• Tue, 09 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایشیا کپ جیت لیا، اب نگاہیں ہاکی ورلڈ کپ پر مرکوز

Updated: September 09, 2025, 12:49 PM IST | Agency | Rajgir

ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کپتان ہرمن پریت سنگھ نے ٹیم کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کپتان ہرمن پریت سنگھ نے ہیرو ایشیا کپ کا خطاب جیتنے کے بعد تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اب ہماری پوری توجہ ایف آئی ایچ مردوں کے ہاکی ورلڈ کپ پر مرکوز رہے گی۔
 ہرمن پریت سنگھ نے کہا تمام کھلاڑی جانتے تھے کہ ہمیں یہ میچ جیتنا ہے اور ہم نے خود سے کہا کہ ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے کا یہی واحد راستہ ہے۔ ایشیا کی نمبر ایک ٹیم کے طور پر  ٹورنامنٹ میں ہونے کے ساتھ ہم اپنی توقعات پر پورا اترنا چاہتے تھے۔ اگرچہ ہم نے اپنی توقعات کے مطابق آغاز نہیں کیا لیکن آخری ۳؍ میچوں میں ہم نے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ایک ٹیم کے طور پر میں اپنی کارکردگی سے بہت خوش ہوں۔ کوریا کے خلاف ٹیم کی کارکردگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے تجربہ کار ڈریگ فلکر نے کہا ہر میچ کچھ نہ کچھ سکھاتا ہے۔ کوریا کیخلاف ۲۔۲؍ سے ڈرا ایک ایسا دھچکا تھا جسے ہم فراموش کرنا چاہتے تھے اور ہم نے فائنل میں اس کا رخ موڑ دیا۔ میں خاص طور پر ٹیم کے دفاع کی تعریف کرنا چاہوں گا۔ ہر کھلاڑی نے مضبوط دفاع میں کردار ادا کیا۔ 
 ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ کریگ فلٹن نے کہا گرم حالات میں ۱۰؍دنوں میں ۷؍ میچ کھیلنا آسان نہیں ہے، یہ واقعی مشکل ہے، لیکن مجھے ٹیم پر فخر ہے اور وہ واقعی چمپئن کی طرح کھیلے ہیں۔ اگرچہ ہم نے کوریا کے ساتھ سپر۔۴؍ میں ڈرا کیا، ہمارے ان سے ۳؍ گنا زیادہ پوائنٹس تھے، ہم اس رات میچ ختم نہیں کرسکے، لیکن اس نے ہمیں فائنل کے لئے تیاری کرنے کا موقع فراہم کیا۔  ہمارے لئے ملائیشیا کے ساتھ میچ کوارٹر فائنل جیسا،چین کے ساتھ میچ ایک سیمی فائنل جیسا تھا اور اس میچ نے واقعی ہمیں دکھایا کہ ہم کیا کر سکتے ہیں۔
 فلٹن نے کہا ۲۰۲۶ء کے اوائل میں پرو لیگ سیزن شروع ہونے سے پہلے سلطان اذلان شاہ ٹورنامنٹ، جنوبی افریقہ کا دورہ اور پھر ہاکی انڈیا لیگ ہے۔ ہمارے پاس ورلڈ کپ کے لئے اچھی تیاری کے لئے ایک سال ہے، لیکن فی الحال ہم اس فتح کا بھرپور لطف اٹھائیں گے۔
  ہیڈ کوچ  فلٹن نے کہا کہ’’ میرے خیال میں آسٹریلیا کا دورہ واقعی اہم تھا۔ ہم پرو لیگ میں اچھا کھیل رہے تھے لیکن ہمیں نتائج نہیں ملے۔ واپس آ کر اپنا ٹریننگ کیمپ لگایا اور پھر آسٹریلیا گئے، وہاں اچھا مظاہرہ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK