Inquilab Logo

زیادہ بیس پرائس کی فہرست میں وارنر، اشون، ربادا اور براوو

Updated: January 23, 2022, 9:11 AM IST | Mumbai

آئی پی ایل۲۰۲۲ء کی میگا آئی پی ایل نیلامی میں ۲؍ کروڑ کے زیادہ سے زیادہ بیس پرائس کی فہرست میں ۴۹؍کھلاڑی شامل ہیں

David Warner
ڈیوڈ وارنر

ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ میں سیریز کے بہترین کھلاڑی ڈیوڈ وارنر اور فائنل میں پلیئر آف دی میچ بنے  ان کے آسٹریلیائی ساتھی مشیل مارش ان ۴۹؍کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو آئی پی ایل۲۰۲۲ء کی میگا آئی پی ایل نیلامی میں ۲؍ کروڑ کے زیادہ سے زیادہ بیس پرائس کی فہرست میں شامل ہیں۔ وہیں کرک انفو کو ملنے والی لمبی فہرست میں مشیل اسٹارک ، سیم کیرن، بین اسٹوکس، کرس گیل، جوفرا آرچر اور کرس ووکس جیسے نام موجود نہیں ہیں۔
 فہرست میں کئی بڑے نام شامل ہیں جن میں ۱۷؍ ہندوستانی اور۳۲؍ غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں۔ ان میں روی چندرن اشون، شریس ایّر، شکھر دھون، ایشان کشن، سریش رائنا، پیٹ کمنس، ایڈم زمپا، اسٹیون اسمتھ، شکیب الحسن، مارک ووڈ، ٹرینٹ بولٹ، فاف ڈو پلیسس، کوئنٹن ڈی کاک، کگیسو ربادا اور ڈیون براوو شامل ہیں۔
 اس فہرست میں مجموعی طور پر۱۲۱۴؍ کرکٹرس ہیں جن میں سے۲۷۰؍ ان کیپڈ اور۴۱؍ اسوسی ایٹ ممالک کے کھلاڑیوں نے نیلامی پول میں اپنا نام درج کروایا ہے۔ یہ فہرست جمعہ کو۱۰؍ ٹیموں کو بھیجی گئی ہے۔ حتمی فہرست۱۲؍ اور۱۳؍ فروری کو ہونے والی نیلامی سے۲؍ دن قبل تیار کی جائے گی۔زیادہ تر فرنچائزی نئی ٹیم بنانے کیلئے اچھے پرس کے ساتھ نیلامی میں اتریں گی، لیکن پنجاب کنگز، سن رائزرس حیدرآباد اور راجستھان رائلز کے پاس سب سے زیادہ پیسے ہوں گے۔ دوسری جانب فرنچائزی  کی بھی اس مرتبہ میگا نیلامی میں مستقبل کو دیکھتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں پر توجہ رہے گی۔
 یہ کوئی تعجب کی بات نہیں ہے کہ دیو دت پڈیکل، ہرشل پٹیل اور یہاں تک کہ کم معروف ویسٹ انڈیز کے اوڈن اسمتھ نے اپنی بنیادی قیمت ۲؍کروڑ روپے رکھی ہے۔ پڈیکل نے گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف ہندوستان کیلئے ڈیبیوکیا تھا۔ انہیں ۲۰۲۰ء میں رائل چیلنجرس بنگلور نے۲۰؍ لاکھ روپے میں خریدا تھا۔ ان کی کارکردگی سے کوہلی اور سنیل گاوسکر بھی متاثر ہوئے تھے۔
 ہرشل کو آر سی بی نے دہلی کیپٹلس سے ٹریڈ کیا اور۲۰۲۱ءکے آئی پی ایل میں سب سے زیادہ ۳۲؍ وکٹ لینے والے گیندباز بنے تھے ۔ ہرشل نے اس بار نیلامی میں جانے کا فیصلہ کیا۔ ان کے پاس نئی گیند کے ساتھ اور سلاگ اوورس میں گیند کرنے کی مہارت ہے اور یہ ٹیموں کو اپنی طرف راغب کر سکتا ہے۔
 دوسری طرف، اسمتھ، آئی پی ایل میں مکمل طور پر انجان ہیں اس کے باوجود جس نے بھی۲۵؍ سالہ جمائیکا کے کھلاڑی کی طرف دیکھا ہے، انہیں لگتا ہے کہ ان میں آندرے رسل بننے کی صلاحیت ہے۔ اسمتھ نہ صرف اچھی رفتار سے گیندبازی کرتے ہیں بلکہ ٹی۱۰؍ جیسے ٹورنامنٹ میں انہوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ بلے سے بھی کمال کر سکتے ہیں۔تمل ناڈو کے بلے باز شاہ رخ خان کو بھی نیلامی میں بڑی بولی ملنے کی امید ہے۔ انہوں نے پنجاب کنگز کی پیشکش قبول نہیں کی۔۲۰۲۱ء کی نیلامی میں ان کا بیس پرائس ۲۰؍لاکھ روپے تھا۔ شاہ رخ کا قد لمبا ہے  اور اچھے پاور ہٹر ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پنجاب نے انہیں گزشتہ سال۲ء۲۵؍  کروڑروپے میں خریدا تھا۔
 ایک اور ان کیپڈ ہندوستانی کھلاڑی اویس خان جس نے خود کو۲۰؍ لاکھ کی بنیادی قیمت پر رکھا ہے ، انہیں بھی نیلامی میں معقول رقم ملنے کی امید ہے۔ کچھ سال پہلے دہلی کیپٹلس نے انہیں۷۰؍ لاکھ میں خریدا تھا اور وہ۲۰۲۱ء کے آئی پی ایل میں ہرشل کے بعد سب سے زیادہ وکٹ لینے والے گیندباز تھے۔ سابق ہندوستانی  تیزگیندبازایس  سری سنت نے بھی خود کو۵۰؍ لاکھ کی بنیادی قیمت کے زمرے میں رکھا ہے۔ 
 ۱ء۵؍کروڑ کی کیٹیگری میں امیت مشرا، ایشانت شرما، واشنگٹن سندر، ایرون فنچ، کرس لِن ،  ناتھن لاین ، کین رچرڈسن، جونی بیریسٹو، ایلکس ہیلز، ایون  مورگن، ڈیوڈ ملان، ایڈم ملان، کولن منرو، جمی نیشام، گلین فلپس، ٹم ساؤدی، کولن انگرام، شیمرون ہتمائر، جیسن ہولڈراور نکولس پوران شامل ہیں۔ایک کروڑ کے زمرے میں پیوش چاؤلہ، کیدار جادھو، پرسدھ کرشنا، ٹی نٹراجن، منیش پانڈے، اجنکیا رہانے، نتیش رانا، ردھیمان ساہا، کلدیپ یادو، جینت یادو، محمد نبی، جیمس فاکنر، موئسس ہنریکس، مارنس لابوشین، ریلی  میرڈتھ جوش فلپس، ، ڈارچی شارٹ، اینڈریو ٹائی، ڈین لارنس، لیام لیونگسٹن، ٹمل ملز، اولی پوپ، ڈیون کونوے، کولن ڈی گرانڈہوم، مشل سینٹنر، ایڈن مارکرم، ریلی روسو، تبریز شمسی، رسی وین ڈیر ڈوسن، وینندو ہسرنگا، روسٹن چیس، شیرفین رُدرفورڈ شامل ہیں۔

ipl 2022 Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK