نوابوں کے شہر میںعالمی کپ ۲۰۲۳ء کے ۵؍ مقابلے ہوںگے،پہلا میچ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ۲۹؍اکتوبرکو کھیلا جائےگا
EPAPER
Updated: July 07, 2023, 4:34 PM IST | Vikas Mishra | Lucknow
نوابوں کے شہر میںعالمی کپ ۲۰۲۳ء کے ۵؍ مقابلے ہوںگے،پہلا میچ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ۲۹؍اکتوبرکو کھیلا جائےگا
ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ( بی سی سی آئی) اتر پردیش کے اٹل بہاری واجپئی ایکانا اسٹیڈیم کو کرکٹ کے ایک بڑے مرکز کے طور پر دیکھ رہا ہے۔ یہاں کا شاندار آؤٹ فیلڈ اور عالمی معیار کی سہولیات نے کئی سرکردہ کرکٹروں کو متاثر کیا ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ ایکانا نے گزشتہ ۵؍ برسوں میں کئی بین الاقوامی مقابلوں کی کامیابی سے میزبانی کی ہے۔ اب سب سے بڑی کامیابی اسٹیڈیم کے نام شامل ہونے جا رہی ہے۔ لکھنؤ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بارعالمی کپ کی میزبانی کرے گا۔ یہاں ایک دو نہیں بلکہ ۵؍ میچ کھیلے جائیں گے۔ ان میں ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان۲۹؍ اکتوبر کو ہونے والا ہائی وولٹیج میچ بھی شامل ہے۔
ایکانا کیلئے ۲۰۲۳ءبے حد خاص
ایکانا اسٹیڈیم کیلئے ۲۰۲۳ء بہت خاص رہا ہے۔سال کا آغاز ہندوستان اورنیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ۔۲۰؍ میچ کی میزبانی سے ہوا۔ نئی ٹیم لکھنؤ سپر جائنٹس نے ایکانا کو اپنا گھریلو میدان بنایا۔ لکھنؤ کو اس کا بڑا فائدہ ہوا اور گھریلو میدان ہونے کی وجہ سے ایکانا کو پہلی بار انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کی میزبانی کرنے کا موقع ملا۔ اس کے تحت یہاں ۷؍ میچ کھیلے گئے۔ کرکٹ شائقین کے لئے سب سے بڑی خبر جون میں آئی جب بی سی سی آئی نے عالمی کپ کے اپنے مقامات کی فہرست میں لکھنؤ کو ۵؍ میچ سونپ دئیے۔ ہندوستان۔ انگلینڈ میچ کے علاوہ آسٹریلیا جیسی مقبول ٹیم بھی یہاں ۲؍ میچ کھیلے گی۔
ایکانا کی فلڈ لائٹ بین الاقوامی معیار سے بہتر
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے معیار کے مطابق ڈے نائٹ میچ کے دوران پچ پر۳؍ہزار لکس (روشنی کی پیمائش کا ایک یونٹ) ہونا چاہیے جبکہ ایکانا اسٹیڈیم میں۳۵۰۰؍ لکس روشنی ہوگی۔ ۳۰؍ گز پر۲۵۰۰؍ لکس روشنی ہونی چاہئے جبکہ یہاں ۳۰۰۰؍ لکس ہوگی۔ آؤٹ فیلڈ میں۲۰۰۰؍ لکس روشنی ہونی چاہئے لیکن ایکانا میں۲۵۰۰؍ لکس روشنی ہے۔ اسٹیڈیم میں ۶؍ کھمبوں میں ۶۰۰؍ بلب لگائے گئے ہیں۔
ملک میں سب سے بہتر پانی کے نکاسی کا نظام
ایکانا اسٹیڈیم میں ملک کا بہترین بانی نکاسی کا نظام بنایا گیا ہے تاکہ بارش کی وجہ سے کسی میچ میں خلل نہ پڑے۔ میدان کے نیچے چاروں طرف پائپوں کا جال بچھا یاگیا ہے جہاں سے بارش کے فوراً بعد پانی نکل جاتا ہے۔ تیز بارش کے ایک گھنٹے اندر ہی ایکانا میں میچ کا انعقاد کرایا جاچکاہے۔