Inquilab Logo

ہرمن میلویل مشہور امریکی ناول نگار اورشاعر تھے

Updated: April 13, 2024, 5:20 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

والد کے جلد انتقال کے بعد انہوں نے اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ خاندان کا کاروبارآگے بڑھایا اور ذاتی طور پر اپنا مطالعہ بھی جاری رکھا۔

Melville`s masterpiece novel `Maby Dick` is one of the famous literary novels. Photo: INN
میلویل کا شاہکار ناول’مابی ڈِک‘مشہور ادبی ناولوں میں سے ایک ہے۔ تصویر : آئی این این

ہرمن میلویل(Herman Melville) ایک امریکی ناول نگار،افسانہ نگار، مضمون نگار اورامریکی نشاۃ الثانیہ کے دور کے شاعر تھے۔وہ سمندری موضوعات پر لکھےاپنے بیشترناولوںکیلئے مشہور ہیں۔اسی موضوع پر لکھا گیا ان کا شاہکار ناول’مابی ڈِک‘(۱۸۵۱ء)مشہور ادبی ناولوں میں سے ایک ہے ۔ ان کی شہرت بنیادی طور پر اسی ناول کی وجہ سے ہے لیکن ان کی دیگر کئی ادبی تخلیقات بھی اعلیٰ درجے کی ہیں۔اس ناول میں سچائی،فینٹسی،ایڈونچر اور مزاح کا شاندار امتزاج ہے۔میلویل کی بیشتر ادبی تخلیقات میں ان کے تجربات کا عکس دیکھا جاسکتا ہے جس نے انہیں اپنے وقت کے مقبول ترین مصنفین میں سے ایک بنا دیا۔ 
 ہر من میلویل کی پیدائش یکم اگست ۱۸۱۹ء کو نیو یارک سٹی، امریکہ میں ہوئی تھی۔ میلویل کے والد پیشے سے تاجر تھے۔ ۱۸۳۰ء میں انہوں نے البانی، نیویارک میں کھال کے کاروبار میں قسمت آزمانے کا فیصلہ کیالیکن دو سال کے اندر خاندان دیوالیہ ہو گیا اور ہرمن کے والد کا اچانک انتقال ہو گیا۔ میلویل اوران کے بہن بھائیوں نے خاندانی کاروبار کو آگے بڑھانے کیلئے اسکول چھوڑ دیا۔ اس دوران میلویل نے کئی ملازمتیں کی۔
 ان مشکلات کے باوجود، ہرمن میلویل نے اپنے طور پر مطالعہ کا سلسلہ جاری رکھا۔ انہوں نے،اساطیریت، بشریات اور تاریخ کا گہرائی سے مطالعہ کیا ۔ وہ شیکسپیئر کے شاعرانہ کمالات سے بھی بہت متاثر تھے۔ بچپن میں سنی ہوئی’ وہیل شپ ایسیکس‘ کی سنسنی خیز کہانی نے ان کے تخیل کو پرواز عطا کی اور ان کا ذہن بھی اس جانب مبذول ہوگیا۔
 ۱۸۳۹ء میں میلویل نے اپنا پہلا سفر بحر اوقیانوس کے پار ایک کیبن بوائے کے طور پر تجارتی جہاز سینٹ لارنس پر کیا۔ اس مہم کے ایک سال کے بعد، میلویل جنوری ۱۸۴۱ء میں وہیل بحری جہاز Acushnet کے عملے میں شامل ہوئے۔ اگلے تین برسوں کے دوران ہونے والا سنسنی خیز ایڈونچر نے ان کے ناولوں کیلئے بہت سارے مواد فراہم کئے۔ ۱۸۴۳ءمیں میلویل نے امریکی بحریہ میں خدمات انجام دیں، اور جب اگلے سال انہیں فارغ کر دیا گیاتو انہوں نے لانسبرگ میں اپنے بھائی کے گھر قیام کیا ۔ ۱۸۴۷ءمیں میلویل انگلینڈ منتقل ہوگئے اور پٹس فیلڈ کے ایرو ہیڈ فارم پر رہنے لگے، جہاںانہوں نے اپنا مشہور شاہکار ناول ’موبی ڈک‘ لکھا ، لیکن اس کے بعدانہیں معاشی طور پر پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ان کی ملکیت میں موجود کتابوں کا گودام اور سارا سامان جل گیا۔
۱۸۴۵ء سے ۱۸۵۷ء تک ہرمن میلویل نے بحیثیت ادیب کامیابی کا مزہ بھی چکھا اور ناکامیوںکا مقابلہ بھی کیا۔۱۸۵۷ء سے۱۸۷۶ء تک انہوں نے شاعری میں طبع آزمائی کی مگر جتنی پذیرائی ملنی چاہئے تھی اتنی نہیں ملی۔’بیٹلس اینڈ اسپیکٹس آف وار‘ان کے ۷۲؍ نظموں کا مجموعہ ہے۔ان کی مشہور کتابوں میں ’ٹائپ: اے پیپ ایٹ پولینیشین لائف‘ ،’وہائٹ جیکٹ‘،’ جان ماراینڈ ادرسیلرس (شعری مجموعہ) اور’ٹیمولیون‘ قابل ذکر ہیں۔ ہرمن میلویل کا انتقال ۲۸؍ ستمبر ۱۸۹۱ء کو نیویارک سٹی، امریکہ میں ہوا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK