Inquilab Logo

موجودہ سیزن میں فارم میں کھیلنے والے ۵؍ فٹبالر

Updated: September 10, 2022, 12:03 PM IST | Mumbai

؍ ۳؍ فٹبالرس نیمار، میسی اور ایمباپے کا تعلق پی ایس جی سے ہے، ارلنگ ہالینڈ بھی فہرست میں شامل

Neymar .Picture:INN
نیمارجونیئر۔ تصویر:آئی این این

اگست سے یورپ کی سبھی گھریلو فٹبال لیگز کا آغاز ہوچکا ہے اور سبھی کھلاڑی پرفارم کرنے میں مصروف ہیں۔ حال ہی میں موسم گرما کی ٹرانسفر ونڈو بند ہوئی ہے اور کئی کھلاڑیوں نے اپنے نئے کلب میں کھیلنا بھی شروع کردیاہے۔ ان میں چند تو بہت اچھا کھیل رہے اور اپنے کلب کیلئے مسلسل گول کررہے ہیں جن میں مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کے نئے کھلاڑی ارلنگ ہالینڈ کا نام قابل ذکر ہے۔ چند فٹبال کلب اور کھلاڑیوں نے اپنا ہدف طے کرلیا ہے کہ وہ سیزن کے آغاز ہی سے اچھا مظاہرہ کریں گے۔ سیزن کی شروعات ہی میں اچھا کھیلنے سے بعد کے سیزن میں آسانی ہوتی ہے اس لئے بہت سے کھلاڑی اس وقت اچھا کھیل رہے ہیں۔ تعلیمی انقلاب کی معلومات کیلئے ہم یہاں یورپ کی لیگز میں ۵؍ فارم میں کھیلنے والے فٹبالرس کے بارے میں معلومات پیش کررہے ہیں ۔ ان میں سے ۳؍ کا تعلق پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) فٹبال کلب سے ہے۔

نیمار جونیئر پی ایس جی کی جانب سے ۲۲۔۲۰۲۱ء کے فٹبال سیزن میں کوئی خاص کارکردگی پیش نہیں کرپائے تھے۔ وہ انجریز میں مبتلا رہے تھے۔ تاہم اس سیزن میں وہ اچھے فارم میں ہیں اور انہوں نے ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا ہے۔ انہوںنے لیگ وَن کے اس سیزن میں ۵؍ میچوں میں ۷؍گول کئے ہیں اور انہوں نے ۶؍گول کرنے میں دیگر کھلاڑیوں کی مدد بھی کی ہے۔ اس وقت لیونل میسی ، نیمار کے پیچھے کھیل رہے ہیں اس لئے برازیلی اسٹار کو کھل کرکھیلنے کا موقع مل رہا ہے۔ وہ پی ایس جی کی جانب سے صف اول میں کھیل رہے ہیں۔ 
ارلنگ ہالینڈ کا خواب تھا کہ وہ انگلش پریمیر لیگ میں شرکت کریں اور انہیں لیگ کے مضبوط کلب مانچسٹر سٹی نے اس سیزن میں خرید لیا۔ ناقدین نے ان کی سٹی میں شمولیت پر تنقید کی تھی اس کے باوجود انہوںنے اپنے کھیل سے سبھی کا منہ بند کروا دیا۔ انگلش پریمیر لیگ کے ۶؍میچو ں میں انہوں نے ۱۰؍گول کئے ہیں اور ایک گول کرنے میں مدد کی ہے۔ انہوںنے لیگ کے چوتھے اور ۵؍ویں میچ میں یکے بعد دیگرے ۲؍ ہیٹ ٹرک کی تھی۔ وہ جس طرح بنڈس لیگا میں گول پر گول کررہے تھےپریمیرلیگ میں بھی ایسی ہی کارکردگی پیش کررہے ہیں۔

لیونل میسی بالآخر پیرس میں کھیل کے مزےلٹ رہے ہیں۔نئے منیجر کرسٹوف گالٹیئر نے انہیں مڈفیلڈ میں کھیلنے کی اجازت دی ہے جس کے بعد وہ اچھا مظاہرہ کررہے ہیں۔ ۷؍مرتبہ کے بیلون ڈی اوراعزاز جیتنے والے میسی نے اٹیکنگ مڈفیلڈر کی حیثیت سے لوہا منوا لیا ہے۔ وہ ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کررہے ہیں اور مڈ فیلڈ اور اٹیکنگ کے ذریعہ ٹیم کی مدد کررہے ہیں۔ انہوںنے لیگ وَن کے ۶؍ میچوں میں پی ایس جی کی جانب سے شرکت کی ہے جس میں سے ۳؍گول کئے ہیں اور ۵؍میں معاونت کی ہے۔

فٹبال کے نئے سیزن میں پیرس سینٹ جرمین کے سبھی کھلاڑی اچھا کھیل رہے ہیں۔ نیماراور میسی کے بعد کائلیان ایمباپے کا نمبرہے جو ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ ا س سیزن کیلئےایمباپے نے کلب سے زبردست معاہدہ کیاہے اور وہ اسی کی مناسبت سے اپنے فارم کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ ان کا کھیل دیکھنے کیلئے شائقین اسٹیڈیم آرہے ہیں۔ اس ۲۳؍ سالہ اسٹرائیکر نے لیگ وَن میں ۵؍ میچ کھیلے ہیں اور ۶؍گول کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ان کی بدولت پیرس کا کلب ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر ہے۔

الیکزینڈر مترووچ انگلش پریمیر لیگ کےکھلاڑی ہیں۔ وہ کمزور کلب فلہم کی جانب سے کھیل رہے ہیں لیکن ان کا کھیل قابل تعریف ہے۔ سربیا کی بین الاقوامی ٹیم سے تعلق رکھنے والے مترووچ نے گزشتہ چند برسوں میں بہت زیادہ گول کئے ہیں۔ انہوں نے فلہم کیلئے اب تک ۴۹؍ میچ کھیلے ہیں اور اس میں ۴۹؍ گول کئے ہیں۔ مترووچ نے موجودہ سیزن میں ۶؍ میچ کھیلے ہیں اور ۶؍گول کرکے پُر اعتماد ہیں۔ انہوںنے اب تک ۲۷؍ شاٹ لگائے ہیں ۔ پریمیر لیگ کے کسی بھی کھلاڑی نے ایسا نہیں کیاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK