Inquilab Logo Happiest Places to Work

صارفین آن لائن ایل پی جی سلنڈر بک کریں، ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی کوئی کمی نہیں

Updated: March 15, 2026, 9:38 PM IST | New Delhi

پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت نے کہا کہ ہندوستان پیٹرول اور ڈیزل کی پیداوار میں خود کفیل ہے اور ملک کی تمام ریفائنریاں گھریلو مانگ کو پورا کرنے کے لیے اعلیٰ صلاحیت پر کام کر رہی ہیں، اس لیے کسی قسم کے ایندھن کی درآمد کی ضرورت نہیں ہے۔

LPG Shortage.Photo:INN
ایل پی جی کی قلت۔ تصویر:آئی این این

پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت نے اتوار کو کہا کہ ہندوستان پیٹرول اور ڈیزل کی پیداوار میں خود کفیل ہے اور ملک کی تمام ریفائنریاں گھریلو مانگ کو پورا کرنے کے لیے اعلیٰ صلاحیت پر کام کر رہی ہیں، اس لیے کسی قسم کے ایندھن کی درآمد کی ضرورت نہیں ہے۔وزارت نے یہ بھی کہا کہ ملک میں خام تیل کا مناسب ذخیرہ برقرار رکھا جا رہا ہے۔ پیٹرول اور ڈیزل کی باقاعدہ سپلائی کے باعث انڈین آئل، بھارت پیٹرولیم اور ہندوستان پیٹرولیم جیسی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ریٹیل آؤٹ لیٹس پر ایندھن کی کمی کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:سرفراز احمد کا بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان


وزارت نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گھبراہٹ میں خریداری نہ کریں کیونکہ پورے ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ حکومت گھریلو استعمال اور ترجیحی شعبوں جیسے اسپتالوں اور تعلیمی اداروں میں ایل پی جی کی فراہمی کو برقرار رکھنے کو ترجیح دے رہی ہے۔وزارت کے مطابق شہریوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ حکومت گھروں اور ضروری شعبوں کے لیے ایل پی جی کی مناسب دستیابی برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ ایل پی جی سلنڈر کئی ڈجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے بک کیے جا سکتے ہیں، جن میں آئی وی آر ایس کال، ایس ایم ایس بکنگ، واٹس ایپ بکنگ اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی موبائل ایپلی کیشنز شامل ہیں۔آئل مارکیٹنگ کمپنیاں بھی ڈجیٹل بکنگ کو فروغ دے رہی ہیں، گھبراہٹ میں بکنگ کرنے سے منع کر رہی ہیں اور سپلائی کو ہموار رکھنے کے لیے اتوار کے دن بھی ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کے دفاتر کھلے رکھ رہی ہیں۔ وزارت نے صارفین سے درخواست کی ہے کہ وہ گھبراہٹ میں بکنگ نہ کریں، ڈجیٹل بکنگ پلیٹ فارمز کا استعمال کریں اور ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کے پاس غیر ضروری طور پر جانے سے گریز کریں۔ موجودہ جغرافیائی و سیاسی صورتحال کے پیش نظر ایل پی جی سپلائی کی نگرانی جاری ہے۔ ایل پی جی بکنگ میں کمی دیکھی گئی ہے، جمعہ کو ۸ء۸۸؍لاکھ بکنگ کے مقابلے میں ہفتہ کو تقریباً ۷۷؍ لاکھ بکنگ درج کی گئیں۔ آن لائن ایل پی جی سلنڈر بکنگ ۸۴؍ فیصد سے بڑھ کر تقریباً ۸۷؍ فیصد ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ذاکر خان کا اسپتال سے ویڈیو وائرل، اسپتال گاؤن میں نظر آئے کامیڈین

بیان کے مطابق ترجیحی شعبوں کو گیس کی محفوظ سپلائی جاری ہے، جس میں پی این جی اور سی این جی کی ۱۰۰؍ فیصد فراہمی شامل ہے، جبکہ صنعتی اور تجارتی صارفین کو سپلائی تقریباً ۸۰؍فیصد تک محدود کی جا رہی ہے۔ وزارت نے کہا کہ بڑے شہروں اور شہری علاقوں میں تجارتی ایل پی جی صارفین کو پی این جی کنکشن اختیار کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے اور وہ ای میل، خط یا سٹی گیس ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے کسٹمر پورٹل کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK