Inquilab Logo

خواتین کرکٹ ٹیم ایشیاڈ کے فائنل میں داخل

Updated: September 25, 2023, 11:48 AM IST | Agency | Hangzhou

ایشین گیمز کے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو ۸؍وکٹ سے شکست دے دی۔ بنگلہ دیشی ٹیم ۵۱؍رن پر ڈھیر ۔ پوجا وستراکر نے ۴؍وکٹ لئے۔

Bowler Pooja Vastrakar took 4 wickets against Bangladesh. Photo: INN
گیندبازپوجا وستراکر نے بنگلہ دیش کے خلاف ۴؍وکٹ لئے۔ تصویر:آئی این این

ایشین گیمز میں ہندوستان نے خاتون کرکٹ ٹی۲۰؍ میچ اتوار کو بنگلہ دیش کو ۲؍ وکٹ پر۵۲؍ رن بنا کر جیت لیا۔ اس کی وجہ سے ہندوستان فائنل میں پہنچ گیا ہے جہاں اس کا مقابلہ پیر کوسری لنکا سے ہوگا۔
 اتوارکی صبح بنگلہ دیش نے ژی جیانگ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے پنگفینگ کرکٹ گراؤنڈ پر ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور وہ ۱۷ء۵؍ اوورس میں صرف۵۱؍ رن بنا سکی۔ ہندوستانی گیندباز پوجا وستراکر نے پہلے ہی اوور کی پہلی اور ۵؍ویں گیند پر بنگلہ دیشی ٹیم کو ۲؍ جھٹکے دے کر شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ پوجا وستراکر نے اپنے اسپیل کے تیسرے اوور میں شوبھنا مستاری کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو تیسری کامیابی دلائی۔ اس وقت بنگلہ دیش کا اسکور ۵؍ اوورس کے بعد۱۸؍ رن تھا۔ تیتاس سادھو نے بنگلہ دیش کے پاور پلے میں شورنا اختر کو کلین بولڈ کر کے بنگلہ دیش کو چوتھا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد ویدیا نے نگار سلطانہ کو۲۵؍ رن کے اسکور پر رن ​​آؤٹ کیا۔ بنگلہ دیش کی طرف سے فہیمہ خاتون ۸؍ویں اوور میں چھٹے وکٹ کے طور پر رن آؤٹ ہوئیں ۔ بنگلہ دیش کا ۷؍ویں وکٹ۳۳؍ رن کے اسکور پر گرا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے کپتان نگار سلطانہ نے سب سے زیادہ ۱۲؍ رن بنائے۔ اس کے علاوہ ان کی کوئی بھی بلے باز ڈبل فیگرس کو نہیں چھو سکی۔ ناہیدہ اختر ۹؍رن کے ساتھ ٹیم کی دوسری سب سے زیادہ اسکورر رہیں۔ ہندوستان کی طرف سے پوجا وستراکر نے سب سے زیادہ ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ تیتاس سادھو، امن جوت کور، راجیشوری گائیکواڑ اور دیویکا ویدیا نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔
 اس کے بعد۵۲؍ رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم بیٹنگ کے لئے آئی اور۸؍ اوورس اور ۵؍ گیندوں پر۵۲؍ رن بنا کر میچ جیت لیا۔ ہندوستان کی اس جیت کے ساتھ ہی اس کا کرکٹ میں ایشین گیمز کا پہلا تمغہ یقینی ہوگیا ہے۔ ہندوستان کی جانب سے جمیمہ روڈریگز۱۵؍ گیندوں پر۲۰؍ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہیں ۔ انہوں نے اپنی اننگز میں ۳؍ چوکے بھی لگائے۔ وہیں شیفالی ورما نے ۲۱؍ گیندوں پر۱۷؍ رن بنائے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں ۲؍ چوکے بھی لگائے۔ ہندوستان کا پہلا وکٹ اسمرتی مندھانا (۷) رن کی صورت میں گرا۔ مندھانا کو معروفہ اختر نے آؤٹ کیا۔ ہندوستان کا دوسرا وکٹ شیفالی ورما (۷) کے ذاتی اسکور پر گرا۔ جمیمہ روڈریگز نے ۹؍ویں اوور کی دوسری گیند پر فاتحانہ شاٹ لگا کر ہندوستان کو فائنل میں پہنچا دیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK