Inquilab Logo

خواتین پریمیر لیگ کا فائنل: ممبئی اور دہلی کے مابین دِلچسپ مقابلہ متوقع

Updated: March 26, 2023, 9:32 AM IST | Mumbai

ممبئی انڈینس کی ٹیم خواتین لیگ کے افتتاحی فائنل میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ دہلی کیپٹلس کی ٹیم بھی ٹرافی اٹھانے کیلئے پُرعزم

Women`s Premier League Final
خواتین پریمیر لیگ فائنل

کپتان ہرمن پریت کورکے خراب فارم کے باوجود ممبئی انڈینس ٹیم اتوار کو یہاں ویمنز پریمیر لیگ (ڈبلیو پی ایل) کے فائنل میں دہلی کیپٹلس کے خلاف خطاب جیتنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ ہندوستانی کپتان نے ٹورنامنٹ کے آغاز میں ۳؍ نصف سنچریاں اسکور کی تھیں لیکن وہ اپنے فارم کوبرقرار نہ رکھ سکیں۔ انہوں نے یوپی واریئرس کے خلاف ایلیمینیٹرمیں صرف۱۴؍ رن  بنائے۔ اس میچ میں نیٹ سیور برنٹ  نے شروع میں ملنے والے موقع کا فائدہ اٹھایا اور ناٹ آؤٹ ۷۲؍ رن  بنائے اور اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔
 اگر ممبئی کو فائنل میں بڑا اسکور کرنا ہے تو ہرمن پریت کو اچھی اننگز کھیلنی ہوگی جبکہ سیور برنٹ کو بھی اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔ آسٹریلیاکی تجربہ کار اور دہلی کی کپتان میگ لیننگ ممبئی کی کپتان کے خراب فارم کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گی۔ دہلی کیپٹلس نے آہستہ آہستہ رفتار پکڑی اور ممبئی کو پوائنٹس ٹیبل کے اوپر سے ہٹا دیا۔ لیننگ اور جنوبی افریقی آل راؤنڈر ماریجن کاپ نے اب تک بلے سے ان کیلئے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس کے باوجود ان دونوں ٹیموں میں سے کسی کو بھی فائنل میں فتح کی مضبوط دعویدار نہیں سمجھا جا سکتا۔
 دونوں ٹیموں کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے خطابی مقابلہ سنسنی خیز ہونے کا امکان ہے۔ دہلی اور ممبئی نے لیگ مرحلے میں ایک دوسرے کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کی تھی۔ ان دونوں ٹیموں نے لیگ مرحلے میں ایک جیسے۱۲؍پوائنٹس بنائے تھے لیکن دہلی کی ٹیم بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر ٹاپ پر رہی۔ فائنل بریبورن اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جہاں ممبئی نے اب تک اپنے تینوں میچ جیتے ہیں۔
 دہلی نے اس گراؤنڈ پر ۲؍ میچ جیتے جبکہ ایک میچ ہارا۔ ممبئی کیلئے اب تک سیور برنٹ نے بلے بازی اور گیند بازی میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں اب تک۲۷۲؍ رن بنانے کے علاوہ انہوں نے۱۰؍ وکٹ بھی حاصل کئے ہیں۔ ممبئی کے پاس ہیلی میتھیوز کا ایک اور کارآمد آل راؤنڈر ہے جس نے اب تک ۲۵۸؍ رن بنائے ہیں اور۱۳؍ وکٹ لئے ہیں۔
 یاستیکا بھاٹیا نے بلے بازی  میں جارحانہ رویہ اختیار کیا ہے۔ جہاں تک ممبئی کی گیندبازی کا تعلق ہے، ساعقہ اسحاق نے۱۵؍ وکٹ لے کر اپنی صلاحیت کا لوہا منوایا ہے۔ اس کے علاوہ ان کے پاس ایزابیل وونگ (۱۳؍ وکٹ) اور امیلیا کیر (۱۲) جیسی کارآمد گیند باز ہیں۔ دہلی کی کپتان لیننگ پہلا ڈبلیو پی ایل خطاب جیت کر ایک اور ٹرافی اپنے نام کرنا چاہیں گی۔ ان کی قیادت میں آسٹریلیا نے حال ہی میں جنوبی افریقہ میں ریکارڈ پانچویں مرتبہ  ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کا خطاب  جیتا ہے۔
 آسٹریلوی کپتان نے ڈبلیو پی ایل میں اب تک سب سے زیادہ۳۱۰؍ رن بنائے ہیں۔ ماریجن کاپ  اور ایلس کیپسی نے بھی دہلی کیلئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اگر اسے خطاب جیتنا ہے تو ہندوستانی کھلاڑی جیمائمہ روڈریگیز، شیفالی ورما، شیکھا پانڈے اور رادھا یادو کو اپنی ٹیم میں اچھی کارکردگی دکھانا ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK