نتیش کمار ریڈی، شیوم دوبے، واشنگٹن سندر اور اکشر پٹیل کے ناموں پر اجیت اگرکر کی قیادت میں سلیکٹرس غور کررہے ہیں، جلد ہی ٹیم انڈیا کا اعلان متوقع۔
EPAPER
Updated: August 17, 2025, 11:06 AM IST | New Delhi
نتیش کمار ریڈی، شیوم دوبے، واشنگٹن سندر اور اکشر پٹیل کے ناموں پر اجیت اگرکر کی قیادت میں سلیکٹرس غور کررہے ہیں، جلد ہی ٹیم انڈیا کا اعلان متوقع۔
ایشیاء کپ ٹی ٹوینٹی فارمیٹ میں اگلے ماہ کھیلا جانے والا ہے۔ ٹی ٹوینٹی کرکٹ کو آل راؤنڈرز کا کھیل کہا جاتا ہے۔ ٹیم میں جتنے زیادہ آل راؤنڈر ہوں گے وہ ٹیم اتنا ہی بہترین مظاہرہ کرے گی۔ رویندر جڈیجہ کی ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد ہاردک پانڈیا ٹیم کے اہم آل راؤنڈر کے کردار میں ہیں، لیکن ان کے ساتھ دیگر آل راؤنڈرز کی بھی موجودگی بھی ضرور ی ہے۔ ٹیم انڈیا کےسلیکٹروں کو ایسے بہت سے آل رائونڈرس پر غور کرنا ہے جنہوں نے آئی پی ایل میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اپنا دعویٰ مضبوط کیا ہے۔
ہاردک پانڈیا: ہاردک ٹیسٹ ٹیم کا حصہ نہیں ہیں، لیکن انہوں نے یک روزہ اور ٹی ٹوینٹی میں خود کو ثابت کیا ہے۔ وہ ان دونوں فارمیٹس میں مسلسل کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے فائنل میں ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ایسی صورتحال میں وہ آل راؤنڈرس میں پہلی پسند ہوں گے۔
نتیش کمار ریڈی: نتیش کمار ریڈی کی بات کریں تو انہوں نے گزشتہ دو سیزن میں کھیل کر ہندوستانی ٹیم میں ایک اہم مقام قائم کیا ہے۔ انہوں نے آسٹریلیا کے اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر ٹیسٹ میں سنچری بنائی۔ تاہم آئی پی ایل کا پچھلا سیزن ان کے لیے اچھا نہیں تھا۔ انہوں نے ۱۳؍میچوں میں صرف ۱۸۲؍ رنز ہی بنائے جبکہ گیندبازی میں بھی انہوں نےصرف دو وکٹیں حاصل کیں۔ ریڈی کی جارحانہ بلے بازی ہندوستانی ٹیم کے نچلے مڈل آرڈر میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، لیکن یہ دیکھنا ہوگاکہ سلیکٹرز ان پر بھروسہ کرتے ہیں یا نہیں۔
شیوم دوبے: شیوم دوبے کا ٹیم میں آنا فطری ہے، کیونکہ وہ پچھلی ٹی ۲۰؍ سیریز میں ٹیم کا حصہ رہے ہیں، لیکن کیا انہیں ریڈی پر ترجیح دی جائے گی، یہ دیکھنا باقی ہے۔
واشنگٹن سندر: روی چندرن اشون کے جانے کے بعد واشنگٹن سندر کو ان کے متبادل کے طور پر دیکھا جا تا رہا ہے۔ وہ ٹیم میں رہیں گے یا نہیں یہ کہنا مشکل ہے لیکن اگر ٹیم آل راؤنڈرس کے ساتھ جاتی ہے تو انہیں جگہ مل سکتی ہے۔ ویسے بھی حالیہ دورہ انگلینڈ میں ان کی کارکردگی شاندار رہی تھی۔
اکشر پٹیل: جڈیجہ کے ریٹائرمنٹ کے بعد اور دہلی کیپٹلز کے کپتان بننے کے بعد اکشر ایسے کھلاڑی بن گئے ہیں جو کسی بھی ٹیم میں جگہ پا سکتے ہیں۔