Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوم آزادیٔ ہند ؛ ۱۵؍ اگست پر۱۵؍ سوالوں کے جواب!

Updated: August 11, 2023, 8:05 AM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

ہندوستان کی آزادی کے متعلق آپ نے نصابی کتابوں میں تفصیل سے پڑھا ہے۔ تاہم، بعض سوالات ایسے ہیں جو ایک طالب علم اور ہندوستانی ہونے کے ناطے آپ کو ضرور معلوم ہونے چاہئیں ۔

This year India will celebrate 76th Independence Day. Photo: INN
امسال ہندوستان ۷۶؍ ویں یوم آزادی منائے گا۔ تصویر: آئی این این

(۱) انگریزوں نے جو سرحد کھینچی اس کا نام کیا ہے؟
اس کا نام ’ریڈ کلف‘ ہے جو ۳؍ اگست ۱۹۴۷ء کو کھینچی گئی تھی لیکن اس کا باقاعدہ اعلان آزادی کے دو دن بعد یعنی ۱۷؍ اگست ۱۹۴۷ء کو کیا گیا تھا۔ یہ لائن سیریل ریڈکلف نے کھینچی تھی۔ یہ شخص تقسیم ہند کے وقت سرحد کمیشن کا چیئرمین تھا۔ تقسیم سے پہلے ہندوستان کے تقریباً۴۰؍ فیصد علاقے پر نوابی ریاستیں قائم تھیں ۔ یہ ریاستیں برطانوی راج کے ماتحت اتحاد میں شامل تھیں اس لئے یہ تقسیم ہند کا حصہ نہیں بنیں ۔ اس طرح برطانیہ انہیں آزاد کرسکتا تھا نہ تقسیم ۔ ریاستوں کے حکمرانوں کو یہ اختیار حاصل تھا وہ نئے بننے والے مملکتوں میں سے ایک کے ساتھ الحاق کر لیں یا آزاد رہیں ۔اس صورتحال میں تقریباً تمام نوابی ریاستوں نے فوری طور پر ہندوستان یا پاکستان میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔ 
(۲) یہ کیسے طے ہوا کہ کون سے علاقے ہندوستان اور کون سے پاکستان میں ہوں گے؟
سیریل ریڈکلف کو ملک کی تقسیم کیلئے ۵؍ ہفتے دیئے گئے جبکہ یہ شخص کبھی ہندوستان آیا ہی نہیں تھا۔ نقشے میں اسے بتایا گیا کہ اسے بنگال اور پنجاب کو تقسیم کرنا ہے کیونکہ ان علاقوں میں مسلمانوں کی اکثریت ہے ، اس طرح ہندوؤں کیلئے ہندوستان جبکہ مسلمانوں کیلئے مغربی پاکستان (بنگال کی تقسیم ) اور مشرقی پاکستان (پنجاب کی تقسیم) بنایا گیا۔ بنگال کی جانب والا یعنی مشرقی پاکستان بعد میں بنگلہ دیش کہلایا۔ 
(۳) آزادی کا عمل کتنے دنوں میں مکمل ہوا؟
۱۹۴۲ء ہی میں بھارت چھوڑو تحریک میں شدت آگئی تھی۔ دوسری عالمی جنگ بھی جاری تھی جس میں برطانیہ کاکافی سرمایہ لگاہوا تھا۔ ایک طرح سے اس کی اجارہ داری ختم ہورہی تھی اور طاقت کم ہوتی جارہی تھی لہٰذا ۱۹۴۶ء کے اواخر میں تحریک آزادی میں شدت دیکھتے ہوئے انگریزوں نے ملک چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ ۱۸؍  جولائی ۱۹۴۷ء کو قانونِ آزادیٔ ہند منظور کیا گیا، ۳؍  اگست کو ریڈ کلف خط کھینچا گیا، ۱۵؍ اگست کو آزادی ملی، ۱۷؍ اگست کو سرحد کا باقاعدہ اعلان ہوا، اور ۲۶؍ جنوری ۱۹۵۰ء کو ملک مکمل طور پر آزاد ہوگیا۔
(۴) یوم آزادی پر پنڈت نہروکی تقریر کا عنوان کیا تھا؟
اس کا عنوان ’مقدر سے معاہدہ‘ (A tryst with destiny) تھا۔
(۵) یوم آزادی پرمہاتما گاندھی کہاں تھے؟
یوم آزادی پر مہاتما گاندھی نواکھالی (بنگلہ دیش) میں تھے۔ تقسیم کے سبب فسادات پھوٹ پڑے تھے۔ گاندھی جی وہاں اقلیتوں کو اس ہنگامے سے بچانے کے وعدے کے ساتھ موجود تھے۔
(۶) کیا آزادی ملتے ہی انگریزوں نے ملک چھوڑدیا؟ 
جی نہیں ! انگریزوں نے ہندوستانیوں کو اقتدار دیا تھا مگر ۲۶؍ جنوری ۱۹۵۰ء تک ہندوستان مکمل طور پر آزاد نہیں ہوا تھا۔ اس کے خارجی امور اور کئی معاملات برطانیہ ہی کے ہاتھوں میں تھے۔ تاہم، آئین کے نفاذ کے بعد ہندوستان کے تمام معاملات ہندوستانیوں کے ہاتھوں میں آگئے۔ انگریزوں نے آہستہ آہستہ ملک چھوڑنا شروع کیا تھا۔ ۱۹۵۱ء میں ہندوستان میں کل ۲۸؍ ہزار انگریز تھے جبکہ ۱۹۷۱ء میں ۶؍ ہزار ۵۰۰۔
(۷) سری لنکا کے ساتھ کیا ہوا؟
برطانیہ نے ۱۹۳۵ء ہی میں سری لنکا کو ہندوستان سے علاحدہ کردیا تھا۔ آزادی کی تحریک کو کچلنے اور لوگوں کی طاقت کم کرنے کیلئے سری لنکا کو ملک سے الگ کیاگیا تھا۔ اس ملک کو ۴؍ فروری ۱۹۴۸ء کو آزادی ملی تھی۔ 
(۸) جن لوگوں نے ہجرت کی، انہیں کس طرح ٹھکانہ فراہم کیا گیا؟
آزادی کے بعد کم و بیش ۱۴ء۵؍ ملین افراد پاکستان سے ہجرت کرکے ہندوستان آئے۔ آزادی سے پہلے جب لوگوں میں یہ بات پھیلنے لگی کہ ملک کو مذہب کے نام پر تقسیم کیا جارہا ہے تو پاکستان کے سکھ اور غیر مسلم ہندوستان کا جبکہ ہندوستان کے مسلمان پاکستان کا رُخ کرنے لگے۔ جنہوں نے تقسیم سے قبل ہی سکونت اختیار کرلی تھی انہیں زیادہ مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا لیکن جن افراد نے تقسیم کے بعد ہجرت کی انہیں کافی مصائب جھیلنے پڑے۔ دونوں حکومتوں نے مہاجرین کیلئے مختلف کیمپ بنائے تھے۔ ان کا باقاعدہ رجسٹریشن ہوتا تھا۔ وہ کیمپ ہی میں رہتے تھے۔ انہوں نے اپنے طور پر ذریعۂ معاش تلاش کیا اور پھر آہستہ آہستہ یہاں کی فضا میں رچ بس گئے۔
(۹) برطانوی راج میں انڈین کرنسی کیسی تھی؟
برطانوی راج میں ایک روپے کو ۱۶؍ آنے میں جبکہ ہر آنے کو ۴؍ پیسے میں تقسیم کیا گیا تھا۔اس طرح ایک روپے میں ۶۴؍ پیسے تھے۔ واضح ہو کہ ۱۹۵۷ء میں ہندوستانی کرنسی میں تبدیلی کی گئی۔
(۱۰) کس نے فیصلہ کیا کہ ہندوستان ایک جمہوری ملک بنے گا؟ 
جدوجہد آزادی میں نمایاں کردار ادا کرنے والے لیڈروں مثلاً مہاتما گاندھی، پنڈت جواہر لعل نہرو، سردار ولبھ بھائی پٹیل، سبھاش چندر بوس، ڈاکٹر راجندر پرساد، مولانا ابولکلام آزاد، سروجنی نائیڈو وغیرہ، نے فیصلہ کیا کہ آزادی کے بعدہندوستان ایک جمہوری ملک بنے گا جہاں عوام کی حکومت عوام کے ذریعے منتخب ہوگی۔
(۱۱) اس وقت برطانیہ کا حکمراں اور وزیر اعظم کون تھا؟
آزادیٔ ہند کے وقت برطانیہ کا حکمراں شاہ جارج ششم جبکہ کلیمنٹ ایٹلی وزیر اعظم تھا۔
(۱۲) برطانوی راج میں ملک میں کتنی کمپنیاں تھیں ؟
برطانوی راج میں ملک میں ۷۰؍ اہم کمپنیاں تھیں ، یا، قائم ہوئی تھیں جن میں الہ آباد بینک، نیسلے، بریٹانیہ، پنجاب نیشنل بینک، ریزرو بینک آف انڈیا اور ٹاٹا گروپ کے نام قابل ذکر ہیں ۔
(۱۳) برطانویوں کو ہندوستان آنے کی تحریک کس سے ملی؟ 
برطانویوں کو ہندوستان آنے کی تحریک پرتگالیوں سے ملی۔ پرتگالی، ہندوستان میں اپنا تجارتی سامان بیچ کر بے پناہ منافع کماتے تھے۔
(۱۴)یوم آزادی پر لال قلعہ پر ترنگا کیوں لہراتے ہیں ؟ 
۱۸۵۷ء کی بغاوت میں لال قلعہ کو بطور ہندوستانی شناخت استعمال کیا گیا تھا۔ یہ قلعہ جدوجہد آزادی کا نشان بن گیا تھا۔ اس کے قریب بہت سی جنگیں لڑی گئیں اور بہت سے لوگوں نے اپنی جانیں قربان کیں ۔ اس لئے آزادی ملنے کے بعد ان قربانیوں کو یاد کرنے کیلئے لال قلعہ پر ترنگا لہرایا جاتا ہے۔
(۱۵) ایسٹ انڈیا کمپنی کو برصغیر میں تجارت کی اجازت کس نے دی تھی؟
ایسٹ انڈیا کمپنی کو برصغیر میں تجارت کی اجازت ملکۂ ایلزبیتھ اول نے دی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK