Inquilab Logo

ڈاکٹر بدھان رائے ماہر طبیب، ماہر تعلیم اور سیاستداں تھے

Updated: November 24, 2023, 2:12 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

ان کی یاد میں ہر سال یکم جولائی کو ’ نیشنل ڈاکٹرز ڈے‘ منایا جاتا ہے۔انہوں نے کئی میڈیکل کالجز اور اسپتال کے قیام میں اہم کردار اداکیا ہے۔

Dr. Roy was the first president of the Cardiological Society of India. Photo: INN
ڈاکٹررائے،کارڈیالوجیکل سوسائٹی آف انڈیا کے پہلے صدر تھے۔ تصویر : آئی این این

بدھان چندرا رائے(Bidhan Chandra Roy) ایک ہندوستانی طبیب، ماہر تعلیم اور سیاستداں تھے جنہوں نے ۱۹۴۸ءسے لے کر۱۹۶۲ء میں اپنی موت تک مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ کے طور پر خدمات انجام دیں ۔انہوں نے کئی اداروں اور شہروں کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا۔ہندوستان میں ڈاکٹروں کا قومی دن انہی کی یاد میں ہر سال یکم جولائی کو منایا جاتا ہے۔ بدھان چندرا رائے کو ۱۹۶۱ءمیں سب سے بڑے شہری اعزاز’ بھارت رتن ‘سے نوازا گیا تھا ۔
 بدھان چندرا رائے یکم جولائی ۱۸۸۲ءکو پٹنہ کے بنکی پور میں ایک بنگالی برہمن خاندان میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد پرکاش چندر رائے، کھلنا ضلع (اب بنگلہ دیش میں ) کے ایک امیر خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ بطور ایکسائز انسپکٹر ان کی والدہ، اگھورکامینی دیوی، مذہبی اورسماجی کارکن تھیں ۔ بِدھان پانچ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے تھے۔
 بدھان چندرا رائے نے۱۸۹۷ء میں پٹنہ کالجیٹ اسکول میں تعلیم حاصل کی اور اپنا آئی اے(انٹر میڈیٹ آرٹس) حاصل کیا۔انہوں نےپٹنہ کالج سے اپنی انڈرگریجویٹ تعلیم مکمل کی ۔گریجویشن کرنے کے بعد، انہوں نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور کلکتہ میڈیکل کالج میں پوسٹ گریجویٹ تعلیم حاصل کرنے کیلئے درخواست دی تھی جسے دونوں اداروں نے قبول کرلیا اور انہوں نے مؤخر الذکر میں داخلہ لینے کا فیصلہ کیا۔بدھان نے کلکتہ میڈیکل کالج میں پڑھنے کیلئے جون۱۹۰۱ء میں پٹنہ کو خیر باد کہہ دیا ۔
 میڈیسن میں مزید تعلیم حاصل کرنے کیلئے سینٹ بارتھولو میوہاسپٹل،لندن میں داخلہ لینے کا ارادہ رکھتے ہوئے، بدھان فروری۱۹۰۹ء میں ۱۲۰۰؍روپے لے کر برطانیہ روانہ ہوئے۔ سینٹ بارتھولومیوہاسپٹل کے اس وقت کے ڈین نے ایک ایشیائی طالب علم کو قبول کرنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا اور ان کی درخواست کو مسترد کر دیا۔ داخلے کی۳۰؍ درخواستوں کے بعد، بدھان کو قبول کیا گیا۔انہوں نے اپنی تعلیم دو سال اور تین ماہ میں مکمل کی اور مئی۱۹۱۱ء میں رائل کالج آف فزیشنز کے رکن اور بیک وقت رائل کالج آف سرجنز کے فیلو بن گئے۔ وہ ۱۹۱۱ءمیں وطن واپس آئے۔
 وطن لوٹنے کے بعد بدھان چندرا رائے نے صوبائی ہیلتھ سروس میں شمولیت اختیار کی۔بعد ازاں انہوں نے کلکتہ میڈیکل کالج،کیمبل میڈیکل اسکول (اب این آر ایس میڈیکل کالج) اور کارمائیکل میڈیکل کالج (اب آر جی کار میڈیکل کالج) میں درس دیا۔ چندرا رائے نے ۱۹۴۸ء سے ۱۹۵۰ءتک کارڈیالوجیکل سوسائٹی آف انڈیا کے پہلے صدر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں ۔
  انہوں نے جادھو پور ٹی بی اسپتال، چترنجن سیوا سدن، کملا نہرو میموریل اسپتال، وکٹوریہ انسٹیٹیوشن اور چترنجن کینسر اسپتال کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔بدھان رائے مہاتما گاندھی کے ذاتی ڈاکٹر اور دوست بھی تھے۔کانگریس پارٹی نے بنگال کے وزیر اعلیٰ کیلئے رائے کا نام تجویز کیا۔ رائے خود کو طب کیلئے وقف کرنا چاہتے تھے۔ تاہم، گاندھی جی کے ایماء پر انہوں نے یہ عہدہ قبول کرلیا اور۲۳؍ جنوری۱۹۴۸ء کو وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالا۔ بیدھا نگر، کلیانی اور درگاپور جیسے شہروں کی ترقی کا سہر ا انہی کے سر بندھتا ہے۔ ڈاکٹربدھان چندرا رائے کا انتقال یکم جولائی ۱۹۶۲ء کو کولکاتا میں ہوا تھا ۔n
(وکی پیڈیا)

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK