EPAPER
Updated: June 23, 2023, 3:31 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai
اس کا آسان جواب یہ ہے کہ اپنی بُری عادتوں کو ترک کرنے سے بہتر ہے کہ اُنہیں اچھی عادتوں سے تبدیل کریں، آپ دیکھتے ہی دیکھتے قابل رشک بن جائینگے
کم عمری میں طلبہ اپنے اطراف کے ماحول سے متاثر ہوتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بچوں میں اچھی اور بری عادتیں ۹؍ سال کی عمر میں پروان چڑھتی ہیں یعنی یہی وہ عمر ہے جب انہیں اپنی توجہ اچھی عادتوں کی جانب مرکوز کرنی چاہئے لیکن اگر کوئی بری عادت ہو تو اسے تبدیل کرنا ممکن ہے۔ طالب علمی ہی کے دور میں اگر اس جانب توجہ دی جائے تو اچھی عادتیں آپ کی زندگی کا حصہ بن جائیں گی۔ اچھی عادتیں اپنا کر آپ صحتمند زندگی گزار سکتے ہیں۔ تعلیمی انقلاب کے گزشتہ شمارے میں بتایا گیا تھا کہ کسی بھی بری عادت کو اچھی عادت سے محض ۲۱؍ دنوں میں بدلا جاسکتا ہے۔ اس مضمون میں انہیں بتایا گیا ہے کہ ۲۱؍ دنوں کا ضابطہ کیا ہوتا ہے۔ علاوہ زیں، اور وہ چاہتے ہیں کہ یہ عادتیں ان میں ہمیشہ رہیں تو انہیں ان پر مسلسل ۹۰؍ دنوں تک عمل کرنا ہوگا۔ خراب عادت
کیسے ترک کریں؟
بری عادت کا متبادل:
اپنی بری عادت کا متبادل منتخب کیجئے جو ایک اچھی عادت ہونی چاہئے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ تناؤ یا اکتاہٹ بری عادتوں کی وجہ بنتا ہے۔ اگر آپ موبائل فون پر اسکرولنگ سے بچنا چاہتے ہیں تو اس کا متبادل تلاش کیجئے، جیسے کتابیں پڑھنا۔ جتنی دیر اسکرولنگ سے بچنا چاہتے ہیں اتنی دیر کتاب پڑھئے۔
بری عادت سے دلچسپی ختم کیجئے
موبائل فون کی جو دلچسپیاں اسے آپ سے قریب لانے کی کوشش کرتی ہیں، انہیںختم کردیجئے، مثلاً اگر آپ کوئی غیر ضروری چینل دیکھتے ہیں تو خود سے سوال کیجئے کہ اس کے ذریعے آپ کا معیار زندگی کس طرح بہتر ہورہا ہے، اگر اس کا تسلی بخش جواب نہیں مل رہا ہے تو وہ چینل دیکھنا بند کردیجئے۔
کسی کے ساتھ مقابلہ آرائی
اگر آپ اپنی کسی بری عادت کو اپنے کسی دوست یا بہن بھائی کے ساتھ ترک کرنے کی کوشش کریں گے تو یہ آسانی سے ہوگا کیونکہ صحت مند مقابلہ آپ کو اچھی عادتیں اپنانے اور بری عادتیں ترک کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ اسی طرح دوسروں کی اچھی عادتوں کو بھی اپنانے کی کوشش کیجئے۔
اچھی عادت والوں سے دوستی
ایسے لوگوں سے دوستی بڑھایئے جو اچھی عادتوں کے حامل ہیں۔ اچھی صحبت بہت ضروری ہے۔ یہ آپ کو اچھی عادتوں والا شخص بننے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔اگر آپ موبائل فون کا غیر ضروری استعمال کم کرنا چاہتے ہیں تو ایسے لوگوں کو دوست بنایئے جن میں پہلے ہی یہ عاد ت نہیں ہے۔
مثبت خیالات کو جگہ دیجئے
اپنے دماغ میں مثبت خیالات کو جگہ دیجئے جو آپ کی بری عادتیں ترک کرنے میں کارآمد ثابت ہوں گے۔ یہ تصور کیجئے کہ موبائل کا غیر ضروری استعمال نہ کرکے آپ کون کون سے اچھے کام انجام دے سکتے ہیں اور اس طرح آپ کی زندگی کس طرح بہتر ہوجائے گی۔ یہ خیال آپ کو صحیح راہ کا انتخاب کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
’’ مَیں پہلے ایسا نہیں تھا‘
آپ جانتے ہیں کہ آپ کی قوت ارادی کتنی مضبوط ہے۔ آپ کو کسی کے جیسا بننے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ اپنے اس مقام پر لوٹنا ہے جس کے متعلق آپ کہتے ہیں کہ ’’مَیں پہلے ایسا نہیں تھا۔‘‘ آپ کو اپنی پرانی اور اچھی عادتوں کو اپنی شخصیت کاحصہ پھر سے بنانا ہے لہٰذا اسی سمت میں کام کیجئے۔
منفی خیالات سے دوری
منفی خیالات جیسے ’’مجھ سے نہیں ہوگا‘‘، ’’مَیں ایسا نہیں کرسکوں گا‘‘ وغیرہ کو اپنے ذہن میں جگہ مت دیجئے بلکہ ہمیشہ یہی سوچئے کہ مَیں اپنے آپ کو بدل سکتا ہوں کیونکہ اپنے اعمال کا مَیں ہی ذمہ دار ہوں۔
اکیس دن کا چیلنج
ہدف طے کیجئے (Setting goals)
یہ فیصلہ کرنے کے بعد کہ آپ اپنی کون سی خراب عادت کو اچھی عادت سے بدلنا چاہتے ہیں کہ منصوبہ بنایئے کہ آپ وہاں تک کیسے پہنچیں گے۔ یہ بات ہمیشہ ذہن میں رہے کہ آپ کو جلدی نہیں کرنا ہے۔ آہستہ آہستہ مگر مستقل مزاجی سے اپنے ہدف تک پہنچنے کی کوشش کیجئے۔
فہرست بنالیں(Make a checklist)
فہرست بنایئے کہ آپ نے جو ہدف طے کیا ہے وہاں تک پہنچے کیلئے آپ کو کون سی چیزیں ترک کرنی ہوں گی اور کون سی اپنانی ہوں گی۔ ہدف تک پہنچنے کیلئے آپ کون سا وقت طے کرینگے اور اس میں کون سی باتوں پر توجہ دینگے۔ اس دوران کون سے کام نہیں کرنے ہیں ان کی بھی نشاندہی ضروری ہے۔
توجہ ضروری ہے(Focus is important)
اگر کوئی بھی کام پوری توجہ کے ساتھ کیا جائے تو اس میں کامیابی ملتی ہے۔ ابتدائی ۲۱؍ دنوں میں اپنے شیڈول پر کاربند رہئے۔ اس بات کا خیال رہے کہ کسی بھی حالت میں اپنی توجہ غیر اہم یا بری عادت تک لے جانے والے والی چیزوں پر مرکوز نہیں کرنا ہے۔ مثبت باتوں پر توجہ دیجئے۔
اپنے آپ سے وعدہ (Commitment to yourself)
خود سے وعدہ کیجئے کہ مَیں نے جو ہدف طے کیا ہے، اسے ضرور حاصل کرلوں گا/کرلوں گی۔ کسی بھی نئے کام کا آغاز اسی وعدہ سے کیجئے۔ مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں گے تو کامیابی ضرور ملے گی۔ اپنے آپ سے وعدہ خلافی مت کیجئے۔ ۲۱؍ دن تک آپ کو خود سے کیا ہوا وعدہ پورا کرنا ہے۔
ہمت نہیں ہارنا ہے (Never give up)
اس عمل میں مختلف رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے لیکن آپ کو ہمت نہیں ہارنا ہے اور اس چیلنج کو درمیان میں نہیں چھوڑنا ہے۔ اگر مشکل درپیش ہو تو اپنی رفتار کم کرکے چند دن اور بڑھا لیجئے مگر ثابت قدمی سے اپنے ہدف کی جانب بڑھتے رہئے۔ سیکھنے کی رفتار آہستہ ہی سہی لیکن درست سمت میں ہونا چاہئے۔
اِن بری عادتوں کو......اِن اچھی عادتوں سے بدلئے
یوٹیوب یا دیگر ویڈیو پلیٹ فارمزپر دیر رات تک ویڈیوز دیکھنے سے بہتر ہے...سونے اور بیدار ہونے کا ٹائم ٹیبل بنانا اور اسی کی مناسبت سے سونا اور جاگنا۔
غیر صحت مند اشیاء، مشروبات یا جنک فوڈ کھانے سے بہتر ہے...گھر کا بنا کھانا کھانا، یا، گھر پر بنائی گئی صحت مند اور غذائیت سے بھرپور اشیاء کھانا۔
بری صحبت اختیار کرنے یا ان کے ساتھ فضول وقت گزارنے سے بہتر ہے ...ان افراد کے ساتھ صحت مند گفتگو کرنا جو آپ کو ترغیب اور تحریک دیتے ہیں۔
اسمارٹ فون پر اسکرولنگ کرنے یا ٹی وی پر وقت گزارنے سے بہتر ہے...روزانہ ورزش کیلئے کم از کم ایک گھنٹہ نکالنا۔ علاوہ ازیں، میدان میں جاکر کھیلنا۔
بات بات پر بدظن ہونے یا کسی بھی شخص سے شکایت کرنے سے بہتر ہے ...چھوٹی چھوٹی باتوں پر خوش ہونا اور احسان مندی کا مظاہرہ کرنا۔
غیر موافق حالات میں جھوٹ بولنے یا الزام تراشی سے بہتر ہے ...فرض شناس اور ذمہ دار شخص بننا۔ اگر کوئی غلطی ہوگئی ہو تو اس کی ذمہ داری قبول کرنا۔
برے وقت، کسی مشکل یا نا موافق حالات میں اووَر تھنکنگ سے بہتر ہے ...فعال ہوکر کام انجام دینا تاکہ ناموافق حالات کے منفی اثرات آپ پر کم اثر انداز ہوں۔
وقت بے وقت غیر ضروری باتیں کرتے رہنے سے بہتر ہے...بامعنی باتوں پر عمل کرنا، اور اس کے ذریعے اپنی زندگی کو بہتر بنانا۔
بامعنی باتوں پر عمل کرنا، اور اس کے ذریعے اپنی زندگی کو بہتر بنانا۔..ان کی خوبیوں اور اچھائیوں کو اپنی شخصیت کا حصہ بنانے کی کوشش کرنا۔
خیالی دنیا میں جینے یا ہمہ وقت خواب دیکھنے سے بہتر ہے...حقیقی دنیا میں سانس لیتے ہوئے اپنے خوابوں کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کرنا۔