Inquilab Logo

وارنر کی نصف سنچری، آسٹریلیا کی لنکا پر فتح

Updated: October 30, 2021, 1:50 PM IST | Agency | Dubai

کنگارو ٹیم نے لنکن ٹائیگرس کو ۷؍وکٹ سے روند دیا ۔ورلڈ کپ میں دوسری فتح

David Warner .Picture:INN
ڈیوڈ وارنر۔ تصویر: آئی این این

زبردست اوپنر ڈیوڈ وارنر (۶۵؍رن) کی  فارم میں شاندار واپسی کے بعد آسٹریلیا نے جمعرات کی رات آئی سی سی ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے گروپ ون کے یکطرفہ میچ میں سری لنکا کو ۷؍ وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔ سری لنکا نے آسٹریلیا کے خلاف میچ میں ۲۰؍ اوورس میں ۶؍ وکٹ پر۱۵۴؍رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا لیکن اس کے گیند باز اس اسکور کا دفاع نہ کر سکے اور آسٹریلیا نے۱۷؍ اوورس میں ۳؍ وکٹ پر۱۵۵؍ رن  پر آسان کامیابی  حاصل کی۔ وارنر نے۴۲؍ گیندوں پر ۶۵؍ رن کی اپنی اننگز میں۱۰؍ چوکے لگائے۔  وارنر نے پہلے وکٹ کے لیے۶ء۵؍ اوورس میں ۷۰؍ رن جوڑے اور ساتھی اوپنر اور کپتان ایرون فنچ کی جانب سے۳۷؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا نے ایک بار پھر۱۰؍ رن کے فرق سے ۲؍ وکٹ گنوا دیئے۔ فنچ نے ۲۳؍ گیندوں میں ۵؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے۳۷؍ رن بنائے۔ گلین میکسویل ۶؍ گیندوں پر ۵؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ وارنر نے اس کے بعد اسٹیون اسمتھ کے ساتھ تیسرے وکٹ کیلئے ۵۰؍ رن کی اہم شراکت کرکے آسٹریلیا کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔ وارنر کو داسن شاناکا نے آؤٹ کیا۔  وارنر کا وکٹ۱۳۰؍رن کے اسکور پر گری  لیکن اسمتھ نے مارکس اسٹوئنس کے ساتھ مل کر آسٹریلیا کو۱۷؍ اوورس میں۱۸؍ گیندیں باقی رہ کر فتح تک پہنچا دیا۔ اسمتھ نے۲۶؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ۲۸؍ رن میں ایک چوکا لگایا جبکہ اسٹوئنس نے صرف ۷؍ گیندوں پر ۲؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ۱۶؍ رن بنائے۔ اس سے قبل سری لنکا کی جانب سے اوپنر کشال پریرا نے۲۵؍ گیندوں پر ۴؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۳۵؍ رن بنائے، چریت اسالنکا نے۲۷؍ گیندوں پر ۴؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۳۵؍ رن بنائے، بھانوکا راجا پاکسے نے۲۶؍ گیندوں پر ۴؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۳۳؍ رن بنائے اور کپتان داسن شناکا نے۱۹؍گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے۱۲؍ رن بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مشیل  اسٹارک، پیٹ کمنس اور ایڈم زمپا نے ۲۔۲؍ وکٹ لئے۔ زمپا کو۱۲؍رن کے عوض۲؍ وکٹوں کی بہترین کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔ میچ کے بعد ایرون فنچ نے کہا کہ ہم اس ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرنے کے ارادے سے کھیل رہے ہیں اور امید ہے کہ ہم اگلے میچو ںمیں بھی فتح پائیں گے۔ میری کوشش یہی ہے کہ سبھی کھلاڑی اچھا کھیلیں اور حریف ٹیموں پر فتح پائیں ۔ انہوںنے ڈیوڈ وارنر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وارنر ایک اچھے بلے باز ہیں اور جب وہ جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کرتے ہیں ہمارے لئے آسانی پیدا ہوجاتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK