ممبئی انڈینس کی ٹیم نے گجرات جائنٹس کو ۵۵؍رن سے شکست دی۔ ہرمن پریت کور کی ایک اور اچھی اننگز
کپتان ہرمن پریت کور (۵۱؍ رن) کی شاندار نصف سنچری کی بدولت ممبئی انڈینس نے منگل کو ویمنز پریمیر لیگ (ڈبلیو پی ایل) میں گجرات جائنٹس کو۵۵؍ رن سے شکست دے کر پلے آف میں اپنی جگہ بنالی۔
ممبئی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ ۲۰؍ اوورس میں۱۶۲؍رن بنائے جس کے جواب میں جائنٹس کی ٹیم ۹؍ وکٹ کے نقصان پر صرف ۱۰۷؍ رن تک ہی پہنچ سکی۔ جائنٹس نے پہلی اننگز کے بیشتر حصے میں سخت گیند بازی اور فیلڈنگ کے ساتھ اپنی گرفت مضبوط رکھی لیکن ہرمن پریت نے۵۱؍ رن کی اننگز کھیل کر ممبئی کو باعزت اسکور تک پہنچا دیا۔ ہرمن پریت نے اپنی ۳۰؍ گیند کی اننگز میں ۷؍ چوکے اور۲؍چھکے لگائے۔ اس کے علاوہ یاستیکا بھاٹیہ نے۳۷؍ گیندوں پر۵؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۴۴؍ رن بنائے جبکہ نیٹ سیور برنٹ نے ۳۱؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۳۶؍ رن بنائے۔
ممبئی کے گیند بازوں نے ٹورنامنٹ کے اب تک کے اپنے سب سے کم اسکور کا دفاع کرتے ہوئے کوئی غلطی نہیں کی۔ جائنٹس کے خاتمے کا آغاز اننگز کی پہلی گیند پر صوفیہ ڈنکلے کا وکٹ گرنے سے ہوا جو ۱۸؍ویں اوور میں تنوجا کنور کے آؤٹ ہونے پر ختم ہوئی۔ سیور برنٹ اور ہیلی میتھیوز نے ۳۔۳؍ وکٹ لے کر ممبئی کی اس بڑی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ امیلیا کار کو دو جبکہ آئسی وونگ نے ایک وکٹ حاصل کیا۔
اس جیت کے ساتھ ہی ممبئی نے ڈبلیو پی ایل کے پلے آف میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔ وہ ایسا کرنے والی پہلی ٹیم ہے۔ دہلی کیپٹلس ۵؍ میچوں میں ۸؍ پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرے جبکہ جائنٹس ۵؍ میچوں میں صرف ۲؍ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ جائنٹس نے ٹاس جیت کر گیندبازی کا انتخاب کیا اور ایشلے گارڈنر نے پہلے ہی اوور میں ہیلی میتھیوز کو صفر پر آؤٹ کر دیا۔ دھماکہ خیز اوپنر کا وکٹ گنوانے کے بعد ممبئی پاور پلے میں صرف۴۰؍ رن جوڑ سکی۔ یاستیکا اور سیور برنٹ نے ممبئی کی اننگز کو سنبھالا اور دوسرے وکٹ کیلئے۷۴؍رن جوڑے۔ کم گارتھ نے ۱۱؍ویں اوور کی آخری گیند پر سیور برنٹ کو آؤٹ کر کے شراکت کا خاتمہ کیا۔ رن ریٹ بڑھانے کی کوشش میں یاستیکا بھی ۷؍گیندوں کے بعد رن آؤٹ ہو گئیں۔اس جوڑی کے پویلین جانے کے بعد ہرمن پریت نے ممبئی کی اننگز کی ذمہ داری سنبھالی۔