Inquilab Logo Happiest Places to Work

روزہ رکھ کر انسان متعدد روحانی فوائد کے ساتھ طبی فوائد بھی حاصل کرسکتا ہے

Updated: March 15, 2024, 3:58 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

گزشتہ ۵؍ برسوں میں کی گئی متعدد تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ روزہ انسانی جسم کو اندرونی طور پر مضبوط کرتا ہے، یہ ایک قسم کا ’’ری سیٹ‘‘ سسٹم ہے جو جسم کو آئندہ ۱۱؍ ماہ کیلئے فعال اور مضبوط بناتا ہے۔

By eating healthy food in Sehar and Iftar, one does not feel hungry throughout the day and a person remains fat and healthy. Photo: INN
سحر اور افطار میں صحت بخش غذا کھانے سے دن بھر بھوک کا احساس نہیں ہوتا اور انسان چاق و چوبند رہتا ہے۔ تصویر : آئی این این

روزہ اسلام کے بنیادی ارکان میں سے ایک ہے۔ قرآن مجید میں اللہ فرماتا ہے کہ تم پر روزے فرض کئے گئے ہیں تاکہ تم تقویٰ اختیار کرو اور برائیوں سے بچو۔
روزے کے روحانی فوائد
 روزہ دراصل مختلف عبادات کا مجموعہ ہے۔ اس کی ایک فضیلت یہ ہے کہ ا س سے حقوق العباد کی ادائیگی کا سبق بھی دیا گیا۔ انسان کو صبر، حوصلہ، برداشت، نرم اور پاک زبان کے استعمال، جھوٹ سے اجتناب اور دیگر برائیوں سے رکنے کا درس دیا جاتا ہے۔
(۱) برائیوں کے خلاف ڈھال
 روزہ انسان کو برائیوں سے بچاتا ہے اور شیطانی حملوں سے محفوظ رکھتا ہے۔
(۲) دعا کی قبولیت 
 روزے دار کو دعا کی قبولیت کا اعجاز ملتا ہے۔اللہ نے قرآن مجید میں قبولیت دعا کا وعدہ احکاماتِ رمضان کے درمیان کیا ہے۔ محدثین اور مفسرین لکھتے ہیں کہ سحر و افطار خاص طور پر قبولیت کی گھڑیاں ہیں۔
(۳) قرآن مجید کی تلاوت
 اس بابرکت مہینہ میں قرآن مجید نازل ہوا۔ ماہ مبارک میں کثرت تلاوت کا موقع میسر آتا ہے۔ قرآن مجید سے قربت حاصل کرنے اور کلام پاک کی محبت بڑھانے اور اس کے احکامات پر عمل کرنے جیسے مواقع رمضان میں بکثرت حاصل ہوتے ہیں۔
(۴) صبروتحمل 
 روزے کے ذریعے انسان میں صبر، حوصلہ، تحمل اور برداشت پیدا ہوتی ہے۔ 
(۵) نفس کا محاسبہ 
 روزہ نفس کے محاسبہ کاذریعہ بنتا ہے۔ آنحضورؐ نے فرمایا کہ جس نے رمضان کے روزے ایمان کی حالت میں اور احتساب کی حالت میں رکھے اس کے پچھلے گناہ معاف ہوگئے۔ تو اگر احتساب کی حالت میں رمضان گزاریں تو اس کا فائدہ یہ ہے کہ گزشتہ گناہوں کی معافی ہوگی اور آئندہ نیکیوں کی طرف رغبت بڑھے گی۔
(۶) مدد کا جذبہ
 رمضان میں ایک نیکی کا ثواب ۷۰؍ گنا بڑھ جاتا ہے۔ اسی ماہ میں مسلمان زکوٰۃ اور صدقات کا اہتمام کرتے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ کھانے پینے کی اشیاء بھی ضرورت مندوں میں تقسیم کی جاتی ہے۔ اس ماہ میں مدد کا جذبہ قوی ہوجاتا ہے۔ 
روزے کے طبی فوائد
 روزے جہاں انسان کی روحانی ترقی کا باعث ہیں وہیں ذہنی اور جسمانی صحت کیلئے بھی انتہائی مفید ہیں۔ بظاہر کم کھانا پینا جسمانی کمزوری پیدا کرتا ہے لیکن ایک معین وقت اور ایام معدودات میں کھانے پر قابو انسانی صحت پر غیر معمولی مثبت اثرات پیدا کرتا ہے۔
(۱) ہارمونز، خلیات اور جینز کے افعال 
 جب انسان کچھ وقت تک غذا سے دور رہتا ہے تو جسم کے اندر مختلف قسم کی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں مثلاً جسم ہارمونز کی سطح میں تبدیلیاں لاتا ہے تاکہ ذخیرہ شدہ جسمانی چربی زیادہ قابل رسائی ہو جبکہ اہم خلیاتی مرمت کا عمل شروع ہوجاتا ہے۔ روزے کے دوران خون میں انسولین کی سطح میں نمایاں کمی آتی ہے جو چربی گھلانے میں مدد فراہم کرتی ہے۔جسم کی جانب سے خلیات سے ناکارہ مواد کو نکالنے کا عمل بھی شروع ہوتا ہے جبکہ متعدد جینز اور مالیکیولز میں فائدہ مند تبدیلیاں آتی ہیں جن کو مختلف امراض سے تحفظ سے منسلک کیا جاتا ہے۔
(۲) وزن میں کمی اور چربی گھلانے میں مدد
 مخصوص وقت تک بھوکے رہنے یا روزہ رکھنے سے جسمانی وزن میں کمی لانا آسان ہوتا ہے۔جب انسان روزہ رکھتا ہے تو معمول سے کم غذا کھاتا ہے۔ روزے کی حالت میں جسمانی وزن میں کمی میں مددگار ہارمون کے افعال بھی بہتر ہوجاتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ایک روزہ سے بھی میٹابولک ریٹ میں اضافہ ہوتا ہے اور زیادہ کیلوریز جلانا آسان ہوجاتا ہے۔
(۳) انسولین کی مزاحمت میں کمی
 ذیابیطس ٹائپ ۲؍ حالیہ دہائیوں میں بہت تیزی سے عام ہورہا ہے اور اس کے ایک بنیادی عنصر انسولین کی مزاحمت ہوتی ہے جس کے باعث بلڈ شوگر کی سطح میں اضافہ ہوتا ہے۔ انسولین کی مزاحمت کو کم کرنے والا ہر کام بلڈ شوگر کی سطح کو بھی کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے جس سے ذیابیطس ٹائپ ٹو کا شکار ہونے سے تحفظ ملتا ہے۔روزے رکھنے سے انسولین کی مزاحمت کی سطح کم ہوتی ہے اور بلڈ شوگر کی سطح بہتر ہوتی ہے۔
(۴) جسمانی ورم میں کمی
 متعدد تحقیقی رپورٹس میں ثابت ہوا ہے کہ دن بھر میں کچھ گھنٹے بھوکا رہنے سے جسمانی ورم سے لڑنے میں مدد ملتی ہے۔واضح رہے کہ ورم متعدد عام امراض کا باعث بننے والا ایک اہم عنصر ہے۔
(۵) دل کی صحت کیلئے مفید
 امراض قلب اس وقت دنیا میں اموات کی سب سے بڑی وجہ ہیں۔خالی پیٹ رہنا یا روزے رکھنے سے بلڈ شوگر، بلڈ پریشر، خون میں چکنائی، کولیسٹرول کی سطح جیسے امراض قلب کے خطرے سے منسلک عناصر کو بہترکیا جاتا ہے۔ تاہم، اس پر مزید تحقیق ہورہی ہے۔ 
(۶) کینسر سے بچانے میں ممکنہ طور پر مددگار
 کینسر، خلیات کی قابو سے باہر نشوونما کو کہا جاتا ہے مگر روزہ رکھنے سے میٹابولزم پر مرتب فائدہ مند اثرات کے باعث خیال کیا جاتا ہے کہ اس سے کینسر کا خطرہ کم ہوسکتا ہے۔ اس حوالے سے جانوروں پر ہونے والے تحقیقی کام کے نتائج حوصلہ افزا ہیں۔ ایسے بھی چند شواہد سامنے آئے ہیں جن سے عندیہ ملتا ہے کہ روزے سے انسانوں پر کیموتھراپی کے متعدد مضر اثرات کی شدت میں کمی آتی ہے۔تاہم، اس پر مزید تحقیق ہورہی ہے۔ 
(۷) دماغ کیلئے مفید
 جو چیز جسم کیلئے اچھی ہو وہ دماغ کیلئے بھی مفید ہوتی ہے۔ روزے کی حالت سے ایسے متعدد میٹابولک فیچرز بہتر ہوتے ہیں جو دماغ کیلئے اہم ہیں، جیسے تکسیدی تناؤ، ورم، بلڈ شوگر کی سطح اور انسولین کی مزاحمت میں بہتری کا اثر دماغ پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔
(۸) الزائمر امراض کی ممکنہ روک تھام
 الزائمر امراض کا کوئی علاج نہیں ہے البتہ اس سے بچا ضرور جاسکتا ہے۔ جانوروں پر ہونے والی تحقیقی رپورٹس سے معلوم ہوا کہ انٹرمٹنٹ فاسٹنگ سے الزائمر کا شکار ہونے کا عمل التوا کا شکار ہوسکتا ہے۔

