Inquilab Logo

ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ : خاتون ٹیم انڈیا کی بلے بازی کی خامیاں دورکرنے کی کوشش

Updated: February 29, 2020, 2:26 PM IST | Agency | Melbourne

سنیچرکو یہاں آئی سی سی ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف گروپ اے کے آخری لیگ میچ میں ہندوستانی خواتین کی کرکٹ ٹیم بلے بازی کی خامیوں پردور کرنے کی کوشش کرے گی۔

ہندوستان کی خاتون کھلاڑی جیت کیلئے پُر عزم ہیں ۔ تصویر : پی ٹی آئی
ہندوستان کی خاتون کھلاڑی جیت کیلئے پُر عزم ہیں ۔ تصویر : پی ٹی آئی

  میلبورن : سنیچرکو یہاں آئی سی سی ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف گروپ اے کے آخری لیگ میچ میں ہندوستانی خواتین کی کرکٹ ٹیم بلے بازی کی خامیوں پردور کرنے کی کوشش کرے گی۔ ہندوستانی ٹیم عمدہ فارم میں ہے۔ اس نے دفاعی چمپئن آسٹریلیا ، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ دوسری جانب سری لنکا  ۲؍ شکست کے بعد سیمی فائنل کی دوڑ سے باہرہو گیا ہے۔
  ہندوستان نے آسٹریلیا کو۱۷؍ رن اور بنگلہ دیش کو۱۸؍رن سے شکست دی جبکہ جمعرات کو اس نے نیوزی لینڈ کیخلاف ۳؍ رن سے قریبی کامیابی حاصل کی۔ ایسی صورت میں ہرمنپریت کور کی سربراہی میں ٹیم اعتماد کے ساتھ گروپ کے فائنل میچ میں داخل ہوگی لیکن ہندوستانیوں کیلئے کچھ شعبے ایسے ہیں جن  میں کچھ کمیاں ہیں اور  وہ آگے کے مشکل مقابلوں سے قبل ان پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔ ہندوستان پہلے ۳؍ میچوں میں بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہا تھا۔ وہ آسٹریلیا کے خلاف ۱۳۲ ، بنگلہ دیش کے خلاف۱۴۲؍رن اور نیوزی لینڈ کے خلاف۱۳۳؍ رن بنانے میں کامیاب رہا۔
 ہندوستانی مڈل آرڈر کسی بھی میچ میں اچھی شروعات کا فائدہ نہیں اٹھاسکاہے اور ٹیم زیادہ اسکور کرنے میں ناکام رہی ہے تاہم تینوں میچوں میںگیندبازوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ہندوستان کوجتایا۔ بلے بازی  میں ہندوستان نے اب تک۱۶؍سالہ شیفالی ورما پر انحصار کیا ہے لیکن مڈل آرڈر کی ناکامی ہندوستان کو مشکل میں ڈال سکتی ہے۔ ہرمنپریت اور ویدا کرشنا مورتی جیسی تجربہ کار بلے بازوں کو اب ذمہ داری نبھانی ہوگی۔ اوپنر اسمرتی مندھانا نے بھی اب تک کوئی بڑی اننگز نہیں کھیلی۔
  شیفالی ورمانے اب تک ۳؍ میچوں میں ۱۱۴؍ رن بنائے ہیں لیکن کوئی نصف سنچری نہیں  بنائی ہے۔ اسے اچھی شروعات کو بڑے اسکور میں تبدیل کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ ہندوستانی ٹیم کی کپتان ہرمنپریت کور بھی اپنے بلے بازوں کی ناکامی سے مایوس ہیں جو اچھی شروعات کا فائدہ نہیں اٹھا سکی تھیں۔ انہوں نے بلے بازوں سے کہا کہ وہ ناک آؤٹ مرحلے سے قبل ایسی بچکانہ غلطیوں سے گریز کریں۔
 انہوں نے کہا ’’اب سخت میچ ہوں گے اور ہم بچکانہ غلطیاں نہیں کرسکتے ہیں۔ شیفالی ہمیں ایک اچھی شروعات فراہم کر رہی ہے۔ اس کے ابتدائی رن ہمارے لئے بہت اہم ہیں  تاہم  ہندوستانی بولنگ متاثر کن رہی ہے۔ لیگ اسپنر پونم یادو نے اب تک ۸؍ وکٹ  لئے جن میں آسٹریلیاکے خلاف۱۹؍ رن پر۴؍ وکٹ کی میچ فاتحانہ کارکردگی بھی شامل ہے۔ راجیشوری گائیکواڈ، دپتی شرما اور نوجوان فاسٹ بولر شکھا پانڈے نے ان کا  اچھا  تعاون دیا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK