EPAPER
Updated: April 28, 2023, 5:54 PM IST | Shahebaz khan | Mumbai
سائنسداں اور ماہرین لسانیات کہتے ہیں کہ ابتدائی عمر میں انسان بیک وقت کئی زبانوں پر مہارت حاصل کرسکتا ہے۔ واضح رہے کہ ہمارے اسکولوں اور کالجوں میں طلبہ کو مذکورہ بالا تمام مضامین پڑھائے جاتے ہیں۔ تاہم، طلبہ ان زبانوں کو صرف نصابی تعلیم تک محدود نہ رکھیں بلکہ ان چاروں زبانوں پر عبور حاصل کرنے کی کوشش کریں۔
موسم گرما کی تعطیلات کا آغاز رمضان المبارک ہی میں ہوگیا تھا۔ اب عید الفطر بھی منائی جاچکی ہے۔ بیشتر طلبہ نے چھٹیوںمیں سیر و تفریح یا آبائی وطن جانے کا منصوبہ بھی بنایا ہوگا۔ بعض طلبہ آبائی وطن ہی میں ہوں گے۔ لیکن اس بات کا خیال رکھئے کہ چھٹیوں میں طلبہ سیر و تفریح کے ساتھ کئی مشاغل اپنا سکتے ہیں۔ دائیں جانب ہلکے نیلے باکس میں وہ تمام مشاغل بتائے گئے ہیں جو موسم گرما کی تعطیلات کے سبب وقتاً فوقتاً تعلیمی انقلاب میں شائع ہوتے رہے ہیں۔ ان میں سے سارے مشاغل اپنانا ممکن نہیں ہے مگر طلبہ اپنی سہولت کی مناسبت سے کم از کم ۵؍ سے ۱۰؍ مشاغل کی فہرست بناسکتے ہیں، جو وہ اِن چھٹیوں میں اپنا سکتے ہیں۔ جاری تعطیلات میں ان ۵؍ سے ۱۰؍ مشاغل کے ساتھ ایک مشغلہ اور اپنایئے، اور وہ ہے ذخیرۂ الفاظ میں اضافہ۔ اسکولوں میں اور تعلیمی انقلاب کے صفحات پر کئی مرتبہ آپ کی توجہ اس جانب مبذول کروائی گئی ہے۔
اردو، انگریزی، مراٹھی اور ہندی، اِن چار زبانوں میں مہارت حاصل کرنا ضروری ہے۔ اس کا آسان طریقہ یہ ہے کہ آپ ان زبانوں کے گرامر پر توجہ دینے کے ساتھ ان زبانوں کے اپنے ذخیرۂ الفاظ میں اضافہ بھی کریں۔
ذخیرۂ الفاظ میں اضافہ کرنا زیادہ مشکل کام نہیں ہے۔ زبانیں کیسے سیکھیں؟ اس کے متعلق بھی تعلیمی انقلاب میں طلبہ کی رہنمائی کی جاچکی ہے۔تاہم، ان کالموں میں آج طلبہ کو بتایا جارہا ہے کہ وہ ان ۴؍ زبانوں کے الفاظ کہاں سے تلاش کریں اور کس طرح انہیں یاد رکھیں۔ خیال رہے کہ تھوڑی سی کوشش اور محنت سے آپ اِن چاروں زبانوں پر عبور حاصل کرسکتے ہیں۔ ۲
اردو (Urdu)
اردو زبان کے الفاظ کہاں تلاش کریں؟
اردو کی نصابی کتابوں کے علاوہ غیر نصابی کتابوں، کہانیوں کی کتابوں اور نظموں میں اردو کے الفاظ بآسانی تلاش کئے جاسکتے ہیں۔ خیال رہے کہ بہت زیادہ مشکل مضامین یا کتابیں نہ پڑھیں بلکہ آسان زبان میں لکھی گئی کتابوں کا مطالعہ کریں۔ انہی میں آپ کو بے شمار الفاظ مل جائیں گے جنہیں آپ کو اپنے ذخیرۂ الفاظ میں ضرور شامل کرنا چاہئے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ زبان اور اس کے الفاظ سیکھنے کیلئے اس زبان کے معیاری نغمے بھی سنے جاسکتے ہیں لہٰذا اردو الفاظ کیلئے بالی ووڈ کے پرانے نغمےسنے جاسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں، آپ اردو رسائل، جرائد اور اخبارات کا بھی مطالعہ کرسکتے ہیں۔ روزنامہ انقلاب کے صفحہ ہمہ رنگ پر ’’آج کے الفاظ‘‘ کالم کے تحت روزانہ اردو کے ۲؍الفاظ شائع ہوتے ہیں، وہاں سے بھی آپ الفاظ یاد کرسکتے ہیں اور انہیں اپنے ذخیرۂ الفاظ کا حصہ بناسکتے ہیں۔ اردو کے الفاظ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کئے جاتے ہیں، ان میں انقلاب، ریختہ اور عشق اردوکے نام قابل ذکر ہیں۔
انگریزی (English)
انگریزی زبان کے الفاظ کہاں تلاش کریں؟
انگریزی کی نصابی کتابوں کے علاوہ غیر نصابی کتابیں ، کہانیوں کی کتابیں اور نظمیں پڑھیں۔ ان میں آپ کو کئی الفاظ ملیں گے۔ انگریزی رسائل، جرائد اور اخبارات کا مطالعہ کریں۔ انگریزی میں خبریں سنیں اور ٹاک شوز دیکھیں۔ انقلاب کے صفحہ ہمہ رنگ پر ’’آج کے الفاظ‘‘ کالم کے تحت روزانہ انگریزی کے ۲؍الفاظ مع تلفظ شائع ہوتے ہیں، وہاں سے بھی آپ الفاظ یاد کرسکتے ہیں۔تعلیمی انقلاب میں ’پلرز آف انگلش لٹریچر‘ کالم شائع ہوتا ہے، اس میں انگریزی کے مشہور ادیبوں کے بارے میں بتایا جاتا ہے، آپ ان کی مختصر کہانیاں آن لائن تلاش کرکے پڑھ سکتے ہیں۔
آکسفورڈ، میریم، کولنس جیسے ایپس اپنے اسمارٹ فون میں ڈاؤن لوڈ کرلیں، ان کی جانب سے روزانہ آپ کو ’’ورڈ آف دی ڈے‘‘ کا نوٹیفکیشن موصول ہوگا جس میں اس لفظ کی پوری تفصیل ہوگی۔
اپنے اسمارٹ فون سے گوگل پر براہ راست کسی لفظ کا معنی دیکھئے۔ اس کے نیچے ہی Word Coach کا ٹیب شروع ہوجائے گا۔ یہ ایک قسم کا کوئز ہے جس میں آپ سے متعدد الفاظ کے متعلق آسان سوالات مع آپشنز پوچھے جاتے ہیں۔۶؍ سوالوں پر مبنی کوئز کا ایک سیٹ ہوتا ہے، کھیلتے جایئے، یاد کرتے جایئے اور اپنا اسکور نوٹ کرتے جایئے۔
مراٹھی(Marathi)
مراٹھی زبان کے الفاظ کہاں تلاش کریں؟
اس کا سب سے آسان ذریعہ مراٹھی کی نصابی کتابیں ہیں۔ چھوٹے یا بڑے بہن بھائی کی مراٹھی کی نصابی کتابوں کی مدد سے بھی آپ اپنے ذخیرۂ الفاظ میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ اردو اور انگریزی ہی کی طرح مراٹھی زبان کے رسائل اور اخبارات کا مطالعہ کیا جاسکتا ہے۔ تاہم، آپ مراٹھی زبان کا کوئی ایک اخبار خرید لیجئے، روزانہ اس میں سے مراٹھی کا کوئی ایک لفظ یاد کرلیجئے۔ اس طرح ایک ماہ مکمل ہونے پر آپ کے مراٹھی کے ذخیرۂ الفاظ میں کافی اضافہ ہوجائے گا۔ مراٹھی کے الفاظ اور زبان سیکھنے کیلئے گوگل پلے اور ایپ اسٹور پر کئی ایپس دستیاب ہیں، جن میں ’’ورڈ آف دی ڈے‘‘ کی سہولت بھی ہے۔ چند اہم ایپس یہ ہیں:
italki, Udemy, Tandem, uTalk, Learn Marathi, Marathi 101, HelloTalk, 50Languages.
