Updated: January 10, 2026, 2:35 PM IST
|
Agency
پہلے میچ میں ممبئی انڈینس نے رائل چیلنجرس بنگلور کیخلاف ۱۵۴؍ رن بنائے۔
ممبئی کی کپتان ہرمن پریت ٹاس اڑاتے ہوئے۔ بنگلور کی کپتان اسمرتی مندھانا نے ٹاس جیتا۔ تصویر: آئی این این
خواتین پریمیر لیگ (ڈبلیو پی ایل)۲۰۲۶ء کی رنگا رنگ شروعات نیرول کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں ہوئی۔ افتتاحی تقریب میں ۲۰۲۱ء کی مس یونیورس ہرناز سندھو، ہنی سنگھ اور جیکلین فرنانڈیز نے اپنی شاندار پرفارمنس پیش کی۔ رائل چیلنجرز بنگلور کی کپتان اسمرتی مندھانا نے افتتاحی میچ میں ممبئی انڈینس کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا، جس کے بعد شائقین کو تین معروف شخصیات کی دلکش پرفارمنس دیکھنے کو ملی۔
مس یونیورس ہرناز کور سندھو نے تقریب کا آغاز کیا اور کھیلوں میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شرکت کی تعریف کی۔ اس موقع پر انہوں نے خواتین کے حوصلے اور بااختیاری پر مبنی ایک متاثر کن خطاب بھی کیا۔بالی ووڈ اسٹار جیکلین فرنانڈیز نے اپنے رقص سے اسٹیڈیم میں موجود شائقین کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔ مقبول گانوں پر ان کے دلکش ڈانس نے حاضرین کو مسحور کر دیا۔ شائقین کے پسندیدہ ہنی سنگھ نے اپنی پرفارمنس سے تقریب کو یادگار بنادیا ۔ ان کی انٹری خاص رہی-وہ پہلے دونوں کپتانوں (ہرمَن پریت کور اور اسمرتی مندھانا) کے ساتھ ڈگ آؤٹ میں نظر آئے، پھر اچانک اسٹیج پر پہنچ کر اپنے سپر ہٹ گانوں سے پورے اسٹیڈیم کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔ اس کے بعد میچ کا آغاز ہوا جس میں ممبئی نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۱۵۴؍ رن بنائے۔ اخبار پریس میں جانے تک بنگلور کی اننگز شروع نہیں ہوئی تھی۔