Inquilab Logo Happiest Places to Work

وکٹ کیپر بلے باز کےایل راہل کیلئےکون دے گا قربانی!

Updated: September 08, 2023, 11:42 AM IST | Abhishek Tripathi | Mumbai

پاکستان کیخلاف سپر۔۴؍ مقابلے کیلئے ایشان ،شبھمن اور سریش ایر میں سے کسی ایک کو باہر کیا جا سکتا ہے۔

KL Rahul. Photo. INN
کےایل راہل۔ تصویر:آئی این این

زخمی ہونے کے سبب ٹیم سے باہر رہنے والے وکٹ کیپر بلے باز کے ایل راہل طویل عرصہ بعد گزشتہ روز کولمبو میں ہندوستانی ٹیم میں شامل ہوئے۔ انہوں نےجم میں ورزش کی اور راہل کا ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے لکھا’’ `گراؤنڈ پر ٹکرانے کیلئے تیار ہیں ۔‘‘ ایشیا کپ میں ہندوستان کا اگلا میچ سپر ۔۴؍مرحلے میں روایتی حریف پاکستان کے خلاف ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ کے ایل راہل کے آنے کے بعد ان کےلئے قربانی کون دے گا؟
پاکستان کے خلاف لیگ میچ میں مشکل حالات میں نصف سنچری اسکور کرنے والے وکٹ کیپر ایشان کشن، انجری سے واپس آنے والے شریاس ایر اور نیپال کے خلاف گزشتہ میچ میں ناقابل شکست نصف سنچری بنانے والے اوپنر شبھمن گل کی جگہ اب خطرے میں ہیں کیونکہ پرانے ریکارڈزبتاتے ہیں کہ کوچ راہل ڈراوڑ اپنے نام کے کھلاڑی کو کھلانے کیلئے کسی نہ کسی کھلاڑی کی جگہ لے لیتے ہیں ۔ یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ کوچ اور ٹیم کے کپتان راہل پر کتنا اعتماد کرتے ہیں ۔ ٹیم انتظامیہ کو لگتا ہے کہ وہ مڈل آرڈر میں بھی کھیل سکتے ہیں ، وہ نہ صرف اوپننگ کرتے ہیں بلکہ وکٹ کیپنگ بھی کرتے ہیں ۔ زخمی ہونے کے باوجود انہیں ایشیا کپ کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا حالانکہ کوچ اور کپتان دونوں جانتے تھے کہ راہل افتتاحی میچ میں نہیں کھیلیں گے۔ یہی نہیں کرناٹک کے وکٹ کیپر بلے باز کو ایک دن پہلے اعلان کردہ ورلڈ کپ اسکواڈ میں بھی شامل کیا گیا ہے۔
 کے ایل راہل بطور وکٹ کیپر ٹیم مینجمنٹ کی پہلی پسند ہیں ۔ ایسے میں پاکستان کے خلاف گزشتہ میچ میں ۸۲؍رنوں کی شاندار اننگز کھیلنے والے ایشان کشن کو بلے باز کے طور پر کھلایا جا سکتا ہے۔ اب اگر ایشان اور راہل دونوں کھیلتے ہیں تو شریاس ایر کو باہر بٹھایا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ رواں سال کے آئی پی ایل کے دوران راہل کو ہیمسٹرنگ انجری کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد انہیں ۴؍ ماہ سے زیادہ وقت تک میدان سے باہر رہنا پڑا ۔ لندن میں ان کی سرجری ہوئی جس کے بعد انہوں نے بنگلور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں بحالی سے قبل کچھ دن آرام کیا۔  ایشیا کپ کے اسکواڈ کے لئے منتخب ہونے سے پہلےراہل نیٹ میں واپس آ گئے تھے اور بلے بازی کی مشق کر رہے تھے۔ تاہم جس دن ہندوستان کو سری لنکا میں ٹورنامنٹ کے لئے روانہ ہونا تھا ہیڈ کوچ راہل ڈراوڑ نے بتایا کہ کے ایل راہل اب بھی این سی اے میں رہیں گے اور وہ میڈیکل ٹیم کی منظوری کے بعد ہی سری لنکا میں ہندوستانی ٹیم کو جوائن کریں گے۔ اب راہل ٹیم میں شامل ہو گئے ہیں اور شائقین کے ساتھ ساتھ ٹیم کو بھی ان کے بلے سے رنوں کی امید ہو گی لیکن یہاں یہ دیکھنا کافی دلچسپ ہوگا کہ انہیں آخری۱۱؍میں شامل کرنے کیلئے کس کھلاڑی کی قربانی دی جاتی ہے۔
 کے ایل راہل کے تجربہ کو دیکھتے ہوئے پاکستان کےخلاف اعصاب شکن مقابلے میں انہیں ترجیح دی جاسکتی ہے لیکن یہ بات بھی اپنی جگہ صحیح ہے کہ وہ کافی دنوں بعد میدان پر اتریں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK