EPAPER
Updated: August 06, 2021, 7:00 AM IST | Shahebaz Khan | Mumbai
ٹوکیو (جاپان) میں اولمپکس ۲۰۲۰ء جاری ہے جو ۸؍ اگست کو ختم ہوجائے گا،اس میں دنیا کے ۲۰۶؍ ممالک سے ۱۱؍ہزار ۹۰؍ کھلاڑی شریک ہیں ۔اولمپکس ۲۰۲۰ء میں کل ۳۳؍ کھیل شامل کئے گئے ہیں ، ہندوستان نے اب تک ۵؍ تمغہ حاصل کئے، اولمپک گیمز کی تاریخ میں کئی اہم واقعات ہوئے ہیں ، جانئے اس کے چند دلچسپ حقائق۔
اولمپکس کا آغاز ۷۷۶؍ قبل مسیح میں یونان میں ہوا تھا۔ پہلے اولمپک میں ایک ہی مقابلے کا انعقاد کیا گیا تھا جو ۱۹۲؍ میٹر کی دوڑ تھا۔ یہ ایک دن کی تقریب تھی۔ یہ مقابلہ کوروبیس نامی ایک شخص نے جیتا تھا جو پیشے سے خانساماں تھا۔اس طرح اولمپکس جیتنے والا وہ پہلا شخص تھا۔ تاہم، مؤرخین کا خیال ہے کہ اولمپکس کا آغاز اس سے بھی پہلے ہوا تھا۔
سات سو چھیتر ق م کے بعد سے اولمپکس ہر چار سال میں ایک مرتبہ ۶؍ اگست سے ۱۹؍ ستمبر تک یونان میں ہونے والے ایک تہوار میں اولمپیا کے مقام پر منعقد کیا جانے لگا۔ یہ تہوار ۱۲؍ صدیوں تک باقاعدگی سے جاری رہا تھا۔ اسے یونانی دیوتا زیوس کے اعزاز میں منعقد کیا جاتا تھا۔ زیوس تمام دیوتاؤں کا بادشاہ خیال کیا جاتا ہے۔ وہ سب سے طاقتور دیوتا اور کوہ اولمپس کا حاکم تھا۔
چھ سو چوراسی ق م میں اولمپکس کے دنوں کی تعداد ایک سے بڑھا کر ۳؍ کردی گئی۔ ۵؍ ویں صدی میں اسے کی تعداد بڑھا کر۵؍ دن کردی گئی۔ اس وقت اولمپکس میں دوڑ، لانگ جمپ، شاٹ پٹ، بھالا پھینک، باکسنگ، قدیم کشتی اور گھڑ سواری کے مقابلے ہوتے تھے جن میں یونان کے مختلف علاقوں کے کھلاڑی شرکت کرتے تھے۔
ان کھیلوں کو اولمپکس کا نام اسلئے دیا گیا کہ یہ اولمپیا کے مقام پر منعقد کئے جاتے تھے۔ علاوہ ازیں ، اسے زیوس سے موسوم کیا گیا جو کوہ اولمپس کا حاکم تھا۔
جدید اولمپک کھیل یا اولمپکس کا آغاز۱۸۹۶ء میں ہوا تھا۔ ان کھیلوں میں دنیا بھر سے ہزاروں کھلاڑی حصہ لیتے ہیں ۔ اولمپک کھیلوں میں موسم سرما اور موسم گرما کے مقابلے ہر چار سال بعد منعقد ہوتے ہیں ، یعنی دو اولمپک مقابلوں کے درمیان دو سال کا وقفہ ہوتا ہے۔
جدید اولمپکس کا بانی پیئر دی کوبرتین کو کہا جاتا ہے جن کا تعلق فرانس سے تھا۔انہوں نے ۱۸۹۴ء میں جدید اولمپکس کا خیال پیش کیا تھا۔ ۳۴؍ ملکوں کے وفد نے ان کے خیال کو سراہا تھا، اور دو سال بعد پہلا جدید اولمپکس ایتھنز، یونان میں منعقد کیا گیا تھا۔
اولمپکس کی مشعل کے بارے میں خیال پیش کیا جاتا ہے کہ قدیم اور جدید اولمپکس کے درمیان یہ ایک پل کا کام کرتا ہے۔ اسے اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں جلایا جاتا ہے اورتقریب کے اختتام پر بجھا دیا جاتا ہے۔
جدید اولمپکس میں اسے سب سے پہلے ۱۹۲۸ء میں ایمسٹر ڈیم میں ہونے والے اولمپکس میں جلایا گیا تھا۔ اسے عام طور پر کوئی کھلاڑی جلاتا ہے۔ امسال اسے جاپان کی کھلاڑی ناؤمی اوساکا نے جلایا ہے۔
اولمپک حلف: اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں ایک کھلاڑی، جج یا آفیشل اور ایک کوچ کی طرف سے دیا گیا ایک پختہ وعدہ ہے۔ ہر حلف لینے والا میزبان ملک سے ہوتا ہے اور کھیلوں میں تمام کھلاڑیوں ، آفیشلز یا کوچز کی جانب سے حلف لیتا ہے۔ اولمپک حلف کو سب سے پہلے ۱۹۲۰ء کے اولمپکس میں شامل کیا گیا تھا۔ یہ اولمپک بلجیم کے شہر اینٹورپن میں منعقد کیا گیا تھا۔
اولمپکس ۲۰۲۰ء میں ۳۳؍ کھیلوں کو شامل کیا گیا ہے جن میں کراٹے، اسکیٹ بورڈنگ اور سرفنگ، ۳؍ نئے اسپورٹس ہیں ۔
ہندوستان نے اولمپکس میں پہلی مرتبہ ۱۹۰۰ء میں محض ایک کھلاڑی نورمن ٹریور کے ساتھ شرکت کی تھی۔ نورمن کا تعلق برطانیہ سے تھا لیکن وہ کولکاتا میں پیدا ہوئے تھے، اور یہیں پرورش پائی تھی۔ نورمن نے ۲؍ نقرئی تمغے جیتے تھے، اس طرح اولمپکس میں میڈل جیتنے والے وہ پہلے ایشیائی کھلاڑی بن گئے تھے۔
ہندوستان نے ۱۹۲۰ء کے موسم گرما کے اولمپکس کیلئے پہلی مرتبہ کھلاڑیوں کی ایک ٹیم روانہ کی تھی۔
موسم سرما کے اولمپکس میں ہندوستان نے ۱۹۶۴ء میں شرکت کی تھی۔
ہندوستان نے اپنی شرکت سے لے کر اب تک کل ۳۳؍ تمغے حاصل کئے ہیں ۔ اسے ۹؍طلائی تمغے، ۹؍ نقرئی تمغے، اور ۱۵؍ کانسے کے تمغے ملے ہیں ۔
اولمپکس ماضی میں ۳؍ مرتبہ (اگر موسم سرما کے اولمپکس کو شامل کیا جائے تو ۵؍ مرتبہ) رد یا منسوخ کیا گیا ہے۔ ۱۹۱۶ء کا موسم گرما کا اولمپکس پہلی عالمی جنگ کے سبب منسوخ کردیا گیا تھا۔
کا موسم گرما کا اولمپکس (۱۹۴۰ء) چین اور جاپان میں ہونے والی جنگ کی وجہ سے نہیں ہوسکا تھا۔
کا موسم سرما کا اولمپکس (۱۹۴۰ء) دوسری عالمی جنگ کی آغاز کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا تھا۔
انیس سو چوالیس کے دونوں اولمپکس دوسری عالمی جنگ کے سبب منسوخ کردیئے گئے تھے۔
گزشہ سال کے موسم گرما کا اولمپکس کورونا وائرس کی عالمی وبا کے سبب منسوخ کیا گیا تھا، جواَب ہورہا ہے۔
اولمپکس کی تاریخ میں اب تک سب سے زیادہ میڈل امریکہ نے جیتے ہیں ۔ دوسرے نمبر پر سوویت یونین، تیسرے نمبر پر برطانیہ، چوتھے نمبر پر جرمنی، اور پانچویں نمبر پر فرانس ہے۔
امیر ممالک سیکڑوں کھلاڑیوں کو اولمپکس میں شرکت کیلئے روانہ کرتے ہیں ۔ اولمپکس ۲۰۲۰ء میں امریکہ نے سب سے زیادہ یعنی ۶۱۳؍ کھلاڑی بھیجے ہیں ۔
جاپان (دوسرےنمبر پر) کے ۵۵۲؍ کھلاڑی ہیں ۔
اس فہرست میں تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر ۴۷۸، ۴۲۵؍ اور ۴۰۶؍ کھلاڑیوں کے ساتھ بالترتیب آسٹریلیا، جرمنی اور چین ہیں ۔
ہندوستان نے ۱۲۵؍ کھلاڑی روانہ کئے ہیں ۔
اولمپکس ۲۰۲۰ء میں سب سے زیادہ میڈلز جیتنے والے ممالک: (۱) ۸۸؍ میڈلز، امریکہ۔ (۲) ۷۳؍ میڈلز،چین۔ (۳) ۴۴؍ میڈلز،جاپان۔ (۴) ۴۰۰؍ میڈلز، آسٹریلیا۔ (۵)۵۷؍ میڈلز،روس۔اس فہرست میں ہندوستان ۶۲؍ ویں نمبر پر ہے۔ سب سے زیادہ طلائی تمغے (۳۳) چین نے حاصل کئے ہیں ۔
نیلما گھوش پہلی خاتون کھلاڑی تھیں جنہوں نے اولمپکس میں ہندوستان کی نمائندگی کی تھی۔ انہوں نے ۱۹۵۲ء میں ہونے والے اولمپکس میں شرکت کی تھی۔
سوئزر لینڈ کی ہیلن دی پورتالس پہلی خاتون تھیں جنہوں نے اولمپکس (۱۹۰۰ء) میں شرکت کی تھی، اور انہوں ہی نے پہلا طلائی تمغہ بھی جیتا تھا۔
سب سے زیادہ میڈلز (۲۸) امریکہ کے تیراک مائیکل فلپس نے جیتے ہیں ۔