• Mon, 13 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ویمنز ورلڈ کپ : دفاعی چمپئن آسٹریلیا نے ہندوستان کو ۳؍وکٹوں سے شکست دی

Updated: October 12, 2025, 11:48 PM IST | Vishakhapatnam

ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ میں میزبان ہندوستان کو مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ آسٹریلیا کی جانب سے کپتان ایلسا ہیلی نے شاندار ۱۴۲؍ رن کی فاتحانہ اننگز کھیلی جبکہ ایلس پیری نے آخر میں۴۷؍ رنز بنا کر ٹیم کو کامیابی دلا دی۔

Healy.Photo:PTI
ایلیسا ہیلی۔ تصویر:پی ٹی آئی

ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ میں میزبان ہندوستان کو مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔  آسٹریلیا کی جانب سے کپتان ایلسا ہیلی نے شاندار ۱۴۲؍ رن کی فاتحانہ اننگز کھیلی جبکہ ایلس پیری نے آخر میں۴۷؍ رنز بنا کر ٹیم کو کامیابی دلا دی۔ بولنگ میں اینیبل سدرلینڈ نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے صرف۴۰؍ رنزکے عوض۵؍ وکٹ حاصل کئے۔  ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے۳۳۰؍ رنز بنائے، جس کے جواب میں آسٹریلیا نے۴۹؍ اوورز میں ۷؍ وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔ 
 ہندوستان کی جانب سے اسمرتی مندھانا نے۸۰؍ اور پرتیکا راول نے۷۵؍ رن بنائے۔ بولنگ میں شری چرن نے۳؍ وکٹ حاصل کئے جبکہ دپتی شرما اور امن جوت کور نے۲۔۲؍ وکٹ لیں۔  یہ ویمنز ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا کامیاب ہدف کا تعاقب تھا۔ آسٹریلیا نے سری لنکا کا۲۰۲۴ءمیں جنوبی افریقہ کے خلاف بنایا گیا ۳۰۵؍ رن کا ریکارڈ توڑ دیا۔ یہ ہندوستان کے خلاف کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا ہدف حاصل کرنے والا میچ بھی ثابت ہوا۔

 
 ۳۳۱؍رن کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی کپتان الیسا ہیلی اور فیب لِچ فیلڈ نے اننگز کا شاندار آغاز کیا۔ ہندوستان کی جانب سے امن جوت کور نے پہلا اوور کروایا جس میں ۷؍ رن بنے۔ دونوں اوپنرز نے پراعتماد آغاز کیا اور ابتدائی ۴؍ اوورز میں بغیر نقصان کے۱۶؍رن جوڑ لیے۔ اگلے دو اوورز میں مزید۱۷؍ رن بناتے ہوئے اسکور۳۳؍رن  تک پہنچا دیا۔  آٹھویں اوور میں آسٹریلیا نے اپنی نصف سنچری مکمل کر لی۔ کپتان الیسا ہیلی نے کرانتی گوڑ کے اوور کی پہلی دو گیندوں پر۱۰؍ رن لے کر ٹیم کے ۵۰؍رن پورے کئے۔ اسی اوور سے مجموعی طور پر ۱۹؍رنز حاصل ہوئے۔ پاور پلے کے اختتام پر آسٹریلیا نے بغیر نقصان کے۸۲؍ رنز بنا لیے تھے، جو شاندار آغاز تھا۔ 
۱۲؍ویں اوور میں ہندوستان کو پہلی کامیابی ملی جب فیب لِچ فیلڈ ۳۹؍ گیندوں پر۴۰؍ رنز بنا کر اسنیہا رانا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئیں۔ جلد ہی۱۴؍ویں اوور میں ہیلی نے صرف۳۵؍ گیندوں پر نصف سنچری مکمل کر لی۔ یہ ورلڈ کپ میں تیز ترین ففٹی ثابت ہوئی۔ ۱۵؍ویں اوور میں ٹیم نے۱۰۰؍ رنز کا ہندسہ عبور کیا، جبکہ ۲۱؍ویں اوور میں ہیلی اور ایلیس پیری کے درمیان نصف سنچری شراکت مکمل ہوئی۔ تاہم ۲۴؍ ویں اوور میں پیری۳۲؍ رن بنا کر ہیمسٹرنگ کی تکلیف کے باعث ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئیں۔۲۷؍ ویں اوور میں جمیما روڈریگز نے شاندار ڈائیونگ کیچ لے کر ہندوستان کو دوسرا وکٹ دلایا، جب کہ۲۸؍ ویں اوور میں انابیل سدرلینڈ بغیر کوئی رن بنائے بولڈ ہو گئیں۔  کپتان الیسا ہیلی نے۳۱؍ویں اوور میں۸۴؍ گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی - بطور کپتان ان کی یہ پہلی ون ڈے سنچری تھی ۔ اسی اوور میں آسٹریلیا۲۰۰؍ رنز کے پار پہنچ گیا۔ 
 ۳۸؍ویں اوور میں ہیلی نے اسنیہا رانا کی گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کو ۲۵۰؍رن  کے ہندسے تک پہنچا دیا۔ تاہم ۳۹؍ویں اوور میں وہ۱۳۳؍ رن کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہو گئیں۔ ۴۱؍ویں اوور میں ہندوستان کو پانچواں وکٹ ملا جب تالیہ میک گرا ایل بی ڈبلیو قرار پائیں۔ دپتی شرما کی اپیل پہلے مسترد ہوئی، مگر ریویو پر فیصلہ ہندوستان کے حق میں گیا۔  ہیلی کی کپتانی اننگز نے آسٹریلیا کو مضبوط بنیاد فراہم کر دی، اور ٹیم ہدف کے قریب پہنچ گئی تھی۔آسٹریلیا کو ۴۵؍ویں اوور میں چھٹا جھٹکا اس وقت لگا، جب امن جوت کور نے شاندار ان سویِنگ گیند پر ایشلی گارڈنر کو بولڈ کر دیا۔ گارڈنر دفاعی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں گیند کو مس کر گئیں اور ان کے اسٹمپس بکھر گئے۔ انہوں نے ۴۵؍ رنز کی اہم اننگز کھیلی۔  گارڈنر کے آؤٹ ہونے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہونے والی ایلس پیری دوبارہ میدان میں بیٹنگ کے لیے واپس آئیں۔ اس سے قبل وہ زخمی ہو کر۱۶؍ رنز پر پویلین لوٹ گئی تھیں۔ 
اس سے قبل ہندوستانی بلے بازوں کی عمدہ کارکردگی کے بدولت ویمنز ورلڈ کپ کے اہم میچ میں ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف۳۳۱؍ رن کا بڑا  ہدف دیا۔ رن مزید اسکورہو سکتے تھےلیکن آسٹریلیا نے آخری اوورس میں اینابیلا سدرلینڈ (۵؍ وکٹ) اور سوفی مولینیو (۳؍ وکٹوں) کی شاندار گیند بازی کی بدولت  ہندوستان کو۳۳۰؍رن  تک محدود کردیا۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرتے ہوئے  ہندوستانی اوپننگ جوڑی پرتیکا راول اور اسمرتی مندھانا نے اچھی شروعات کی، پہلی وکٹ کے لیے۱۵۵؍ رن کی سنچری شراکت داری قائم کرتے ہوئے، ایک بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔۲۵؍ ویں اوور میں سوفی مولینیو نے اسمرتی مندھانا کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو پہلا جھٹکا دیا، جو سنچری کے راستے پر تھیں۔ اسمرتی مندھانا نے ۶۶؍ گیندوں پر۹؍ چوکے اور ۳؍ چھکے لگا کر ۸۰؍ رن بنائے۔ اس کے بعد اینابیلا سدرلینڈ نے۳۱؍ویں اوور میں پرتیکا راول کو۷۵؍ رنز پر آؤٹ کیا۔ راول نے اپنی اننگز میں ۱۰؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ کپتان ہرمن پریت کور (۲۲)، ہرلین دیول (۳۸)، جمائمہ روڈریگس (۳۳)، ریچا گھوش (۳۲) اور امنجوت کور۱۶۔۱۶؍ رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ سدرلینڈ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے ہندوستان کو۵ء۴۸؍ اوورز میں ۳۳۰؍ رنز تک محدود کردیا۔ 
آسٹریلیا کی جانب سے اینابیلا سدرلینڈ نے ۵؍ وکٹیں حاصل کیں۔ سوفی مولینو نے ۳؍ وکٹیں حاصل کیں۔ میگن شٹ اور ایشلے گارڈنر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK