارڈ کی طرف بھی بڑھ سکتے ہیں۔
روہت اور وراٹ کو آزمانا نہیں چاہئے:آگرکر
ہندوستانی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اجیت اگرکر نے جمعہ کو کہا کہ سینئر بلے باز وراٹ کوہلی اور روہت شرما کی کارکردگی کا ضرور جائزہ لیا جائے گا لیکن ہر میچ میں انہیں آزمانا بے وقوفی ہوگی۔روہت اور کوہلی آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے ساتھ تقریباً ۷؍ ماہ بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کرنے جا رہے ہیں اور ایسی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نامیبیا میں۲۰۲۷ء کےعالمی کپ سے قبل ان دونوں سابق کپتانوں کے مظاہرے کا ہر سیریز میں باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا۔آگرکر نے ایک ٹی وی پروگرام میں کہاکہ ہر میچ میں انہیں آزمانا حماقت ہوگی۔ جب وہ کھیلنا شروع کریں گے تو ان کا جائزہ ضرور لیا جائے گا، مگر ان کی جگہ خطرے میں نہیں ہے۔کچھ ہفتے قبل احمدآباد میں دئیے گئے بیان کو دوہراتے ہوئے اگرکر نے ایک بار پھر کہا کہ عالمی کپ کیلئے ابھی سے کسی کھلاڑی کے انتخاب پر بات کرنا قبل از وقت ہے۔