• Tue, 08 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ویمنز ایشیا کپ: نشرح سندھو نے ۷؍ رنز دے کر۶؍ وکٹ لئے، پاکستان سیمی فائنل میں

Updated: September 08, 2026, 9:04 PM IST | Dubai

پاکستان نے ویمنز ایشیا کپ ۲۰۲۶ء کے ۱۱؍ویں مقابلے میں ہانگ کانگ، چین کو ۷۲؍ رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ پاکستان کی اسپنر نشرح سندھو نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۴؍اوورز میں صرف ۷؍رنز دے کر ۶؍وکٹ حاصل کئے۔

Pakistani Team.Photo:X
پاکستانی ٹیم۔ تصویر:ایکس

پاکستان نے ویمنز ایشیا کپ ۲۰۲۶ء کے ۱۱؍ویں مقابلے میں ہانگ کانگ، چین کو ۷۲؍ رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ پاکستان کی اسپنر نشرح سندھو نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۴؍اوورز میں صرف ۷؍رنز دے کر ۶؍وکٹ حاصل کئے۔ اس کارکردگی کے ساتھ وہ ٹی۲۰؍انٹرنیشنل کرکٹ کے ایک میچ میں ۶؍ وکٹ لینے والی پاکستان کی پہلی خاتون کرکٹر بن گئیں۔


پاکستانی ٹیم اب ۱۱؍ ستمبر کو سری لنکا کے خلاف سیمی فائنل ۲؍کھیلے گی  جبکہ سیمی فائنل ایک میں ۱۰؍ ستمبر کو ہندوستان  کا مقابلہ بنگلہ دیش اور متحدہ عرب امارات کے میچ کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ ۲۰؍ اوورز میں ۸؍ وکٹوں کے نقصان پر ۱۴۳؍ رنز بنائے۔ شوال ذوالفقار نے منیبہ علی کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا اور پہلے وکٹ کے لیے ۱۷؍ گیندوں پر ۲۳؍ رنز جوڑے۔


منیبہ علی ۶؍ رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، جس کے بعد شوال ذوالفقار نے گل فیروزہ کے ساتھ ۱۰؍ رنز اور عائشہ ظفر کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لیے ۳۴؍ گیندوں پر  ۴۷؍ رنز کی اہم شراکت داری کی۔ شوال نے۳۵؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں کی مدد سے۴۷؍ رنز بنائے، تاہم ان کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم نے تیزی سے وکٹ گنوائیں اور ۱۰۱؍ رنز تک پہنچتے پہنچتے اس کے ۶؍کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ ایسے وقت میں کپتان فاطمہ ثنا نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو  ۱۴۳؍ رنز تک پہنچایا۔ انہوں نے  طوبیٰ حسن کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لیے ۲۶؍ رنز کی شراکت داری کی۔ فاطمہ ثنا نے ۲۴؍ گیندوں پر ۲؍ چھکوں کی مدد سے۲۴؍ رنز بنائے۔

یہ بھی پڑھئے:آئی سی سی ٹی۲۰؍ رینکنگ: شری چَرنی نمبر وَن برقرار، دپتی شرما کو بڑا فائدہ

ہانگ کانگ کی جانب سے جوئلین کور نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے ۴؍ اوورز میں ۱۹؍ رنز دے کر ۴؍ وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اقرا سحر اور کیری چان نے ۲۔۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔۱۴۴؍ رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ، چین کی ٹیم ۱۹؍ اوورز میں صرف ۷۱؍ رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ ہانگ کانگ کو اننگز کے آغاز ہی میں شدید نقصان اٹھانا پڑا اور صرف ۱ء۱؍ اوورز میں اس کے ۲؍ وکٹیں گر گئیں، اس وقت ٹیم کے اسکور پر محض ایک رن تھا۔

یہ بھی پڑھئے:یش نے ’’رامائن‘‘ کے لیے۱۰۰؍ کروڑ روپے کی فیس مسترد کردی

اس کے بعد کیری چان نے ۳۰؍ رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے یاسمین داسوانی کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لیے ۴۴؍گیندوں پر ۳۱؍ رنز کی شراکت داری کرکے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن اس جوڑی کے ٹوٹنے کے بعد ہانگ کانگ کی وکٹیں مسلسل گرتی رہیں۔ہانگ کانگ نے ۵۵؍ رنز کے مجموعی اسکور تک ۹؍ وکٹیں گنوا دی تھیں۔ آخری وکٹ کے لیے رچیتا وینکٹیش نے جوئلین کور کے ساتھ ۱۶؍ رنز جوڑے، لیکن وہ شکست کے فرق کو کم کرنے میں کامیاب نہ ہوسکیں۔
پاکستان کی جانب سے نشرح سندھو نے صرف ۷؍رنز دے کر ۶؍ وکٹ حاصل کئے۔ فاطمہ ثنا، سعدیہ اقبال، امِ ہانی اور عائشہ ظفر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ نشرح کی اس تاریخی کارکردگی نے پاکستان کو نہ صرف ۷۲؍ رنز کی بڑی کامیابی دلائی بلکہ ٹیم کو ویمنز ایشیا کپ  ۲۰۲۶ءکے سیمی فائنل میں بھی پہنچا دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK