• Tue, 15 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

خواتین اور مردوں کی ہاکی ٹیموں نے یوم آزادی کی مبارکباددی

Updated: August 15, 2022, 12:16 PM IST | Agency | New Delhi

مردوں کی ہاکی کی ٹیم کے کپتان ہرمن پریت سنگھ نے کہا: ہمارے لئے یہ اور بھی خاص ہے کیونکہ یہ ہماری آزادی کی ۷۵؍ ویں سالگرہ ہے

Men`s and women`s hockey teams that have participated in the Commonwealth Games.Picture:INN
مردوں اور خواتین کی ہاکی ٹیمیں جنہوں نے دولت مشترکہ کھیلوں میں شرکت کی ۔ تصویر:آئی این این

 ہندوستانی خواتین اور مردوں کی ہاکی ٹیموں نے ہندوستان کی آزادی کے ۷۵؍سال مکمل ہونے سے ایک دن قبل اتوار کو قوم کے نام کچھ دلی پیغام بھیجے۔ ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم کے کپتان من پریت سنگھ نے ہم وطنوں کو یوم آزادی کی بہت بہت مبارکباد دیتے ہوئے کہا ’’میں اپنے ملک کے تمام شہریوں کو یوم آزادی کی بہت بہت مبارکباد دینا چاہوں گا۔ یہ ہمارے لئے  اور بھی خاص ہے کیونکہ یہ ہماری آزادی کی  ۷۵؍ ویں سالگرہ  ہے۔ ہم نے بحیثیت قوم اور خاص طور پر کھیلوں کے میدان میں ایک طویل سفر طے کیا ہے۔ ہم صحیح سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔‘‘ ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کی کپتان سویتا نے بھی اپنے ہم وطنوں کو آزادی کے امرت مہوتسو پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’آزادی کے ۷۵؍سال مکمل کرنا ہمارے لئے بڑے اعزاز اور فخر کی بات ہے۔ میں تمام ہندوستانیوں کو یوم آزادی کی بہت بہت مبارکباد پیش کرتی ہوں۔  مجھے امیدہے کہ آپ اس دن کا لطف اٹھائیں اور یہ بھی دیکھیں کہ ہم کتنی دور آگئے ہیں۔ ہم نے گزشتہ برسوں میں کھیلوں میں بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہم یہاں سے مزید مضبوط ہونے جارہے ہیں۔‘‘ دریں اثنا، مردوں کی ٹیم کے ڈیفینڈر ہرمن پریت سنگھ نے کہا ’’گزشتہ برسوں میں ایک قوم کے طور پر ہماری ترقی کو دیکھنا بالکل شاندار رہا ہے۔ میں یہ دیکھنے کیلئے منتظر ہوں کہ ہم مستقبل میں کتنی دور جا سکتے ہیں۔ ہمارے پاس ہر شعبے میں جو  پختہ عزم ہے وہ بے مثال ہے۔  میں ہندوستان کے تمام شہریوں کو یوم آزادی کی بہت بہت مبارکباد پیش کرتا ہوں اور آنے والے چیلنجوں کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔ مردوں کی ٹیم کے گول کیپر پی آر شری جیش نے کہا ’’اپنے ملک کیلئے کھیلنے سے بڑا کوئی فخر نہیں ہے اور اس لئے یوم آزادی میرے لئے ہمیشہ خاص ہوتا ہے۔ ہمارے ملک کے شہریوں نے ہندوستان کو تمام شعبوں میں بلندیوں پر لے جانے کیلئے انتھک محنت کی ہے۔  اس سفر کا ایک چھوٹا سا حصہ بننا واقعی بہت اچھا رہا ہے۔ میں اس یوم آزادی پر سب کو مبارکباد دیتا ہوں۔‘‘ خواتین کی ٹیم کی فارورڈ وندنا کٹاریہ نے بھی انہیں جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’یہ ہم سب کیلئے ایک خاص دن ہے کیونکہ ہندوستان کی آزادی کے۷۵؍ سال مکمل ہو رہے ہیں۔ مجھے ہمیشہ اس بات پر فخرہے کہ ہمارے ملک نے گزشتہ برسوں میں جو ترقی کی ہے۔ ہماری ترقی غیرمعمولی رہی ہے۔ کھیل کے میدان پر بھی اور مجھے امید ہے کہ ہم آنے والے برسوں میں ایک قوم کے طور پر ترقی کرتے رہیں گے۔‘‘ دریں اثنا خواتین کی ٹیم کی مڈفیلڈر سلیمہ ٹیٹے نے کہا ’’میرے تمام ہم وطنوں کویوم آزادی کی بہت بہت مبارکباد۔ ہم نے گزشتہ ۷۵؍ برسوں میں ایک قوم کے طور پر ترقی کی ہے اور ہمیں اپنے ملک کو مزید بڑا بنانے کیلئے سخت محنت کرنا ہوگی۔ ہم نے گزشتہ برسوں میں خاص طور پر کھیلوں کے میدان میں ترقی کی ہے۔ اپنے ملک کے ساتھ اس خوبصورت سفر کا حصہ بننا بہت اچھا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK