Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان کے قومی نشان پر بیل اور گھوڑا، کیوں؟ ہمارا قومی درخت برگد، کیوں؟

Updated: August 09, 2024, 5:17 PM IST | Mumbai

’’اشوک کی لاٹ‘‘ جسے ہندوستان کا قومی نشان بھی کہا جاتا ہے، کو ۱۹۴۷ء میں ملک کے قومی نشان کے طور پر اپنایا گیاتھا۔

Banyan tree. Photo: INN
برگد کا درخت۔ تصویر: آئی این این

’’اشوک کی لاٹ‘‘ جسے ہندوستان کا قومی نشان بھی کہا جاتا ہے، کو ۱۹۴۷ء میں ملک کے قومی نشان کے طور پر اپنایا گیاتھا۔ خیال رہے کہ اس نشان کی موجودہ شکل۲۶؍ جنوری۱۹۵۰ء کو طے کی گئی تھی ۔
نشانِ اشوک کا استعمال اور مختصر تفصیل
 یہ نشان حکومت ہند کے سرکاری لیٹر ہیڈاور ہندوستانی کرنسی پر بھی چھپا ہوتا ہے۔یہ ہندوستانی پاسپورٹ میں بھی نمایاں طور پر موجود ہے۔ اسی نشان میں نیچے کی جانب موجود اشوک چکر کو پرچم کے وسط میں رکھا گیا ہے۔اس کے استعمال کو محدود کرنے کیلئےحکومت ہند نے ۲۰۰۵ء  میںقانون بھی بنایا ہے۔
نشان اشوک کی علامات اور ان کی وجوہات 
 ہندوستان کے قومی نشان میںچار ایشیائی ببر شیر ایک دوسرے کی جانب پیٹھ کئے دائرہ بنا کر کھڑے ہیں۔ یہ چاروں شیر طاقت، حوصلہ، عزم اور فخر کو ظاہر کرتے ہیں۔اسی نشان میں دائیں طرف ایک بیل اور بائیں طرف ایک بھاگتا ہوا گھوڑا ہے۔بیل سخت محنت اور ثابت قدمی کو ظاہر کرتا ہے جبکہ گھوڑا وفاداری، رفتار اور توانائی کی نمائندگی کرتا ہے۔ نشان اشوک کے درمیان میںاشوک چکر ہے۔ اس چکر میں ۲۴؍ لکیریں ہیں جو انسانی تہذیب کی ترقی اور ارتقا کی علامت ہیں۔ نشان اشوک کے نیچے گھنٹی کی شکل میںکنول ہے۔ستون کے ٹھیک نیچے دیوناگری رسم الخط میں ستیہ میو جیتے (سچ ہی میں جیت ہے)کندہ ہے۔ یہ عبارت’’ اپنشد ‘‘سے لی گئی ہےجو ہندوؤں کی مقدس ویدوں کی شرح ہے۔
ہندوستان کا قومی درخت برگد کیوں ہے؟
 ہندوستان کا قومی درخت برگد ہے جو اپنی لٹکتی جڑوں اور بہترین دواؤں کی خصوصیات کیلئے جانا جاتا ہے۔ اسے ۱۹۵۰ء میں قومی درخت قرار دیا گیا تھا۔ ہندوستان میں یہ درخت مذہبی، تہذیبی اور ثقافتی اہمیت رکھتا ہے۔اس کے علاوہ برگد کا درخت طاقت، اتحاد،ترقی اور خود آگاہی کی علامت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے ہندوستان کا قومی درخت تسلیم کیا گیا ۔
برگد کے درخت کی ثقافتی اہمیت 
 برگد کا درخت، ملک میں ایک عظیم ثقافتی اہمیت رکھتا ہے۔ دیہی ہندوستان میں برگد کا درخت گاؤں کی ثقافت کا اہم حصہ ہے۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں گاؤں کی پنچایتیں ہوتی ہیں۔ لوگ اکثر دیہی علاقوں میں سخت گرمیوں سے راحت حاصل کرنے کیلئے اس درخت کے سائے میں بیٹھتے ہیں۔
 قومی درخت کی پوجا ہندوؤں کے نزدیک خوشحالی، ترقی اور دولت حاصل کرنے کی امید میں کی جاتی ہے۔
برگد کے درخت کی مذہبی اور روحانی اہمیت
 ہندومت میں برگد کے درخت کو با تدبیر اور نیک سمجھا جاتا ہے۔ اسے’’ `اشوتھ وِرکشا‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ ہندو مت عقیدے کے مطابق یہ `خواہش کی تکمیل کے درخت کی علامت بھی ہے نیز یہ اپنی پھیلتی ہوئی شاخوں کی وجہ سے ابدیت کی نمائندگی اور لمبی عمر کی عکاسی کرتا ہے۔ قدیم ہندوستانی تاریخ اور ہندوؤں کے عقیدے کے مطابق اسے بھگوان کا درخت بھی کہا جاتا ہے جو انسانوں کی خواہشات کو پورا کرتا ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK