اوپننگ میں کھیلتے ہوئے بائیں ہاتھ کے بلے باز نے ۱۰۱؍ رن بنائے۔ شبھمن گل کی بھی اچھی بلے بازی ۔ راہل نصف سنچری سے محروم۔
EPAPER
Updated: June 21, 2025, 12:47 PM IST | Agency | Leeds
اوپننگ میں کھیلتے ہوئے بائیں ہاتھ کے بلے باز نے ۱۰۱؍ رن بنائے۔ شبھمن گل کی بھی اچھی بلے بازی ۔ راہل نصف سنچری سے محروم۔
جمعہ سے یہاں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں ہندوستانی بلے بازوں نے شاندار کارکردگی کامظاہرہ کیا اور انگلینڈ کے گیندبازوں کو بیک فُٹ پر ڈھکیل دیا۔ کاپی پرنٹ میں جانے تک ہندوستانی ٹیم نے ۶۱؍ویں اوور میں ۳؍وکٹ کے نقصان پر ۲۴۲؍رن بنائے تھے۔ اس وقت کریز پر کپتان شبھمن گل ۷۳؍ اور رشبھ پنت ۱۱؍ر ن بناکر کھیل رہے تھے۔
ٹیم انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ جمعہ سے یہاں کھیلا جا رہا ہے۔ انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کے ایل راہل اور یشسوی جیسوال نے پہلے بلے بازی کرنے آئی ہندوستانی ٹیم کو اچھی شروعات دی۔ دونوں کے درمیان پہلے وکٹ کے لئے۹۱؍ رن کی شراکت ہوئی۔ کارس نے کے ایل راہل کو پویلین بھیجا۔ راہل نے ۷۸؍ گیندوں پر ۴۲؍ رن بنائے۔ انگلینڈ کو دوسری کامیابی لنچ سے ٹھیک پہلے سائی سدرشن کی شکل میں ملی۔ سائی کھاتہ نہیں کھول سکے۔ یشسوی جیسوال ۱۵۹؍ گیندوں پر ۱۰۱؍رن رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ بین اسٹوکس نے انہیں کلین بولڈ کیا۔بین اسٹوکس نے جیسوال اور شبھمن گل کے درمیان ہونے والی ۱۲۹؍رن کی پارٹنرشپ توڑ دی۔ ہندوستان نے اپنا تیسرا وکٹ ۵۳؍ویں اوور میں جیسوال کی شکل میں گنواد یا۔ جیسوال نے آؤٹ ہونے سے پہلے ۱۵۹؍ گیندوں کا سامنا کیا اور انہوں نے اپنی اننگز میں ۱۶؍چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ اس سے قبل کے ایل راہل نے آؤٹ ہونے سے پہلے ۴۲؍ رن بنائے۔ انہوںنے اپنی اننگز میں ۸؍ چوکے لگائے اور ۷۸؍ گیندوں کا سامنا کیا۔ سائی سدرشن کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ انہوں نے ۴؍ گیندوں کا سامنا کیا اور صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ بین اسٹوکس نے اچھی گیند بازی کی اور ۲؍وکٹ لئے۔ برائیڈن کارس نے ایک وکٹ لیا۔
لیڈز میں جیسوال اور راہل نے ریکارڈ توڑا
ہندوستانی اوپننگ جوڑی کے ایل راہل اور یشسوی جیسوال نے انگلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔ ۲۰۱۲ء کے بعد پہلی بار کوئی مہمان اوپننگ جوڑی لیڈز میں ٹیسٹ کے پہلے ۲۰؍اوورز تک ٹکی رہی ۔ ان دونوں نے ۱۵۱؍ گیندوں میں۹۱؍ رن کی شراکت کی۔ لیڈز میں یہ کسی بھی ہندوستانی اوپننگ جوڑی کی سب سے بڑی شراکت ہے۔ہندوستان کے پاس اس میدان پر۸۶؍ رن کی اوپننگ شراکت کا ریکارڈ تھا جو۱۹۸۶ء میں سنیل گاوسکر اور کرشنماچاری سری کانت کی جوڑی نے بنایا تھا۔