Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہیزل ووڈ کے سامنے ونڈیز بلے بازوں نے گھٹنے ٹیک دیئے

Updated: June 29, 2025, 11:05 AM IST | Bridgetown

مہمان ٹیم آسٹریلیا نے پہلا ٹیسٹ ۱۵۹؍رن سے جیت لیا۔ ہیزل ووڈ نے ۵؍وکٹ لینے میں کامیابی حاصل کی

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

جوش ہیزل ووڈ (۵؍ وکٹ) اور ناتھن لاین (۲؍ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن ویسٹ انڈیز کو دوسری اننگز میں ۱۴۱؍ رن پر ڈھیر کر کے میچ۱۵۹؍ رن سے جیت لیا۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا ۳؍ میچوں کی سیریز میں ۰۔ ۱؍ سے آگے ہو گیا ہے۔ 
آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں ۴؍ وکٹ پر ۹۲؍ رن کے اسکور سے کھیل شروع کیا۔ ٹریوس ہیڈ اور بیو ویبسٹر کی جوڑی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۵؍ویں وکٹ کیلئے ۱۰۲؍ رن کی شراکت قائم کی اور آسٹریلیا کو بحران سے نکالا۔ شمر جوزف نے ٹریوس ہیڈ (۶۱؍رن) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ اس کے بعد بلے بازی کے لیے آنے والے ایلکس کیری نے بیو ویبسٹر کا بھرپور ساتھ دیا۔ بیو ویبسٹر (۶۳؍رن) کو شمر جوزف نے وکٹ کیپر شائی ہوپ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔ پیٹ کمنس (۵؍رن)، مشیل اسٹارک (۱۶؍رن) اور جوش ہیزل ووڈ (۱۳؍رن) کو بھی جوزف نے آؤٹ کیا۔ ایلکس کیری (۶۵؍رن ) کو روسٹن چیز نے آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا کی ٹیم نے دوسری اننگز میں ۳۱۰؍ رن کا اسکور بنایا اور ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے ۳۰۱؍ رن کا ہدف دیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جوزف نے۲۵ء۵؍ اوورس میں ۸۷؍ رن دے کر ۵؍ وکٹ لیے۔ الزاری جوزف کو ۲؍ وکٹ ملے۔ جیڈن سیلز، جسٹن گریوز اور روسٹن چیز نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 
اس کے بعد بلے بازی کے لئے اتری ویسٹ انڈیز کی شروعات انتہائی خراب رہی اور اس نے اپنے پہلے وکٹ صرف ۴؍ رن پر گنوا دی۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیےآئے کیسی کارٹی نے جان کیمپ بیل کے ساتھ اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ ان دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسرے وکٹ کے لیے ۴۳؍ رن کی شراکت ہوئی۔ دونوں بلے باز جوش ہیزل ووڈ کا شکار بنے۔ کیسی کارٹی (۲۰) اور جان کیمپ بیل۲۳؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ برینڈن کنگ (صفر) اور روسٹن چیز (۲) کو بھی ہیزل ووڈ نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد وقفے وقفے سے ویسٹ انڈیز کے وکٹ گرتے رہے۔ ایک موقع پر جسٹن گریوز اور شمر جوزف نے ۹؍ویں وکٹ کے لیے ۵۵؍ رن کی شراکت کر کے امیدیں جگائیں، لیکن ناتھن لاین نے شمر جوزف (۴۴) کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ اس کے بعد لاین نے جیڈن سیلز (صفر) کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز کا۳۳ء۴؍ اوورس میں ۱۴۱؍رن پر اختتام کیا اور میچ۱۵۹؍ رن سے جیت لیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے ۱۲؍اوور میں ۴۳؍ رن دے کر ۵؍ وکٹ لیے۔ ناتھن لاین نے۲ء۴؍ اوور میں ۲۰؍ رن دے کر دو وکٹ حاصل کیے۔ مشیل اسٹارک اور پیٹ کمنس نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK