• Thu, 19 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹیسٹ اننگز میں وکٹ کیپر لٹن داس نے آٹھ شکار کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

Updated: November 18, 2026, 9:53 PM IST | New Delhi

بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر بلے باز لٹن داس نے ٹیسٹ اننگز میں سب سے زیادہ آٹھ شکار کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف جاری جوہانسبرگ ٹیسٹ میں کگیسو ربادا کو اسٹمپ آؤٹ کرتے ہی انہوں نے یہ کارنامہ انجام دیا اور اس سے قبل پانچ وکٹ کیپرز کے مشترکہ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔

Litton Das.Photo:INN
لٹن داس۔ تصویر:آئی این این

بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر بلے باز لٹن داس نے ٹیسٹ اننگز میں سب سے زیادہ آٹھ شکار کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف جاری جوہانسبرگ ٹیسٹ میں کگیسو ربادا کو اسٹمپ آؤٹ کرتے ہی انہوں نے یہ کارنامہ انجام دیا اور اس سے قبل پانچ وکٹ کیپرز کے مشترکہ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔اس سے پہلے یہ ریکارڈ وسیم باری، باب ٹیلر، ایان اسمتھ، رڈلی جیکبز اور جوشوا ڈی سلوا کے نام تھا۔ ڈی سلوا نے ۲۰۲۳ء میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے:علی فضل نصیرالدین شاہ کے ساتھ بی بی سی کی نئی سیریز میں مرکزی کردار ادا کریں گے

بنگلہ دیش کی پہلی اننگز میں سنچری بنانے اور آٹھ شکار کرنے کے ساتھ ہی لٹن نے ایک منفرد کلب میں بھی جگہ بنا لی۔ اس سے قبل ڈینس لنڈسے (۱۹۶۶ء) اور اے بی ڈی ویلیئرز (۲۰۱۳ء) نے سنچری بنانے کے ساتھ ایک اننگز میں چھ شکار کیے تھے۔ اتفاق سے یہ دونوں کارنامے بھی جوہانسبرگ میں ہی انجام دیے گئے تھے۔ تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک لٹن چھ کیچ لے چکے تھے۔ انہوں نے ایڈن مارکرم، زبیر حمزہ، مائیکل بریٹزکے، ویان ملڈر، مارکو یانسن اور سائمن ہارمر کے کیچ پکڑے تھے۔ اس کے بعد چوتھے دن انہوں نے ریان ریکلٹن اور ربادا کو اسٹمپ آؤٹ کیا۔

یہ بھی پڑھئے:انگلینڈ نے آسٹریلیا کو ۹۷؍ رن سے شکست دے کر سیریزجیت لی

اس سے قبل لٹن نے ۱۷۹؍ گیندوں پر۱۴؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۱۲۰؍ رن بنائے تھے۔ ان کی اننگز میں توحید ہردوئے کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے  ۲۰۶؍ رن کی شراکت بھی شامل تھی۔ اس کی بدولت بنگلہ دیش نے جنوبی افریقہ کے خلاف اپنا سب سے بڑا اسکور  ۴۰۰؍ رن بنایا۔ گزشتہ ماہ افغانستان کے خلاف پورے ٹیسٹ میچ میں لٹن نے نو شکار کیے تھے اور سنچری کے ساتھ نصف سنچری بھی بنائی تھی۔ وہ کسی ٹیسٹ میچ میں یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے وکٹ کیپر بنے تھے۔ اس کارکردگی پر انہیں پلیئر آف دی میچ بھی منتخب کیا گیا تھا۔ لٹن بنگلہ دیش کی ون ڈے اور ٹی ۲۰؍ ٹیم کے کپتان بھی ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے زیادہ شکار کرنے والے وکٹ کیپرز کی فہرست میں بھی وہ کافی آگے ہیں۔ لٹن اب تک ٹیسٹ میں ۱۵۴؍ شکار کر چکے ہیں، جبکہ مشفق الرحیم کے نام  ۱۱۳؍شکار درج ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK