ممبئی انڈینس نے ۴؍وکٹ سے کامیابی حاصل کرلی۔ پلیئر آف دی میچ امیلیا کیر نے آل راؤنڈ کارکردگی کامظاہرہ کیا۔ بنگلور کی چھٹی ہار
EPAPER
Updated: March 22, 2023, 12:20 PM IST | Mumbai
ممبئی انڈینس نے ۴؍وکٹ سے کامیابی حاصل کرلی۔ پلیئر آف دی میچ امیلیا کیر نے آل راؤنڈ کارکردگی کامظاہرہ کیا۔ بنگلور کی چھٹی ہار
امیلیا کیر (۳؍ وکٹ،۳۱؍ رن) کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت ممبئی انڈینس نے منگل کو ویمنز پریمیر لیگ (ڈبلیو پی ایل) میں رائل چیلنجرز بنگلور کو ۴؍ وکٹ سے شکست دے کر لیگ مرحلے کو خاتمہ کیا۔ ممبئی نے ٹاس جیت کر بولنگ کرتے ہوئے امیلیا کیر (۲۲/۳) کی بدولت بنگلور کو ۱۲۵؍ رن پر روک دیا۔ چھوٹے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہرمن پریت کور کی ٹیم ۶؍ وکٹ گنوا بیٹھی لیکن۱۶ء۳؍ اوور میں جیتنے میں کامیاب ہوگئی۔ گیند سے آر سی بی کی کمر توڑ دینے والی کیر نے۲۷؍ گیندوں پر ۴؍ چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ۳۱؍ رن بنا کر ممبئی کو ہدف تک پہنچا دیا۔ اس کے علاوہ یاستیکا بھاٹیہ نے۲۶؍ گیندوں پر۳۰؍ رن کی اننگز کھیلی۔
اس سے قبل ممبئی انڈینس نے امیلیا کیر کی قیادت میں گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت منگل کو ویمنز پریمیر لیگمیں رائل چیلنجرز بنگلور کو۱۲۵؍ رن پر روک دیا۔ہرمن پریت کور نے ٹاس جیت کر آر سی بی کو بلے بازی کی دعوت دی اور اوپنر سوفی ڈیوائن پہلے ہی اوور میں رن آؤٹ ہو گئیں۔ کپتان اسمرتی مندھانا کچھ دیر تک ممبئی کی سخت گیند بازی کے سامنے ڈٹ گئیں لیکن پاور پلے ختم ہونے کے بعد وہ ۲۵؍ گیندوں پر ۲۴؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئیں۔ ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم کی سست پچ پر آر سی بی۱۰؍ اوور میں صرف۵۶؍ رن ہی جوڑ سکی۔ اگلے اوور میں ہیتھر نائٹ (۱۲؍رن) اننگز کی رفتار بڑھانے کی کوشش میں لانگ آن پر کیچ ہو گئیں۔ ایلیس پیری (۳۸؍گیندوں پر۲۹؍ رن) اور کنیکا آہوجا (۱۲؍رن) بھی کوئی خاص شراکت بنائے بغیر پویلین چلی گئیں، لیکن آخر میں رِچا گھوش کی دھماکہ خیز بلے بازی نے آر سی بی کو ایک باعزت اسکور تک پہنچا دیا۔ رِچا نے۱۳؍ گیندوں پر ۳؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے۲۹؍ رن بنائے اور گرتی ہوئی وکٹوں کے درمیان آر سی بی نے۱۹؍ اوور میں۷؍وکٹ پر۱۱۹؍رن تک پہنچا دیا۔ آئی ایس آئی وونگ نے آخری اوور میں صرف ۶؍ رن دے کر رِچا اور دیشا کیسٹ کے وکٹ لئے ۔ وونگ (۴؍ اوور، ۲۶؍ رن) اور نیٹ سیور برنٹ (۴؍ اوور، ۲۴؍ رن) نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے، جبکہ صاعقہ (۴؍ اوور،۳۱؍رن) نے ایک وکٹ حاصل کیا۔
دہلی کیپٹلس کی ۹؍ وکٹ سےفتح
گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت دہلی کیپٹلس نے ویمنز پریمیر لیگ (ڈبلیو پی ایل) میں پیر کو ممبئی انڈینس کو ۹؍ وکٹ سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ ممبئی نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے۱۰۹؍ رن بنائے۔ کیپٹلس نے میگ لیننگ، شیفالی ورما اور ایلیس کیپسی کی تیزبلے بازی کی بنیاد پر ۱۱۰؍ رن کا ہدف ۹؍ اوورس میں حاصل کر لیا۔اوپنر شیفالی نے پہلے ہی اوور میں ممبئی کی بولنگ کو بے اثر کرتے ہوئے ۱۵؍ گیندوں پر۶؍چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۳۳؍ رن بنائے جبکہ ان کی ساتھی لیننگ نے۲۲؍ گیندوں پر۴؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۳۲؍ رن بنائے۔ کیپسی نے آخر میں آتشیں بلے بازی کرتے ہوئے۱۷؍ گیندوں پر ایک چوکے اور۵؍ چھکوں کی مدد سے ۳۸؍ رن بنائے۔لیننگ نے اس میچ میں بھی اچھی بلے بازی کی تھی۔