تیسرے ٹی۔۲۰؍میچ میں ونڈیز نے ۶؍وکٹوں سے کامیابی حاصل کی،کپتان ہیلی میتھیوز کی آل راؤنڈ کارکردگی۔
EPAPER
Updated: June 25, 2025, 1:18 PM IST | Agency | New Delhi
تیسرے ٹی۔۲۰؍میچ میں ونڈیز نے ۶؍وکٹوں سے کامیابی حاصل کی،کپتان ہیلی میتھیوز کی آل راؤنڈ کارکردگی۔
کپتان ہیلی میتھیوز (۶۵؍رن/ایک وکٹ) کی شاندار کارکردگی کی بدولت ویسٹ انڈیز نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقہ کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز نے ۳؍ میچوں کی سیریز بھی دو ایک سے اپنے نام کر لی۔
جنوبی افریقہ کے ۱۴۸؍رنوں کا تعاقب کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کا آغاز اچھا نہیں رہا اور اس نے ۳۲؍ رنوں پر ۲؍ وکٹیں گنوا دیں۔ کیانا جوزف۶؍ اور ریلیانا گریمونڈ ۵؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ بلے بازی کرنے آئیں شمین کیمبل نے کپتان ہیلی میتھیوز کے ساتھ اننگز کو سنبھالا اور تیسری وکٹ کیلئے۸۲؍ رنوں کی شراکت کرکے ٹیم کو ف جیت کی دہلیز پر پہنچا یا۔ ۱۶؍ویں اوور میں ماریزان کپ نے اپنی ہی گیند پر شمین کیمبل کو کیچ آؤٹ کرکے اس شراکت داری کا خاتمہ کردیا۔ کیمبل نے ۳۸؍گیندوں میں ۲؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے (۴۲) رن بنائے۔ ۱۸؍ویں اوور میں سن لوئس نے ہیلی میتھیوز کو بولڈ کرکے ویسٹ انڈیز کو بڑا جھٹکا دیا۔ ہیلی میتھیوز نے ۵۰؍گیندوں میں ۹؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۶۵؍رن بنائے۔ شینیل ہنری ۲۰؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ ویسٹ انڈیز نے ۱۸ء۳؍اوور میں ۴؍ وکٹوں پر ۱۴۸؍رن بنا کر۶؍ وکٹوں سے میچ اور سیریز جیت لی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ماریزان کپ نے ۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔ میچ میں ۶۵؍رن بنانے اور ایک وکٹ لینے والی ہیلی میتھیوز کو `پلیئر آف دی میچ اور سیریز میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر `پلیئر آف دی سیریز سے نوازا گیا۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ بلے بازی کرنے اتری جنوبی افریقہ نے ۶؍ وکٹوں کے نقصان پر ۱۴۷؍رن بنائے۔ کپتان لارا وولفارٹ نے ۲۸؍، تیجمن برٹس نے ۲۰؍اور سن لوس نے ۱۳؍ رن بنائے۔ میان اسمٹ نے ۳۸؍گیندوں میں ۷؍ چوکے اور ایک چھکا لگاتے ہوئے ۵۹؍رنوں کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ این ڈی کلارک ۵؍ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہیں۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کرشمہ رامہراک اور ایفی فلیچر نے ۲۔ ۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔ ایس ہیکٹر اور ہیلی میتھیوز نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