سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی ۲۰؍ میچ میں۲؍ رن سے جیت کے بعدٹیم انڈیا کے کپتان نے کہاکہ ہم میچ ہار بھی سکتےتھےلیکن یہ ٹھیک ہوا
EPAPER
Updated: January 05, 2023, 11:56 AM IST | Mumbai
سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی ۲۰؍ میچ میں۲؍ رن سے جیت کے بعدٹیم انڈیا کے کپتان نے کہاکہ ہم میچ ہار بھی سکتےتھےلیکن یہ ٹھیک ہوا
تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی ٹوینٹی میں سری لنکا کے خلاف ہندوستان کی شاندار جیت کے بعد ہندوستان کے اسٹینڈ ان کپتان ہاردک پانڈیا نے کچھ حیران کن بیانات دیئے ہیں۔ ہاردک پانڈیا نے ٹی ٹوینٹی ٹیم کی کپتانی روہت شرما، سابق کپتان وراٹ کوہلی اور کے ایل راہل جیسے بڑے کھلاڑیوں کی غیر موجودگی میں کپتانی کی۔ پہلے ٹی ۲۰؍ میچ میں ہندوستان نے ایشیا کپ کی فاتح سری لنکا کو وانکھیڈے اسٹیڈیم میں۲؍ رن سے شکست دے دی۔ میچ آخری گیند تک سنسنی خیز رہا۔
پانڈیا نے بولنگ اٹیک کا آغاز کیا جبکہ نوجوان شیوم ماوی نے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے سری لنکا کے ۴؍ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور۲۲؍ رن دئیے۔ تاہم، جب سری لنکا کو آخری اوور میں۱۳؍ رن درکار تھے، ہاردک پانڈیا نے خود گیند بازی نہ کرتے ہوئے اکشر پٹیل کو ذمہ داری دی۔ ٹیم انڈیا نے سنسنی خیز انداز میں یہ میچ۲؍ رن سے جیت لیا۔ جب پانڈیا سے اکشر کو آخری اوور کرانے کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے حیران کن وجہ بتائی۔
انہوں نے کہاکہ ہم میچ ہار سکتے تھے، لیکن یہ ٹھیک ہے۔ میں اس ٹیم کو مشکل حالات میں ڈالنا چاہتا ہوں کیونکہ اس سے ہمیں بڑے کھیل میں مدد ملے گی۔ ہم دو طرفہ میچوں میں بہت اچھے ہیں اور اسی طرح ہم خود کو چیلنج دینا چاہتے ہیں۔ سچ پوچھیں تو آج تمام نوجوان کھلاڑیوں نے ہمیں اس صورتحال سے نکالا۔ اسپنر اکشر نے آخری اوور میں۱۳؍ رن کا دفاع کیا اور ٹیم انڈیا نے زبردست جیت کے ساتھ سیریز میں ایک -صفر کی برتری حاصل کر لی۔
آل راؤنڈر اکشر(۳۱) کے ساتھ مڈل آرڈر بلے باز دیپک ہڈا (۴۱) نے دھواں دھار بلے بازی کی ۔ ان دونوں کے بل بوتے پر ہندوستان۲۰؍ اووروں میں۵؍ وکٹو ں پر۱۶۲؍ رن تک پہنچا سکا۔ کپتان پانڈیا نے بھی تیز گیند باز ماوی کی تعریف کی جنہوں نے وانکھیڈے میں بین الاقوامی سطح پر ڈیبو کرتے ہوئے سری لنکا کی ۴؍ وکٹیں اڑا دیں۔ عمران ملک اور ہرشل پٹیل نے بھی دو دووکٹیں حاصل کیں۔
ہاردک پانڈیا نے ماوی کے بارے میں کہا’’ میں نے انہیں آئی پی ایل میں اچھی گیند بازی کرتے دیکھا ہے اور میں جانتا ہوں کہ اس کی طاقت کیا ہے۔ میں نے کہا بس خود کو سمجھو اور رن کی فکر نہ کرو۔ صرف بولنگ پرتوجہ دو ۔ میں تمہارا ساتھ دے رہا ہوں۔ اگر یہ صورتحال رہی تو میں نئی گیند لوں گا۔‘‘پانڈیا اور کمپنی جمعرات کو پونے کے مہاراشٹر کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں دوسرے ٹی ٹوینٹی میں داسن شناکا کی قیادت والی ٹیم سے مقابلہ کریں گے۔
شیوم ماوی کی جارحانہ گیند بازی اور دیپک ہڈا اور اکشر پٹیل کی دھماکہ خیز بلے بازی کی بدولت ٹیم انڈیا نے سری لنکا کو وانکھیڈے میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوینٹی میں۲؍رن سے شکست دے دی۔ اس میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم نے۲۰؍ اووروں میں ۵؍وکٹوں کے نقصان پر ۱۶۲؍ رن بنائے تھے۔ جواب میں سری لنکن ٹیم مقررہ اوورز میں ۱۶۰؍ رنز بنا سکی۔ ہندوستان کیلئے ڈیبو کرنے والے شیوم ماوی نے سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کیں۔ اور اسپیڈ اسٹار عمران ملک نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
چمیکا کرونارتنے نے میچ کا رخ تقریباً سری لنکا کے حق میں موڑ دیا تھا لیکن اکشر پٹیل نے آخری اوور میں سمجھ بوجھ کے ساتھ گیند بازی کی اور ٹیم انڈیا کو آخری گیند پر فتح دلائی۔ کرونارتنے نے۱۶؍ گیندوں میں دوسکسروں کی مدد سے۲۳؍ رن بنائے لیکن وہ اپنی ٹیم کو جیت دلا نہیں سکے۔