ہندی(Hindi)
ہندی زبان کے الفاظ کہاں تلاش کریں؟
مراٹھی ہی کی طرح آپ ہندی کے الفاظ تلاش کرنے کیلئے ہندی کی نصابی کتابوں کی مدد لے سکتے ہیں۔ ہندی زبان کے رسائل اور اخبارات کا مطالعہ کیا جاسکتا ہے۔ مراٹھی زبان ہی کی طرح آپ ہندی زبان کا کوئی اخبار خرید لیجئے اورروزانہ اس میں سے ہندی کا کوئی ایک لفظ یاد کرلیجئے۔ ہندی زبان اور اس کے الفاظ سیکھنے کیلئے گوگل پلے اور ایپ اسٹور پر کئی ایپس دستیاب ہیں، ان میں بھی ’’ورڈ آف دی ڈے‘‘ کی سہولت ہے۔ چند اہم ایپس یہ ہیں:
Rocket Languages, Hindi by Nemo, Drops, Mondly, Memrise, Clozemaster, Duolingo, Rosetta Stone, HindiPod101.
ہندی کے الفاظ کیلئے آپ ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ شو بھی سیکھ سکتے ہیں، جس میں سوالات انگریزی کے علاوہ ہندی میں بھی پوچھے جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں، ہندی کے ٹاک شوز بھی دیکھئے۔
الفاظ کیسے یاد کریں؟
بطور طالب علم آپ کےپاس اِن چاروں زبانوں (اردو، انگریزی ، مراٹھی اور ہندی) کی لغت (ڈکشنری) ضرور ہونی چاہئے تاکہ نیا لفظ سننے یا پڑھنے کے بعد آپ اس کا معنی کسی مستند ذریعے میں دیکھ سکیں، اور سب سے مستند ذریعہ لغت ہی ہے۔ جب بھی ان چاروں زبانوں کا کوئی نیا لفظ آپ کو ملے تو:
(۱) اسے سب سے پہلے اپنی بیاض میں لکھ لیں۔
(۲) گھر کے بڑوں یا اساتذہ سے اس کا معنی پوچھیں، یا
(۳)لغت دیکھیں۔
(۴) یہ جاننے کی کوشش کریں کہ اس لفظ کو کسی جملے میں استعمال کیسے کیا جائے گا۔
(۵) اس لفظ سے مشابہ کسی چیز کی شکل اپنے ذہن میں بنالیں، جیسےممتحن، اس کا معنی ہے امتحان لینے والا۔ اب آپ اپنے ذہن میں اگزامنر کا تصور کریں کہ وہ امتحان گاہ میں طلبہ پر نگاہ رکھ رہا ہے۔ اس طرح یہ لفظ آپ کے ذہن میں ہمیشہ رہے گا۔
(۶) اپنے والدین، دوستوں، چھوٹے یا بڑے بہن بھائیوں وغیرہ کو اس لفظ کے بارے میں بتائیں۔ اس طرح آپ کا اعادہ ہوگا۔
(۶) اگر موقع ملے تو روزمرہ کی گفتگو اور اپنی تحریروں میں اس لفظ کا استعمال ضرور کریں۔