Inquilab Logo

موسم کے لحاظ سے روزمرہ کے معمولات میں تبدیلی موسمی بیماریوں سے محفوظ رکھتی ہے

Updated: February 03, 2023, 4:36 PM IST | Mumbai

ساتھ ہی اپنی غذائیں بھی تبدیل کریں، صاف صفائی کا خاص خیال رکھیں، کم سے کم ۸؍ اور زیادہ سے زیادہ ۹؍ گھنٹے کی نیند لیں،موسمی پھلوں اور سبزیوں کو خوراک کا حصہ بنائیں یہ قوت مدافعت کو مستحکم کریں گی

Set aside at least half an hour for exercise in 24 hours, it will give your body strength and heat.
۲۴؍ گھنٹے میں کم سے کم نصف گھنٹہ ورزش کیلئے مختص کریں اس سے آپ کے جسم کو طاقت اور حرارت ملے گی۔

موسم گرما کی عام بیماریاں
فوڈ پوائزننگ، ڈی ہائیڈرینش، پیچش، چیچک، خسرہ، ٹائفائیڈ، لو لگنا، خارش، ڈائریا، کالرا، آشوب چشم، قبض، موسمی بخار۔
موسم باراں کی عام بیماریاں
چکن گنیا، ملیریا، ٹائفائیڈ، انفلوئنزا، ڈینگو، ملیریا، کالرا، پیچش، یرقان، پیٹ کی مختلف بیماریاں، موسمی بخار۔
موسم سرما کی عام بیماریاں
سردی، کھانسی، زکام، کان کا انفیکشن، جوڑوں کا درد، جل کی خشکی، موسمی بخار۔
 موسم گرما اور باراں کے مقابلے میں سرما میں زیادہ بیماریاں نہیں پھیلتیں البتہ بیکٹیریا اور وائرس سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ آپ اپنے طور پر حفاظتی اقدامات کریں۔ موسم سرما طبی لحاظ سے فائدہ مند ہے اس لئے اس موسم میں طلبہ اپنی صحت کا خیال اس طرح رکھیں
صحت مند خوراک
 متوازن غذا کھانا جس میں اناج، مچھلی، مرغی، پھلیاں، گری دار میوے اور بیج، جڑی بوٹیاں اور مسالے کے ساتھ وافر مقدار میں تازہ پھل اور سبزیاں شامل ہیں مدافعتی نظام کو مستحکم کرنے کیلئے ضروری ہیں۔ اس موسم میں وٹامن سی سے بھرپور غذاؤں کا زیادہ استعمال کریں کیونکہ یہ مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے اور جسم کو صحت مند رکھنے میں مدد کرتی ہیں۔
ورزش کی عادت
 موسم سرما میں لوگ چلنا پھرنا کم کردیتے ہیں اس لئے اس موسم میں موٹاپے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں۔ اس موسم میں چست فٹ رہنے کیلئے جسمانی سرگرمی اہم ہے۔ ۲۴؍ گھنٹے میں کم سے کم نصف گھنٹہ ورزش کیجئے اس سے آپ کے جسم کو حرارت ملے گی نیز جسم میں چربی بننے کا عمل سست ہوگا۔ صحت مند غذائیں اور ورزش سے آپ کے مسلز بڑھیں گے۔ 
جلد کی خشکی سے کیسے بچیں
 سردیوں میں جلد کی خشکی سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ آپ زیادہ گرم پانی سے نہ نہائیں بلکہ نیم گرم پانی سے نہائیں اور دن میں کم سے کم ۸؍ سے ۱۰؍ گلاس پانی پئیں۔ جلد کی دیکھ بھال کیلئے موئسچرائزنگ کریمیں ضرور استعمال کریں۔
کم سے کم ۸؍ گھنٹے کی نیند
 یہ حقیقت ہے کہ موسم سرما میں نیند زیادہ آتی ہے اور ہر عمر کے افراد کا صبح بستر سے نکلنا دشوار نظر آتا ہے لیکن سرما کی صبح جلدی بیدار ہونے، چہل قدمی کرنے اور سورج کی روشنی لینے سے ایک اچھی اور صحت مند صبح کا آغاز کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ موسم سرما میں صبح کی دھوپ ضرور کیں۔ تاہم، زیادہ نیند لیں نہ کم۔ کم سے کم ۸؍ اور زیادہ سے زیادہ ۹؍ گھنٹے کی نیند لیں۔ نیند ذہنی تناؤ کو کم اور مدافعتی نظام کو مستحکم کرتی ہے۔
صفائی کا خیال
 کسی بھی موسم میں بیماریوں سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ صاف صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ گھر سے باہر جانے یا کسی ایسی جگہ ، جہاں بہت سے لوگوں نے ہاتھ رکھا ہو، پر ہاتھ رکھنے کے بعد ضروری ہے کہ ہاتھوں کو اچھی طرح دھو لیا جائے۔ اس سے بیکٹیریا اور وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکتا ہے نیز بہت سی بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔
سرما میں صحت میں معاون چند غذائیں
 پھل اور سبزیاں:ماہرین اس موسم میں خشک میوہ جات، گریاں اور سبز پتوں والی سبزیوں سمیت اس موسم کے مخصوص پھلوں کو زیادہ کھانا بہتر تصور کرتے ہیں۔ اس موسم میں اپنے آپ کو صحت مند اور توانا رکھنے کیلئے پھل اور سبزیاں کھائیں۔پھلوں کی چاٹ بنا کر کھائی جاسکتی ہے اور سبزیوں کو ابال کر ان کا گرم سوپ پیا جاسکتا ہے۔
 آئرن سے بھرپور غذائیں: موسم سرما میں آئرن سے بھرپور غذائیں صحت کیلئے ضروری ہیں۔ جسم میں آئرن کی سطح کو برقرار رکھنے کیلئے ضروری ہے اس موسم میں آئرن والی غذائیں کھائیں جیسے دالیں، بیج، چنے، ہری سبزیاں اور ڈرائی فروٹس ۔
  وٹامن ڈی سے بھرپور غذائیں:موسم سرما میں سورج کم کم نکلتا ہے جس سے جسم کو وٹامن ڈی نہیں مل پاتا۔ ہڈیوں کو وٹامن ڈی کی اشد ضرورت ہوتی ہے اسلئے کینو، امرود، انار، کیلے یا سیب کھائیں۔ سامن اور ٹونا مچھلی، سنترے کا رس، دودھ، مکھن، پنیر، مٹر کی چٹنی اورانڈے کی زردی کو اپنی خوراک کا حصہ ضرور بنائیں۔
 خشک میوه جات:موسم سرما میں میوہ جات ضرور کھائیں۔ چھوٹی موٹی بھوک مٹانے کیلئے خشک میوہ جات (ڈرائی فروٹس) ہی کا استعمال کریں۔ 
 شہد: شہد میں منرلز اور وٹامنز کے ساتھ اینٹی آکسیڈینٹ خوبیاں بھی شامل ہیں۔ اینٹی آکسیڈینٹ خوبیاں جسم میں موسمی بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت مستحکم کرتی ہیں اور عام بیماریوں سے بچاتی ہیں۔ 
 دیسی گھی:دیسی گھی کے متعلق عام طور پر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ چربی کی وجہ سے نقصاندہ ہے۔ کئی طبی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ دیسی گھی جسم میں موجود اضافی چربی کو ختم کرنے میں مدد کرتا ہے۔ 
 گڑ :یہ نظام ہضم کو بہتر بناتا ہے اور قوت مدافعت مضبوط کرتا ہے۔ میٹھے پکوانوں میں شکر کے بجائے گڑ کا استعمال کریں ۔
 کالی مرچ اور اجوائن: یہ اپنی خوراک میں لازمی شامل کریں، خاص طور پر چائے اور قہوے میں ان کا استعمال بڑھائیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK