اس میں موجود کیرو ٹینائڈز نامی اینٹی آکسیڈنٹس جسم کو بہت سی بیماریوں سے بچانے میں مدد فراہم کرتے ہیں
گاجرکوئی عام سبزی نہیں بلکہ اس کے اندر بہت سی طبی خصوصیات موجود ہوتی ہیں۔ اس سبزی کو زیادہ تر سلاد کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے ۔اس کے علاوہ گاجر کا جوس بھی بنایا جاتا ہے جو کہ نہایت ذائقہ دار اور فائدہ مند ہوتا ہے۔گاجر کے فوائد
بینائی میں مفید : گاجروں میں وٹامن اے کافی مقدار میں پایا جاتا ہے جو بینائی میں مفید تصور کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ان میں بیٹا کیروٹین کی بڑی مقدارپائی جاتی ہے ۔یہ آنکھوں کو تیز روشنی اور خاص طور پر سورج کی روشنی جذب کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے اور انہیں سورج کی نقصان دہ شعاعوں سے بھی بچاتا ہے۔
ہائی بلڈ پریشر کا علاج:گاجر اور اس کے جوس کو ہائی بلڈ پریشر کا بھی بہترین علاج تصور کیا جاتا ہےکیونکہ اس سبزی میں پوٹاشیم اور فائبر کافی مقدار میں پائے جاتے ہیں جو ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
صحت قلب میں مفید:طبی ماہرین کے مطابق گاجر کا استعمال دل کے مریضوں کیلئے بھی نہایت مفید ثابت ہوتا ہے کیونکہ اس میں موجود پوٹاشیم دل کو خون پہنچانے والی رگوں کو سکون پہنچاتی ہے اور انہیں طبی مسائل لاحق نہیں ہونے دیتی۔
قوت مدافعت میں بہتری: گاجر میں وافر مقدار میں اینٹی آکسیڈنٹس خصوصیات پائی جاتی ہیں اور خاص طور پر یہ وٹامن سی سے بھرپور ہوتی ہے۔ وٹامن سی نہ صرف جسم کو مختلف بیماریوں سے بچاؤ میں مدد فراہم کرتا ہے بلکہ قوت مدافعت کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
ہڈیوں کی مضبوطی میں اضافہ : اس سبزی میں وٹامن کے اور کیلشیم بھی پائے جاتے ہیں جو ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ گاجر میں فاسفورس بھی پائی جاتی ہے جو ہڈیوں کی صحت میں بہتری لانے کیلئےمفید سمجھی جاتی ہے۔