روزوں کے متعلق دِی امریکن جرنل آف کلینکل نیوٹریشین کی تحقیق
فروری ۲۰۲۴ء میں شائع ہونے والی تحقیق کے چند اہم نکات
ایک ماہ روزہ رکھنے والوں میں مختلف اقسام کے کینسر کے خطرات کم ہوجاتے ہیں۔
روزہ داروں کا خون ایک ماہ کے دوران قدرتی طور پر صاف ہوجاتا ہے۔
دور حاضر میں ’’انٹر میٹنٹ فاسٹنگ‘‘ کے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس میں بھوکا پیاسا رہنے کی وہی تکنیک آزمائی جاتی ہے جس کی پیروی ماہ مبارک میں روزہ دار کرتے ہیں، یعنی اپنے آپ کو کھانے پینے سے چند گھنٹوں دور رکھنا۔ اس عمل میں جسم کی اضافی چربی پگھل جاتی ہے اور انسان صحت مند ہوتا ہے۔ یہی نہیں بلکہ وزن میں بھی کمی واقع ہوتی ہے۔
قوت مدافعت بڑھ جاتی ہے اور اس کا جسم مختلف بیماریوں سے لڑنے کی طاقت رکھتا ہے۔
خون میں گلوکوز اور کولیسٹرول کی سطح معتدل ہوجاتی ہے اور بلڈ پریشر کنٹرول میں رہتا ہے۔
اگر کوئی شخص ڈپریشن میں مبتلا ہے تو اس بیماری کی علامتیں ختم ہوجاتی ہیں۔
شام میں کھجور اور مختلف پھلوں سے روزہ کھولنا صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔ 

روزوں کے متعلق کنگ سعود یونیورسٹی کی تحقیق
رمضان میں روزے رکھنے اور اس کے طبی فوائد کے متعلق تحقیق کرنے کے معاملے میں سعودی عرب کی کنگ سعود یونیورسٹی سر فہرست ہے
روزہ رکھنے کا سب سے اہم فائدہ یہ ہے کہ اس سے امنیاتی نظام مضبوط ہوتا ہے جو مختلف بیماریوں سے جسم کو بچاتا ہے اور وائرس اور بیکٹیریا کو ختم کرتا ہے۔
ٹائپ ٹو ذیابیطس سے حفاظت ہوتی ہے۔ متعدد تحقیقات میں یہ ثابت ہوا ہے کہ کھجور اور پھلوں کے ذریعے جو شکر ہمارے جسم میں جاتی ہے، وہ مفید ہوتی ہے۔ 
رمضان میں انسان کی کھانے پینے کی عادتوں میں سدھار آتا ہے جس کا واضح اثر اس کے جسم پر نظر آتا ہے۔ وزن کم ہوتا ہے اور جسم سے زہریلے مادوں کا اخراج ہوتا ہے۔
دل کی صحت کیلئے روزوں کی اہمیت کا اعتراف مختلف تحقیقی اداروں نے کیا ہے۔
عام دنوں کے مقابلے میں رمضان میں عبادت کو زیادہ وقت دیا جاتا ہے جس سے نہ صرف ذہنی بلکہ قلبی اور روحانی سکون بھی عطا ہوتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK