دوسرے ٹیسٹ میچ میںمیٹ ہینری نے ۵؍ جبکہ زکری فالکس نے ۴؍بلے بازوں کو پویلین کاراستہ دکھایا،کیوی ٹیم کا شاندار آغاز۔
EPAPER
Updated: August 08, 2025, 11:50 AM IST | Agency | Bulawayo
دوسرے ٹیسٹ میچ میںمیٹ ہینری نے ۵؍ جبکہ زکری فالکس نے ۴؍بلے بازوں کو پویلین کاراستہ دکھایا،کیوی ٹیم کا شاندار آغاز۔
نیوزی لینڈ اور زمبابوے کے درمیان بولاوایو میں دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلا جا رہا ہے، جس کے پہلے دن صرف ۴۸ء۵؍ اوور کے کھیل میں کیوی ٹیم نے میزبان ٹیم کو۱۲۵؍ رنوں پر ڈھیر کر دیا۔ اس مقابلے میں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا زمبابوے کا فیصلہ ان پر بھاری پڑ گیا۔ میزبان ٹیم نے اپنا کھاتہ کھلنے کے فوراً بعد ہی برائن بینٹ (صفر) کا وکٹ گنوا دیا۔ برینڈن ٹیلر نے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی اور انہوں نے نک ویلچ (۱۱)، سین ولیمز (۱۱) اور کپتان کریگ اروِن (۷) کیساتھ چھوٹی چھوٹی پارٹنر شپ نبھائیں۔ برینڈن ٹیلر ۱۰۷؍ گیندوں میں ۶؍ چوکوں کی مدد سے ۴۴؍رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ تفاڈزوا سیگا نے ۵۴؍ گیندوں میں ناٹ آؤٹ ۳۳؍رنوں کا تعاون دیا لیکن وہ ٹیم کو ایک قابلِ احترام اسکور تک نہیں پہنچا سکے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے میٹ ہنری نے ۱۵؍ اووروں میں ۴۰؍ رن دے کر ۵؍ وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ زکری فالکس نے ۱۶؍ اووروں میں ۳۸؍رن دے کر ۴؍ وکٹیں حاصل کیں۔ بقیہ ایک وکٹ میتھیو فشر کے نام رہی۔ زمبابوے کے لئے یہ’ `کرو یا مرو‘ کا مقابلہ ہے۔ ٹیم نے اسی گراؤنڈ پر سیریز کا پہلا ٹیسٹ ۹؍ وکٹوں سے گنوا دیا تھا۔
نیوزی لینڈ کے گیندبازوں نے میزبان ٹیم کو سستےمیں سمیٹنے کے بعد اپنی اننگز کا شاندار آغاز کیا۔ پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر مہمان ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر ۱۷۴؍رن بنالئے تھے اور وہ زمبابوے کی پہلی اننگز کے اسکور سے ۴۹؍ رنوں سے آگے ہوگئی ہے۔ ڈیون کانوے ۱۲۰؍ گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ۷۹؍ رن بناکر کریز پر موجود ہیں۔ انہوں نے اپنی اننگز کے دوران ۹؍چوکے مارے۔ جیکب ڈفی ۲؍چوکوں کی مدد سے ۸؍رن بناکر ان کےساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ افتتاحی بلے باز وِل ینگ ۱۰۱؍گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ۷۴؍رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ ۱۶۲؍کے اسکور پر گری تھی۔ انہیں ٹریور وانڈو نے بولڈ کرکے پویلین کا راستہ دکھایا۔