Updated: July 07, 2026, 10:59 AM IST
|
Agency
| London
کیرولینا نے دفاعی چمپئن باربوراکریسی کوا اور اوساکا نے سابق چمپئن آرینا سبالینکا کو شکست دے دی۔
اوساکا۔ تصویر:آئی این این
چیک جمہوریہ کی مایہ ناز ٹینس کھلاڑی کیرولینا موچووا نے اپنی ہم وطن اور دفاعی چمپئن باربورا کریسی کووا کو ایک سخت مقابلے میں شکست دے کر تیسری بار ومبلڈن کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ کریسی کووا اس ٹورنامنٹ کے ڈرا میں واحد سابق ومبلڈن چمپئن بچی تھیں اور ان کے باہر ہونے سے اب یہ مکمل طور پر طے ہو گیا ہے کہ اس ہفتے ومبلڈن کو پہلی بار ایک بالکل نئی ویمنز سنگلز چمپئن ملے گی۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے ناؤمی اوساکا نے سابق چمپئن آریانا سبالینکا کو ہراکر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا تھا۔ مسلسل ۱۰؍ویں ٹورنامنٹ میں ومبلڈن ویمنز سنگلز کا تاج کسی نئے سر پر سجے گا۔
ابتدائی سیٹ میں دونوں کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی بریک پوائنٹس بچائے۔ بارہویں گیم تک مقابلہ برابر رہا، لیکن موچووا نےپہلے سیٹ پوائنٹ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے ۵۔۷؍سے جیت لیا۔ دوسرے سیٹ میں موچووا نے ۲۔۵؍کی مضبوط برتری حاصل کر لی تھی اور وہ فتح کے قریب دکھ رہی تھیں۔ تاہم، کریسی کووا نے ہار ماننے کے بجائے مسلسل ۵؍گیمز جیت کر دوسرا سیٹ ۵۔۷؍سے اپنے نام کیا اور میچ کو فیصلہ کن سیٹ میں پہنچا دیا۔
تیسرے سیٹ میں موچووا نے دوبارہ میچ پر گرفت مضبوط کی۔ اور ۴۔ایک کی برتری حاصل کر لی۔ آخر میں کریسی کووا جسمانی تھکن کا شکار نظر آئیں اور موچووا نے ۲؍گھنٹے ۴۵؍منٹ کے طویل مقابلے کے بعد میچ جیت لیا۔
اوساکا نے سبالینکا کو شکست دے دی
جاپان کی ٹینس اسٹار ناؤمی اوساکا نے ایک سنسنی خیز مقابلے میں ٹاپ سیڈ آرینا سبالینکا کو سیدھےسیٹ میں۲۔۶،۶۔۷؍سےشکست دیکر پہلی مرتبہ ومبلڈن کے کوارٹر فائنل میں کوالیفائی کر لیا ہے۔جاپانی اسٹار نے شروعاتی بریک پوائنٹ پر شاندار ان سائیڈ آؤٹ بیک ہینڈ ونر لگاتے ہوئے پہلے سیٹ میں دوایک کی برتری حاصل کی اور پھر سبالینکا کو واپسی کا موقع نہیں دیا۔ دوسرے سیٹ کے ٹائی بریکر میں بیلاروس کی سبالینکا کی پے در پے غلطیوں کا اوساکا نے پورا فائدہ اٹھایا۔ واضح رہے کہ سبالینکا اور اوساکا دونوں ہی ۴۔۴؍گرینڈ سلیم خطابات جیت چکی ہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ان دونوں کے تمام بڑے خطاب ہارڈ کورٹ (آسٹریلین اوپن اور یو ایس اوپن) پر آئے ہیں۔کوارٹر فائنل میں اب ناؤمی اوساکا کا مقابلہ کیرولینا موچووا سے ہوگا۔
سنر اور جوکووچ بھی جیتے
اٹلی کے نامور ٹینس اسٹار،دفاعی چمپئن یانک سنر اور سربیا کے شہرت یافتہ ٹینس اسٹار اورمجموعی طور پر ۲۴؍ ویں گرینڈ سلیم ٹائٹلز کے فاتح نوواک جوکووچ ومبلڈن اوپن ٹینس میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئے ۔ یانک سنر نے مینز سنگلز پری کوارٹر فائنل میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جاپان کے حریف کھلاڑی شنتارو موچیزوکی کو ٹائی بریک پر سیدھے سیٹ میں۳۔۶،۶۔۷،۳۔۶؍ سے شکست دے کر کوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ایک اور میچ میں ۳۹؍سالہ سربیا کے ٹینس اسٹار اورمجموعی طور پر ۲۴؍ ویں گرینڈ سلیم خطاب کے فاتح نوواک جوکووچ نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے چوتھے رائونڈ میچ میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے روسی حریف کھلاڑی رومن ریشاتوچ صافیولن کو۶۔۷،۳۔۶،۶۔۳،۳۔۶؍ سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
راجر فیڈرر کا ریکارڈ توڑ دیا
اس جیت کے ساتھ وواک جوکووچ نے نے ومبلڈن میں مردوں کے سنگلز مقابلوں میں سب سے زیادہ فتوحات کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ ۳۹؍سالہ جوکووچ کی یہ ومبلڈن میں۱۰۶؍ ویں فتح ہے اور سابق ٹینس اسٹار راجر فیڈرر کا ریکارڈ توڑ دیا جنہوں نے ومبلڈن میں ۱۰۵؍ فتوحات حاصل کر رکھی ہیں۔خواتین کے مقابلوں میں صرف مارٹینا نوراتیلووا ۱۲۰؍فتوحات کے ساتھ ان سے آگے ہیں۔