Updated: July 21, 2026, 8:05 PM IST
| New Jersey
فیفا نے اسپین اور ارجنٹائنا کے درمیان کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے فائنل کے بعد پیش آنے والے پرتشدد واقعات کی باضابطہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ارجنٹائنا کے متعدد کھلاڑیوں پر اسپین کے کھلاڑیوں سے جھگڑے، ہاتھاپائی اور کھیل کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزامات ہیں۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد متعلقہ کھلاڑیوں اور ٹیم حکام کے خلاف جرمانے، معطلی یا دیگر تادیبی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
فیفا نے فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے فائنل کے اختتام پر اسپین اور ارجنٹائنا کے کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والی ہنگامہ آرائی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے باضابطہ تادیبی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ عالمی فٹبال تنظیم کے مطابق معاملے کا جائزہ فیفا ڈسپلنری کمیٹی اور متعلقہ حکام لے رہے ہیں تاکہ یہ طے کیا جا سکے کہ کن کھلاڑیوں یا آفیشلز نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔ نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں اسپین نے اضافی وقت میں فیران ٹوریس کے فیصلہ کن گول کی بدولت ارجنٹائنا کو 1-0 سے شکست دے کر اپنا دوسرا عالمی ٹائٹل جیت لیا۔ تاہم آخری سیٹی بجتے ہی میدان میں کشیدگی اس وقت بڑھ گئی جب ارجنٹائنا کے کھلاڑی لیاندرو پاریدیس اور ناہویل مولینا سمیت کئی افراد اسپین کے کھلاڑیوں کے ساتھ الجھ گئے۔
رپورٹس کے مطابق ہنگامے کا آغاز اس وقت ہوا جب ناہویل مولینا نے اسپین کے کپتان روڈری کے ساتھ جارحانہ رویہ اختیار کیا۔ اس کے بعد لیاندرو پاریدیس کی اسپین کے ایرک گارسیا اور گاوی کے ساتھ ہاتھاپائی ہوئی، جس سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ گئے۔ میچ کے دوران بھی ارجنٹائنا کو مشکلات کا سامنا رہا تھا کیونکہ اینزو فرنانڈیز کو دوسرے پیلے کارڈ کے بعد میدان سے باہر بھیج دیا گیا تھا۔ فیفا نے کہا ہے کہ تمام ویڈیوز، میچ آفیشلز کی رپورٹس اور دیگر شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اگر کسی کھلاڑی یا آفیشل کو قصوروار قرار دیا گیا تو اس کے خلاف معطلی، جرمانہ یا مستقبل کے بین الاقوامی مقابلوں سے پابندی سمیت مختلف تادیبی اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ تاہم فیفا نے ابھی تک کسی بھی ممکنہ سزا یا تحقیقات مکمل ہونے کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: فیفا ۲۶ء: فائنل کے بعد ارجنٹائنا کے ۲؍ کھلاڑیوں نے ٹرمپ سے مصافحہ نہیں کیا
یہ پہلا موقع نہیں کہ ارجنٹائنا کی ٹیم فیفا کی تحقیقات کی زد میں آئی ہو۔ اس سے قبل سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف کامیابی کے بعد ارجنٹائنا کے بعض کھلاڑیوں کی جانب سے سیاسی نوعیت کا بینر اٹھانے کے معاملے پر بھی فیفا نے الگ تحقیقات شروع کی تھیں۔ اب ورلڈ کپ فائنل کے بعد پیش آنے والے تشدد نے ارجنٹائنا کے لیے مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جبکہ عالمی فٹبال حلقے اس بات کے منتظر ہیں کہ فیفا اپنی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد کیا فیصلہ سناتا ہے۔