Inquilab Logo

انگریزی، الجبرا، جیومیٹری، سائنس اوّل اور دوم کی تیاری کیسے؟

Updated: February 14, 2020, 11:03 AM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

ماہر اساتذہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی مضمون کا پرچہ حل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ طلبہ اس کے بنیادی کانسیپٹ کو سمجھیں اور وقت کی پابندی کے ساتھ زیادہ سے زیادہ مشقی پرچے حل کرنے کی کوشش کریں۔ امتحانات میں کم وقت رہ گیا ہے۔ اب طلبہ کو فوری طور پر اعادہ شروع کردینا چاہئے۔ بیشتر طلبہ نے ٹائم ٹیبل تیار کرکے یہ کام شروع بھی کردیا ہوگا لیکن بہت سے طلبہ ایسے بھی ہوں گے جو ذہنی تناؤ کا شکار ہوں گےاور صحیح طریقے پڑھائی نہیں کرپا رہے ہوں گے۔ ایسے طلبہ کو چاہئے کہ وہ پریشان نہ ہوتے ہوئے اپنی پوری توجہ پڑھائی پر مرکوز کردیں۔

طلبہ فوری طور پر پڑھائی شروع کردیں۔ تصویر: آئی این این
طلبہ فوری طور پر پڑھائی شروع کردیں۔ تصویر: آئی این این

ایس ایس سی کے امتحانات ۳؍ مارچ سے شروع ہوجائیں گے یعنی دسویں کے طلبہ کے پاس آج سے صرف ۱۷؍ سے ۱۸؍ دن ہیں ۔ اب طلبہ کو فوری طور پر اعادہ شروع کردینا چاہئے۔ بیشتر طلبہ نے ٹائم ٹیبل تیار کرکے یہ کام شروع بھی کردیا ہوگا لیکن بہت سے طلبہ ایسے بھی ہوں گے جو ذہنی تناؤ کا شکار ہوں گےاور صحیح طریقے پڑھائی نہیں کرپا رہے ہوں گے۔ ایسے طلبہ کو چاہئے کہ وہ پریشان نہ ہوتے ہوئے اپنی پوری توجہ پڑھائی پر مرکوز کردیں اور زیادہ سے زیادہ نمبر حاصل کرنے کیلئے اچھی طرح پڑھائی کریں ۔ یہ یاد رہے کہ انہیں مشکل مضامین پر زیادہ توجہ دینی ہے جبکہ آسان مضامین کا یکسوئی سے مطالعہ کرنا ہے۔ 
 عام طور پر، الجبرا، جیومیٹری، سائنس اول، سائنس دوم اور انگریزی جیسے مضامین طلبہ کو مشکل محسوس ہوتے ہیں ۔ اس لئے ان کی رہنمائی کیلئے پانچوں مضامین کے ماہر اساتذہ سے بات چیت کی گئی ہے تاکہ طلبہ اس سے استفادہ کریں ۔
انگریزی
 انگریزی کا پرچہ ’ایکٹیویٹی شیٹ‘ کی طرح ہے اسلئے اسے حل کرنا آسان ہے۔ ۸۰؍ مارکس کے پرچے میں ۷؍ سوالات ہونگے۔ پہلے سوال میں انگریزی کی بنیادی چیزیں پوچھی جائیں گے جیسے حروف تہجی کے مطابق الفاظ ترتیب وار لگانا، وغیرہ۔ اگر طلبہ تھوڑی سی توجہ دیں تو اس میں پورے ۱۰؍ نمبر حاصل کرسکتے ہیں ۔ دوسرے سوال میں ۲؍ سین پیسج ہونگے۔ سوال و جواب کے علاوہ ان میں آسان سوالات ہوتے ہیں جیسے خانہ پری، صحیح غلط، صحیح ترتیب میں جملے لگانا، ہم معنی الفاظ یا ضد لکھنا، کس نے کس سے کہا اور گرامر کے چند جملے، وغیرہ۔ تیسرا سوال ’پوئٹری‘ کا ہوتا ہے جس میں ۵؍ مارکس سوال جواب کے جبکہ ۵؍ اپریسیئشن کا ہوتا ہے۔ تھوڑی سی محنت سے طلبہ کو اس میں بھی پورے مارکس مل سکتے ہیں ۔سوال نمبر ۴؍ اَن سین پیسج کا ہوتا ہے جس میں سین پیسج کے طرز ہی کے سوالات ہوتے ہیں ۔ طلبہ ’پرسنل رسپانس‘ والا سوال ضرور حل کریں ، اس میں انہیں آسانی سے مارکس مل سکتے ہیں ۔ سوال نمبر ۵؍ لیٹر رائٹنگ اور ڈائیلاگ رائٹنگ کا ہے۔ تھوڑی سی توجہ اور محنت سے یہ دونوں چیزیں بھی لکھی جاسکتی ہیں ۔ سوال نمبر ۶؍ اور ۷؍ کمپوزیشن اور ٹرانسلیشن کا ہے۔ ترجمہ کرتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ انگریزی میں ’سبجیکٹ، ورب، آبجیکٹ‘ کی ترتیب ہوتی ہے جبکہ اردو میں ’سبجیکٹ، آبجیکٹ، ورب‘ یہ ترتیب ہوتی ہے۔ اسی طرح ۱۰؍ سے ۱۵؍ ’پروورب‘ یاد کرلیں ۔ ہر سوال کیلئے ۲۴؍ منٹ دیں ۔ اس طرح ۱۶۸؍ منٹ میں پورا پرچہ حل کیا جاسکتا ہے۔ امتحان سے قبل طلبہ زیادہ سے زیادہ مشقی پرچے حل کریں ۔
شیخ اخلاق احمد،کریئر کاونسلر اور انگریزی ٹیچر، الاتحاد اردو ہائی اسکول، جوگیشوری


الجبرا
 الجبرا میں کل ۶؍ باب ہیں اور یہ تمام بہت آسان ہیں ۔ دو متغیری خطی مساوات اور مربعی مساوات، ان دونوں ہی ابواب میں سوالات حل کرنے کے ۳۔۳؍ طریقے ہیں ۔ طلبہ کواس بات کا دھیان رکھنا ہے کہ امتحان میں کون سا طریقہ پوچھا گیا ہے جو طریقہ پوچھا گیا ہو اسی طریقے سے سوالات حل کریں ۔ تھوڑی سی مشق سے طلبہ تینوں طریقوں کو سمجھ سکتے ہیں ۔حسابی تصاعد میں طلبہ کو ضابطوں نیز ’ٹی این‘ اور ’ایس این‘ کا مطلب سمجھنا ہے۔اسی طرح طلبہ باقی اسباق کا بھی اچھی طرح مطالعہ کریں ۔ یاد رہے کہ الجبرا مشکل ضرورمعلوم ہوتا ہے لیکن اگر ایک مرتبہ اسے سمجھ لیا جائے تو یہ ہمیشہ یاد رہتا ہے۔اگر طلبہ کو بنیادی ضابطے، ان کی باریکیاں اور قواعد معلوم ہوں تو وہ اس مضمون میں پورے نمبر حاصل کرسکتے ہیں ۔
الناصر عبدالصمد مومن، صدر مدرس، شاہین ہائی اسکول، کراڈ


جیومیٹری
 جو طلبہ جیومیٹری کی تیاری صحیح طریقے سے نہیں کرسکے ہیں ، وہ سب سے پہلے درسی کتاب میں موجود تمام ضابطے ایک جگہ لکھ لیں اور انہیں یاد کرلیں ۔ امتحان میں اگر سوال سمجھ کر طالب علم صحیح ضابطہ اور قیمت لکھے گا تو اسے آسانی سے ایک یا ۲؍ مارکس مل جائیں گے۔ اسی طرح سبق نمبر ایک، دواور مساحت میں ، ایک، ۲؍ اور ۳؍ نمبر والے سوالوں کی اچھی طرح مشق کرلیں ۔ محددی علم ہندسہ بہت آسان سبق ہے۔ اس کی اچھی طرح مشق کرلیں تو، ان چاروں اسباق کی مدد سے طلبہ اچھے خاصے مارکس حاصل کرسکتے ہیں ۔ جو طلبہ جیومیٹری میں پورے نمبر حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں انہیں چاہئے کہ وہ تمام ضابطے یاد کرنے کے علاوہ ان کی باریکیوں کو بھی سمجھیں ۔ علاوہ ازیں ، کتاب کے ہر سوال کو ایک مرتبہ اچھی طرح سمجھ کر حل کریں ۔ دائرہ اور علم مثلث میں ثابت کرنے والے سوالوں کی جو لاجک ہے، اسے سمجھنا بہت ضروری ہے۔
شعیب حسین جعفر حسین، جیومیٹری اور سائنس ٹیچر، مولانا آزاد اردو ہائی اسکول، سانتا کروز


سائنس اول
 بیشتر طلبہ کو سائنس اول بہت مشکل محسوس ہوتا ہے لیکن اگر طلبہ اسباق کا مطالعہ اسے دیئے گئے نمبروں کی مناسبت سے کریں تو انہیں بہت آسانی ہوگی۔ طلبہ ان اسباق پر زیادہ توجہ دیں جنہیں زیادہ نمبر دیئے گئے ہیں ، مثلاً سبق نمبر ۴؍ (برقی رو کے اثرات) اور سبق نمبر ۹؍ (کاربنی مرکبات) سے مفصل جوابات پوچھے جائیں گے اس لئے طلبہ ان دونوں اسباق کا دھیان سے مطالعہ کریں ۔ اسی طرح معروضی سوالات میں پورے ۱۰؍ نمبر حاصل کرنے کیلئے طلبہ تمام اسباق کا بغور مطالعہ کریں ۔ سائنسی وجوہات بھی ضروری ہیں ۔ اگر طلبہ کے پاس وقت بچے تووہ نمونے کے پرچے بھی حل کریں ۔ اس پرچے میں طلبہ کو کم لکھنا ہوتا ہے اس لئے ہر طالب علم اس میں زیادہ سے زیادہ مارکس حاصل کرسکتا ہے۔
 عارف محمد خان، سائنس اور جغرافیہ ٹیچر، عبدالمجید سالار اقراء اردو ہائی اسکول، جلگاؤں


سائنس دوم
 سائنس دوم میں کل ۱۰؍ اسباق ہیں ۔ اگر طلبہ ہر سبق کیلئے ڈیڑھ سے ۲؍ دن مختص کریں تو امتحان شروع ہونے سے قبل اس مضمون کا اعادہ مکمل کرسکتےہیں ۔ سائنس دوم ۴؍ حصوں (ماحولیات، حیاتیات، خردبینی حیاتیات اور بائیو ٹیکنالوجی) پر مشتمل ہے۔ ماحولیات والا حصہ آسان ہے کیونکہ طلبہ یہ پچھلی جماعتوں میں پڑھ چکے ہیں ۔ اس حصہ میں اگر وہ خاکے اور فلو چارٹس کی ترتیب ذہن میں رکھیں تو انہیں بہت فائدہ ہوگا۔ حیاتیات میں کئی نئی اصطلاحات استعمال کی گئی ہیں ، طلبہ کو چاہئے کہ ان تمام کو اچھی طرح سمجھ لیں اور یاد کرلیں ۔ خردبینی حیاتیات میں تقریباً ۲۵؍ مائیکرو آرگینزم ہیں ، طلبہ ان کی فہرست بنالیں ،ان کے نام، سائنسی نام اور خصوصیات ازبر کرلیں ۔آخری ۲؍ اسباق بہت اہم ہیں ، ان پر تھوڑی توجہ کی ضرورت ہے۔
 شیخ جمیل احمد، کریئر کاؤنسلر اور سائنس ٹیچر، اقراء اردو بوائز اسکول، اورنگ آباد

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK