فٹبال کی تاریخ کے یادگار لمحات میں شامل لیونل میسی کے ہاتھوں میں نظر آنے والی فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کی نقل اب نیلامی کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔
EPAPER
Updated: October 15, 2026, 8:05 PM IST | New York
فٹبال کی تاریخ کے یادگار لمحات میں شامل لیونل میسی کے ہاتھوں میں نظر آنے والی فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کی نقل اب نیلامی کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔
فٹبال کی تاریخ کے یادگار لمحات میں شامل لیونل میسی کے ہاتھوں میں نظر آنے والی فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کی نقل اب نیلامی کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔ ارجنٹینا کی ۲۰۲۲ء فیفا ورلڈ کپ جیت کے بعد کھلاڑیوں کے جشن میں شامل رہنے والی اس یادگار کو امریکی نیلام گھر رچمنڈ آکشنز (Richmond Auctions) کی پہلی خصوصی کھیلوں کی یادگاری اشیا کی نیلامی میں پیش کیا جائے گا۔ یہ نیلامی ۷؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو منعقد ہوگی۔ خاص بات یہ ہے کہ یہ وہی نقل ہے جو قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں ارجنٹائنا کی تاریخی فتح کے بعد میدان میں کھلاڑیوں کے درمیان گردش کرتی رہی، اور جسے لیونل میسی نے بوسہ بھی دیا تھا۔ اس ٹرافی کو بعد میں بیونس آئرس کے نیشنل ہسٹوریکل میوزیم میں بھی نمائش کے لیے رکھا گیا۔
یہ بھی پڑھئے:پابندی کی دھمکی کے باوجود عزیز الشاعر کا ایک اور فلسطینی بچی کو خراجِ عقیدت
۱۸؍ دسمبر ۲۰۲۲ء کو قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں ارجنٹائنا اور فرانس کے درمیان فیفا ورلڈ کپ کا فائنل کھیلا گیا تھا۔ سنسنی خیز مقابلہ مقررہ وقت اور اضافی وقت کے بعد ۳۔۳؍ گول سے برابر رہا، جس کے بعد ارجنٹائنا نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں فرانس کو۲۔۴؍گول سے شکست دے کر عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس میچ میں لیونل میسی نے دو گول کیے، جبکہ فرانس کے کائیلیان ایمباپے نے ہیٹ ٹرک بنائی۔ ارجنٹائنا کی یہ کامیابی ۱۹۸۶ءکے بعد اس کا پہلا عالمی خطاب تھا اور میسی کے طویل فٹ بال کریئر کا ایک ناقابل فراموش لمحہ بن گئی۔ میچ کے بعد جشن کے دوران ٹرافی کی یہ نقل تقریباً ۴۵؍ منٹ تک ارجنٹائنا کے کھلاڑیوں کے درمیان گردش کرتی رہی۔ کھلاڑیوں نے اس پر دستخط بھی کیے، جبکہ تصاویر اور ویڈیوز میں اس کی موجودگی نے اسے تاریخی اہمیت دے دی۔
نیلامی میں ٹرافی کی نقل کے ساتھ لیونل میسی کا ایک خصوصی تجارتی کارڈ بھی اسی مجموعے میں شامل ہوگا۔ یہ ۲۰۲۲ءپینینی انسٹنٹ لیونل میسی نمبر ۱۱۸؍ فیفا ورلڈ کپ قطر کارڈ ہے، جسے پی ایس اے نے اعلیٰ ترین درجہ PSA 10 GEM MINT دیا ہے۔ اس کارڈ میں میسی کو اسی نقل کے ساتھ ارجنٹائنا کی فتح کا جشن مناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس طرح خریداروں کو ایک ہی نیلامی میں اس تاریخی لمحے سے وابستہ دو یادگار اشیا حاصل کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:’’کافی وِد کرن‘‘ سیزن ۹: سلمان خان اور کرشمہ کپور نے ۹۰ءکی دہائی کی یاد تازہ کردی
خیال رہے کہ نیلامی میں پیش کی جانے والی چیز فیفا ورلڈ کپ کی اصل ٹرافی نہیں بلکہ اس کی نقل ہے۔ اصل فیفا ورلڈ کپ ٹرافی فیفا کی تحویل میں رہتی ہے، جبکہ عالمی چیمپئن ٹیم کو جشن اور تقریب کے دوران اصل ٹرافی اٹھانے کے بعد اپنی یادگار کے طور پر ایک نقل دی جاتی ہے۔ رچمنڈ آکشنز نے بھی واضح کیا ہے کہ یہ نقل آزادانہ طور پر تیار کی گئی تھی اور نیلامی کا فیفا یا متعلقہ کھلاڑیوں سے کوئی سرکاری تعلق یا توثیق نہیں ہے۔
رچمنڈ آکشنز کی اس خصوصی نیلامی میں ٹرافی اور میسی کے کارڈ کے علاوہ کھیلوں کی دیگر نایاب اشیا بھی پیش کی جائیں گی۔ مجموعی طور پر ۳۶۴؍ اشیا شامل ہیں، جن میں بیس بال، باسکٹ بال اور امریکی فٹ بال سے متعلق یادگاری سامان اور دستخط شدہ اشیا بھی موجود ہیں۔ میسی کے مداحوں اور کھیلوں کی تاریخی یادگاریں جمع کرنے والوں کے لیے یہ نیلامی خاص توجہ کا مرکز بن سکتی ہے، کیونکہ اس میں ارجنٹائنا کی ۲۰۲۲ءورلڈ کپ فتح سے جڑی ایک نمایاں یادگار حاصل کرنے کا موقع موجود ہے۔