EPAPER
Updated: November 27, 2020, 8:15 PM IST | Mumbai
چین کا مقامی اور قومی جانور پانڈا اپنی سفید وسیاہ رنگت اور معصوم انداز کی وجہ سے دنیا بھر میں مقبول ہے۔
چین کا مقامی اور قومی جانور پانڈا اپنی سفید وسیاہ رنگت اور معصوم انداز کی وجہ سے دنیا بھر میں مقبول ہے۔عام افراد کیلئے پانڈا کے جسم پر سفید و سیاہ رنگوں کا امتزاج جہاں انفرادیت کی بات ہے، وہیں دنیا بھر کے سائنسداں آج تک اس تلاش میں تھے کہ آخر پانڈا کے جسم کا رنگ اس قدر انوکھا کیوں ہے؟ چینی خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق امریکی محققین کی ٹیم سیاہ کان، آنکھیں اور ہاتھ پاؤں کے ساتھ بھاری بھرکم سفید جسم کے حامل پانڈا کی رنگت کا راز حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ یونیورسٹی آف کیلیفورنیا اور کیلیفورنیا اسٹیٹ یونیورسٹی لانگ بیچ کے محققین پر مشتمل تحقیقاتی ٹیم نے پانڈا کے اس رنگ کی وجہ کیموفلاج (خود کو ماحول میں گم کرلینا) اور دیگر پانڈا سے رابطے کو قرار دیا ہے۔
محققین کے مطابق پانڈا کا چہرہ، گردن، اور نچلا دھڑ سفید ہونے کی وجہ برفیلے ماحول میں اسے دیگر جانوروں سے بچنے میں مدد فراہم کرنا ہے جبکہ سیاہ کندھے اور ٹانگوں کی وجہ چھاؤں میں کیموفلاج جیسا تاثر دینے میں مدد فراہم کرنا ہے۔تاہم، پانڈا کے چہرے پر موجود سیاہ نشانات کے حوالے سے سائنس دانوں کی دریافت کافی انوکھی ہے۔تحقیق کے مطابق پانڈا کے سیاہ کان اس کے غصے کا اشارہ دینے کا ذریعہ ہوسکتے ہیں جبکہ آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں سے پانڈا اپنے جیسے دیگر پانڈا میں فرق کرتے ہیں اور انہیں پہچانتے ہیں ۔تحقیق میں یہ واضح نہیں ہوسکا کہ پانڈا کی کھال کا یہ منفرد رنگ اس کا جسم کا درجہ حرارت کنٹرول کرنے میں بھی کوئی کردار ادا کرتا ہے یا نہیں ۔اس دریافت کے سینئر محقق ڈاکٹر ٹم کارو کہتے ہیں کہ پانڈا کا یہ رنگ طویل عرصے سے حیاتیات کے ماہرین کیلئے حیرت کی وجہ تھا کیونکہ دنیا کا کوئی اور جانور اس سے مماثل نہیں ۔یہی وجہ ہے کہ اس پر برسوں سے تحقیق جاری ہے۔