Inquilab Logo

جانئے دنیا کے اِن ۶؍ ممالک میں کیسے منائی جاتی ہے عید الفطر

Updated: May 14, 2021, 7:00 AM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

آج ہندوستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں عید الفطر منائی جارہی ہے۔ چند ممالک میں عید گزشتہ دن منائی جاچکی ہے۔ عید الفطر ایک اہم مذہبی تہوار ہے جسے پوری دنیا میں آباد مسلمان رمضان المبارک کا مہینہ ختم ہونے پر مناتے ہیں ۔ عید کے دن مسلمانوں کو روزہ رکھنے سے منع کیا گیا ہے۔

Symbolic image: PTI
علامتی تصویر: پی ٹی آئی

آج ہندوستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں عید الفطر منائی جارہی ہے۔ چند ممالک میں عید گزشتہ دن منائی جاچکی ہے۔ عید الفطر ایک اہم مذہبی تہوار ہے جسے پوری دنیا میں آباد مسلمان رمضان المبارک کا مہینہ ختم ہونے پر مناتے ہیں ۔ عید کے دن مسلمانوں کو روزہ رکھنے سے منع کیا گیا ہے۔ رمضان کے ۲۹؍ یا ۳۰؍ روزے رکھنے کے بعد یہ تہوار یکم شوال کو منایا جاتا ہے۔ خیال رہے کہ اسلامی کیلنڈر میں تاریخوں کا فیصلہ چاند کے نظر آنے پر کیا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک میں عید مختلف دنوں میں منائی جاتی ہے۔ اس کے برعکس کچھ ممالک ایسے ہیں جو عید منانے کیلئے سعودی عرب کی پیروی کرتے ہیں ۔ عید الفطر کے دن دو رکعت (چھ زائد تکبیروں کے ساتھ) نماز عید پڑھی جاتی ہے، جسے جامع مسجد یا عیدگاہ میں ادا کیا جاتا ہے۔ عید کی نماز سے قبل صدقہ فطر دیا جاتا ہے تاکہ اسے غرباء میں تقسیم کیا جاسکے۔ مختلف ممالک میں عید منانے کا انداز مختلف ہے، جانئے ایسے ہی ۵؍ ممالک کے بارے میں ۔
عید کے دن دنیا کے ہر ملک میں کوئی نہ کوئی میٹھا پکوان ضرور بنایا جاتا ہے، اور یہی چیز تمام ممالک میں مشترک ہے۔علاوہ ازیں ، ہر ملک کا عید منانے کا اپنا منفرد انداز ہے۔ اس دن تعطیل ہوتی ہے تاکہ لوگ اپنے عزیزوں کے ساتھ اچھا وقت گزارسکیں ۔اِن ممالک کا عید منانے کا انداز کافی دلچسپ ہے۔
انڈونیشیا
 یہاں عید کو ’’لیبارن‘‘ کہا جاتا ہے۔ انڈونیشیا میں عید اور اس کے دوسرے دن بھی تعطیل ہوتی ہے۔یہ قومی تعطیلات ہوتی ہیں ۔ عید سے چند روز قبل کمپنیوں کو اپنے ملازمین کو لازمی طور پر تنخواہیں دینی ہوتی ہیں تاکہ وہ بھی اپنے گھر والوں کے ساتھ بہتر طریقے سے عید منا سکیں جس طرح ہمارے یہاں سوئیاں اور شیر خرمہ بنتا ہے، ٹھیک اسی طرح عید کے دن انڈونیشیا کے لوگ ، خاص طور پر گھر کی خواتین ’’لاپس لیجٹ‘‘ نامی ایک کیک بناتی ہیں جس میں کئی تہیں ہوتی ہیں ۔ عید کی شام میں پٹاخے جلائے جاتے ہیں اور ٹارچ سے سڑکوں پر روشنی ڈالی جاتی ہے۔ 
مراکش
 دیگر ممالک کی طرح یہاں بھی عید کی صبح سب سے پہلے مقامی مسجد میں نماز عید ادا کی جاتی ہے ۔ نماز کے بعد جب نمازی مسجد کے باہر نکلتے ہیں تو نوجوان کھجور کے بڑے بڑے تھال اور پانی کی بوتلیں لے کر کھڑے ہوتے ہیں ، اور نمازیوں میں کھجور اور پانی تقسیم کیا جاتا ہے۔ مراکش میں عید کے دن پکوانوں کو کافی اہمیت دی جاتی ہے، اور گھر کی خواتین نت نئے پکوان بناتی ہیں اور مہمانوں کو پیش کرتی ہیں ۔ اہم بات یہ ہے کہ عید پر مراکش کا مشہور پین کیک ’’مسمن‘‘ اور ’’بغریر‘‘ بھی بنایا جاتا ہے جسے ناشتے میں پودینے کی چائے کے ساتھ کھایا جاتا ہے۔ یہاں کے مرد ملک کا روایتی لباس ’’جلابہ‘‘ اور جوتے ’’بلغہ‘‘ پہنتے ہیں جبکہ خواتین خوبصورت رنگوں کے کفتان پہننے کو ترجیح دیتی ہیں ۔
مصر
 مصر میں صبح عید کی نماز ادا کرنے کے بعد لوگ رنگ برنگے غبارے اڑاتے ہیں ، اور اپنی زندگی کے ایک نئے اور بہتردور کی شروعات کرتے ہیں ۔ اس کے بعد لوگ اپنے گھروں کے بزرگوں سے ملنے جاتے ہیں ۔ یہاں بھی بڑے، بچوں کو عیدی دیتے ہیں ۔ مصر میں عید منانے کا خاص مقصد یہ ہوتا ہے کہ پورا خاندان مل بیٹھے۔ اس دن لوگ مختلف باغوں اور چڑیا گھروں کا رخ کرتے ہیں ۔ لوگوں کی پسندیدہ جگہ ’’جیزہ زو‘‘ ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عید کے دن چڑیا گھر کی انتظامیہ لوگوں کا استقبال کرنے کیلئے ہر سال کچھ نیا طریقہ اپناتی ہے، جیسے جانوروں کا شو، ٹکٹوں پر رعایت یا پھر چڑیا گھر کو خوبصورتی سے سجا دیا جاتا ہے۔ 
متحدہ عرب امارات
 دنیا کے کسی بھی ملک کی طرح متحدہ عرب امارات (یو اےای) میں بھی عید کے دن لوگ ایک دوسرے سے ملتے ہیں ۔ خاص طور پر خاندان کے تمام افراد اکٹھا ہوجاتے ہیں اور ساتھ کھانا کھاتے ہیں ۔ عید کی نماز ادا کرنے کے بعد لوگ ایک دوسرے سے گلے ملتے ہیں اور پڑوسیوں اور رشتہ داروں سے ملاقات کرتے ہیں ۔ دوپہر کے کھانے کیلئے لوگ اپنے خاندان کے سب سے بزرگ فرد کے ہاں اکٹھا ہوتے ہیں ۔ اس دن یو اے ای کے روایتی پکوان بھی بنائے جاتے ہیں جن میں ’’ہریس‘‘ اور ’’بلالیت‘‘قابل ذکر ہیں ۔ لوگ ایک دوسرے کو عربی میں عید کی مبارکباد دیتے ہیں جس کا ترجمہ ہے: ان شاء اللہ اگلی عید پر بھی آپ ہمارے ساتھ ہوں گے۔
نیوزی لینڈ
 یہاں پر عید سے ایک دن قبل مسلمان اپنے گھروں اور مساجد کی صفائی کرتے ہیں ، اور عید کی نماز ادا کرنے کے بعد اپنے رشتہ داروں و پڑوسیوں سے ملاقات کرتے ہیں ۔ یہاں عید بڑے پیمانے پر منائی جاتی ہے اور ایڈن پارک، آکلینڈ میں ایک عظیم الشان کارنیول کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں کھانے پینے سے لے کر گھر کی سجاوٹ تک کی چیزیں خریدی جاسکتی ہیں ۔ آکلینڈ میں عید منانے والے مسلمان اس کارنیول میں ضرور شرکت کرتے ہیں اور اپنی پسند کا سامان کم داموں میں خریدتے ہیں ۔ یہاں ہر سال فوڈ فیسٹیول کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے ۔ ان دونوں کارنیولز میں مسلمانوں کے علاوہ غیر مسلم بھی شرکت کرتے ہیں ۔
آئس لینڈ
 آئس لینڈ میں مسلمانوں کی تعداد بہت کم ہے۔ یہاں کے لوگوں کا عید منانے کا انداز بہت ہی مختلف اور دلچسپ ہے۔ عید کے دن لوگ اپنے اپنے گھروں سے مختلف پکوان لے کر مسجد آتے ہیں ۔ عید کی نمازاور طویل دعا کے بعد تمام افراد مسجد کے بیرونی حصے پر اپنے اپنے پکوان سجاتے ہیں ، اور پھر سب مل جل کر ناشتہ کرتے ہیں ۔ آئس لینڈ میں یہ روایت برسوں سے جاری ہے۔ ناشتہ کے بعد لوگ ایک دوسرے کے گھر جاتے ہیں ۔ علاوہ ازیں ، اس دن لوگ ملک کے پرکشش مقامات کی سیر بھی کرتے ہیں ۔
ان ممالک میں عید کے دن یہ خاص ہوتا ہے
سنگاپور میں گیلانگ سرائے علاقے میں عید برسوں سے منائی جارہی ہے۔ عید کے دن یہ علاقے کی رونق دوبالا ہوجاتی ہے۔ اس دن یہ علاقہ روشنیوں میں نہا جاتا ہے، اور شام ہوتے ہی بازار لگ جاتے ہیں ۔بازار میں کھانے پینے کی سیکڑوں اشیاء ہوتی ہیں ۔یہاں کے لوگ عید پر مختلف قسم کے پکوان کھانے کے شوقین ہوتے ہیں ۔
ترکی میں عید پر تقریباً ایک ہفتے کی چھٹی ہوتی ہے اسلئے لوگوں کے پاس رشتہ داروں اور پڑوسیوں سے ملنے کاکافی وقت ہوتا ہے۔ یہاں کے لوگ شام کو ملک کے مختلف سیاحتی مقامات پر، خاص طور پر ساحلوں پر جمع ہوتے ہیں ، اور وقت گزارتے ہیں ۔
انڈونیشیا کے لوگ عید سے ایک دن قبل اپنے گھر قندیلوں سے سجاتے ہیں ۔

eid Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK