Inquilab Logo

آسٹریلین اوپن میں سرکردہ کھلاڑیوں کی ٹکر

Updated: January 10, 2020, 4:09 PM IST | Abdul Kareem Kasam Ali | Mumbai

ہرسال جنوری کے آخری حصے میںٹینس کا پہلا گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن شروع ہوتاہےلیکن امسال آسٹریلیا کے جنگلات میں آگ لگی ہوئی تھی اور اس کی وجہ سے اس کے تاخیر سے شروع ہونے کے قوی امکانات ہیں۔یہ ٹورنامنٹ ۲۰؍ جنوری ۲۰۲۰ء سے شروع ہونے والا تھا لیکن آسٹریلیاکے جنگلات کی آگ شدید تر ہوگئی اس لئےپلیئرس کمیٹی کے صدر اور سربیائی کھلاڑی نوواک جوکووچ نے اس کی تاخیر کیلئے زور دیا ہے۔

آسٹریلین اوپن کا ایک منظر۔ تصویر: آسٹریلین اوپن ٹویٹر
آسٹریلین اوپن کا ایک منظر۔ تصویر: آسٹریلین اوپن ٹویٹر

ہرسال جنوری کے آخری حصے میںٹینس کا پہلا گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن شروع ہوتاہےلیکن امسال آسٹریلیا کے جنگلات میں آگ لگی ہوئی تھی اور اس کی وجہ سے اس کے تاخیر سے شروع ہونے کے قوی امکانات ہیں۔یہ ٹورنامنٹ ۲۰؍ جنوری ۲۰۲۰ء سے شروع ہونے والا تھا لیکن آسٹریلیاکے جنگلات کی آگ شدید تر ہوگئی اس لئےپلیئرس کمیٹی کے صدر اور سربیائی کھلاڑی نوواک جوکووچ نے اس کی تاخیر کیلئے زور دیا ہے۔ بہرحال آسٹریلیا کے جنگلات کی آگ پر قابو پایا جارہا ہے اور ممکن ہے کہ گرینڈ سلیم شروع ہونے سے قبل ہی حالات بہتر ہوجائیں اور ٹورنامنٹ وقت مقررہ یعنی ۲۰؍جنوری سے شروع ہوجائے۔ اس بار دفاعی چمپئن نوواک جوکووچ ہیں جو فی الحال اے ٹی پی کپ میں سربیا کی ٹیم کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔ خواتین میں جاپان کی ناؤمی اوساکا اپنے خطاب کا دفاع کریں گی۔ مردوں کے ڈبلز میں نکولس ماہوت اور پیئرے ہیوجیس ہربرٹ اپنے خطاب کی دفاعی مہم شروع کریں گے۔ خواتین کے ڈبلز میں سمانتھا اسٹوسر اور زینگ شوآئی کی جوڑی خطاب کے دفاع کیلئے کورٹ پراترے گی۔ 
 آسٹریلین اوپن کنگاروؤں کے ملک آسٹریلیا کے دوسرے بڑے شہر میلبورن میں کھیلا جاتاہے اور ۱۹۸۸ء سے یہ میلبورن پارک میں کھیلا جارہا ہے ۔ ۲۰۲۰ء میں اس کی انعامی رقم میں بہت زیادہ اضافہ کیا گیاہے جوکہ ۷؍کروڑ ۱۰؍لاکھ آسٹریلین ڈالر ہے۔ آسٹریلین اوپن کی تاریخ ۱۱۴؍سال پرانی ہے اور یہ گرینڈ سلیم ۱۹۰۵ءسے کھیلا جارہا ہے۔سال کے پہلے گرینڈ سلیم کا کورٹ ہارڈ ہوتاہے جوکہ ۱۹۸۸ء سے استعمال کیاجارہاہے۔ اس سے قبل ۱۹۰۵ء سے ۱۹۸۸ء تک سال کا پہلا گرینڈ سلیم گراس کورٹ پر کھیلا جاتا تھا۔ 
 دفاعی چمپئن نوواک جوکووچ نے سب سے زیادہ آسٹریلین اوپن اپنے نام کئے ہیں جن کی تعداد ۷؍ ہے۔خواتین کے سنگلز  مقابلوں میں سب سے زیادہ خطاب جیتنے کا ریکارڈ مارگریٹ کورٹ کے نام ہے اور ان کی تعداد ۱۱؍ہے۔ مارگریٹ کورٹ آسٹریلیا سے تعلق رکھتی ہیں اور انہوں نے اپنے کریئر میں ۲۴؍ گرینڈ سلیم جیتے ہیں جوکہ خواتین کے سنگلزکا ریکارڈ ہے اورامریکی کھلاڑی سیرینا ولیمز یہی ریکارڈ توڑنے کی کوشش میں مصروف ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK