Inquilab Logo

ملئےجدید ٹیکنالوجی کی اِن۵؍ منفرد اور اہم شخصیات سے

Updated: January 10, 2020, 2:43 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

اِن ماہرین کو ابتداء میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا، اسٹیو جابس کو انہی کی کمپنی سے بے دخل کردیا گیا تھا، ایلن کو بچپن میں ساتھی طلبہ پریشان کرتے تھے،ایوان کے آئیڈیا پر ان کا مذاق اڑایا گیا تھا، مائیکل نےکمپنی شروع کرنے سے قبل ۱۲؍ سال کی عمر میں ویٹر کی خدمات انجام دی تھیں اور مارک کے فیس بک کے خیال کو نا قابل عمل تصور کیا گیا تھا۔

جدید ٹیکنالوجی کی ۵؍ اہم شخصیات۔ تصاویر: مڈڈے، آئی این این، پی ٹی آئی
جدید ٹیکنالوجی کی ۵؍ اہم شخصیات۔ تصاویر: مڈڈے، آئی این این، پی ٹی آئی

گزشتہ چند عشروں میں ٹیکنالوجی کے میدان میں کئی اہم پیش رفت ہوئی ہیں۔ ایسے ایسے آلات بازار میں پیش کئے گئے ہیں جن کے بارے میں ۶۰، ۷۰؍ اور ۸۰؍ کے عشرے میں کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔ مگر ہر دور میں ایسے افراد پیدا ہوئے ہیں جو اپنی ذہانت ، صلاحیت ، محنت اور لگن سے دنیا کو کچھ بہتر دینے کا جذبہ رکھتے ہیں۔ اسی سوچ کے پیش نظر جیمس واٹ نے ۱۷۷۶ء میں بھاپ سے چلنے والا انجن بنایا تھا اور گراہم بیل نے ۱۸۷۶ء میں دنیا کو ٹیلی فون دیا تھا۔ ٹیکنالوجی کے سبب ہی یہ ممکن ہوا کہ انسان چاند تک پہنچنے کے بعد اب مریخ پر قدم جمانے کی کوشش کررہا ہے۔ آج چاروں طرف آپ کو ٹیکنالوجی نظر آئے گی۔  اسمارٹ فون ہر شخص کی ضرورت بن گیا ہے۔ اس نے بہت سی چیزوں کی ضرورت کو ختم کردیا ہے، جیسے اب وقت دیکھنے اور الارم سیٹ کرنے کیلئے علاحدہ گھڑی کی ضرورت نہیں پڑتی، تاریخ دیکھنے کیلئے کیلنڈر نہیں دیکھا جاتا، کیمرہ اب اسمارٹ فون میں سمٹ گیا، انٹرنیٹ کیلئے کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ کے بجائے اسمارٹ فون استعمال کیا جاتا ہے، ایسی اور بھی چیزیں ہیں جن کی ضرورتوں اور استعمال کو اسمارٹ فون بالکل ختم یا پھر بہت کم کردیا ہے۔ ۲۰۰۰ء کے بعد سے ٹیکنالوجی کے میدان میں زبردست انقلاب آیا ہے اور بے شمار چیزیں ایجاد کی گئی ہیں۔ تاہم، اس ہفتے ۵؍ اہم موجد اور ان کی ایجادات کے بارے میں بتایا جارہا ہے۔ ان افراد نے کم عمری ہی میں اپنی صلاحیتوں کو پہچان لیا تھا اور تبھی سے دنیا کیلئے کچھ بہتر کرنا چاہتے تھے۔ پڑھئے ان کے بارے میں۔

اسٹیو جابس 
Steve Jobs
 اسٹیو جابس ۲۴؍ فروری ۱۹۵۵ء کو پیدا ہوئے تھے جبکہ ان کا انتقال ۵؍ اکتوبر ۲۰۱۱ء کو ہوا تھا۔ جدید ٹیکنالوجی تیار کرنے والوں کی فہرست میں ان کا نام کافی اہمیت کا حامل ہے۔ اسٹیو دنیا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل انکارپوریٹڈ کے بانیوں میں سے ایک تھے۔ وہ موجد بھی تھے۔ انہوں نے میک بک، آئی پوڈ، آئی فون اور ایپل کلاؤڈ جیسی کئی اہم چیزیں بنائیں۔ ان کے تمام لوازمات بہت مہنگے مگر محفوظ خیال کئے جاتے تھے۔ ان کا بنایا ہوا ہر پروڈکٹ انوکھا اور منفرد ہوتا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ایپل کا بانی ہونے کے باوجود انہیں کمپنی سے بے دخل کردیا گیا تھا، جس کے بعد انہوں نے ایک نئی کمپنی’نیکسٹ کمپیوٹر‘ کی بنیاد ڈالی تھی۔ یہ کمپنی چند ہی برسوں میں اتنی مقبول ہوئی تھی کہ ایپل نے اسے خرید لیا تھا، اور اس طرح اسٹیو جابز ایپل سے دوبارہ وابستہ ہوگئے تھے۔ 

ایلن مسک
Elon Musk
 ایلن مسک ۲۸؍ جون ۱۹۷۱ء کو جنوبی افریقہ میں پیدا ہوئے تھے۔وہ انجینئر اور ٹیکنالوجی انٹرپرینیور ہیں۔ ان کے پاس ۳؍ ممالک (کینیڈا، امریکہ اور جنوبی افریقہ) کی شہریت ہے۔ ایلن، اسپیس ایکس کے سی ای او، ڈیزائنر اور انجینئر ہیں۔ مکمل طور پر بجلی سے چلنے والی کار، دوبارہ استعمال کے قابل راکٹ کی تیاری اور ایسے کئی بڑے انقلابی منصوبوں کے پیچھے ایلن ہی کا ذہن ہے۔ وہ سولر سٹی کے چیئرمین اور پے پال اور زپ۔۲؍ کے بانی بھی ہیں۔ ایلن نے ہائپر لوپ کے نام سے ایک نئے تصوراتی ٹرانسپورٹ سسٹم کا منصوبہ پیش کیا ہے، جس کی کامیابی کے بعد دنیا بھر میں سفر کرنا بہت آسان ہوجائے گا۔ ۲۰۱۹ء کے اعداد وشمار کے مطابق جنوری ۲۰۱۶ء میں ان کے اثاثوں کی مالیت ۲۳ء۶؍ بلین ڈالرس تھی۔ وہ دنیا کے ۴۰؍ ویں امیر ترین شخص ہیں۔ بچپن میں وہ کافی شرمیلے تھے۔ کلاس کے لڑکے انہیں بہت تنگ کیا کرتے تھے۔ انہوں نے ۱۲؍ سال کی عمر میں لکھا گیا ایک کمپیوٹر گیم تقریباً ۵۰۰؍ ڈالر میں ایک کمپیوٹر میگزین کو فروخت کیا تھا۔ 

ایوان اسپیگل 
Evan Spiegel
 ایوان ا سپیگل فرانسیسی نژاد امریکی بزنس مین اور مشہور سوشل میڈیا کمپنی اسنیپ چیٹ انکارپوریٹڈ کے سی ای او اور شریک بانی ہیں۔ انہوں نے بابی مرفی اور ریگی براؤن کے ساتھ اسنیپ چیٹ شروع کیا تھا۔ یہ ایپ انہوں نے اسٹینفورڈ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے کے دوران بنایا تھا۔ لیکن تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے اس پر مزید محنت کی اور اسے دنیا بھر میں لانچ کیا۔ ۲۰۱۵ء میں انہیں دنیا کے سب سے کم عمر امیر شخص کا خطاب دیا گیا تھا۔ایوان نے آرٹ اور ڈیزائن کی تعلیم حاصل کی ہے۔ انہوں نے جب اسنیپ چیٹ کا اپنا آئیڈیا پیش کیا تھا تو ان کے ہم جماعت ساتھیوں نے ان کا مذاق اڑایا تھا مگر آج وہ ٹیکنالوجی کی ایک بڑی اور مشہور کمپنی کے سی ای او ہیں۔ 

مائیکل ڈیل
Michael Dell
 مائیکل ڈیل امریکی بزنس مین ہیں۔ وہ ڈیل ٹیکنالوجیز کے بانی اور سی ای او ہیں۔ ڈیل کا شمار دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں ہوتا ہے۔ وہ دنیا کے ۲۷؍ ویں امیر ترین شخص ہیں۔ انہوں نے پہلا کیلکولیٹر ۷؍ سال کی عمر میں خریدا تھا اور تبھی سے وہ کمپیوٹر اور ٹیکنالوجی کی جانب راغب ہوگئے تھے۔ ۱۲؍ سال کی عمر میں انہیں ایپل ٹو کمپیوٹر دیا گیا تھا۔ انہوں نے اس کے تمام پرزے الگ کردیئے اور دیکھا کہ یہ کس طرح کام کرتا ہے۔ اس کے بعد انہوں نے تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ کمپیوٹر بنانے کا طریقہ بھی سیکھا اور پھر اپنی کمپنی کی بنیاد ڈالی۔ خاص بات یہ تھی کہ وہ گاہکوں کی ضرورت اور مانگ کے مطابق کمپیوٹر بنا کر دیا کرتے تھے۔ اس وجہ سے ڈیل کمپنی بہت کم وقت میں مشہور ہوگئی۔ 

مارک زکر برگ
Mark Zuckerberg
 مارک زكربرگ کمپیوٹر انٹرنیٹ ماہر ہیں۔ وہ مشہور سوشل میڈیا کمپنی فیس بک کے بانیوں میں سے ایک ہیں۔ فی الحال وہ فیس بک کے سی ای او اور چیئر مین ہیں۔ انہوں نے ہارورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی ہے جہاں انہوں نے فیس بک ایک پروجیکٹ کے طور پر پیش کیا تھا۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے فیس بک کو باقاعدہ ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی شکل دی اور آج اس کے اتنے صارفین ہیں کہ اگر آبادی کے اعتبار سے فیس بک کو ملک بنایا جائے تو یہ دنیا کا تیسرا سب سے بڑا ملک ہے۔انہوں نے ٹیکنالوجی کی کئی کمپنیوں جیسے وہاٹس ایپ اور انسٹا گرام کو خرید لیا ہے اور انہیں مزید بہتر کررہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK