Inquilab Logo

کوہلی یکروزہ کے ٹاپ ۵؍کھلاڑیوں میں شامل

Updated: January 20, 2023, 5:25 PM IST | Mumbai

لنکا کیخلاف سنچری بناکر ٹیم انڈیا کے سابق کپتان نے ٹاپ اسکورر کی فہرست میں جے وردھنے کو پیچھے چھوڑ دیا

photo;INN
تصویر :آئی این این

وراٹ کوہلی کو ون ڈے کرکٹ کے کامیاب ترین کھلاڑیوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ کے دوران وراٹ کوہلی نے ون ڈے کرکٹ کا ایک اور بڑا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ وراٹ کوہلی اب دنیا کے۵؍کامیاب ون ڈے بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔ انہوں نے سری لنکا کے تجربہ کار مہیلا جے وردھنے کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
 وراٹ کوہلی کا شاندار فارم سری لنکا کے خلاف جاری رہاتھا۔ انہوں نے اس میچ سے قبل ۲۶۷؍ ون ڈے میچوں میں۱۲۵۸۸؍رن بنائے تھے۔ سری لنکا کے خلاف تیسرے ون ڈے میں انہوں نے۶۲؍رن کے ہندسے کو چھوتے ہی ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے کے معاملے میں مہیلا جے وردھنے کو پیچھے چھوڑ دیا۔ وراٹ کی اس اننگز سے پہلے مہیلا جے وردھنے ون ڈے میں سب سے زیادہ رن بنانے والے ۵؍ویں کھلاڑی تھے لیکن اب وراٹ نے یہ مقام حاصل کرلیا ہے۔
 اہم بات یہ ہے کہ مہیلا جے وردھنے نے ون ڈے کرکٹ میں ۴۱۸؍ میچوں میں ۱۲۶۵۰؍رن بنائے تھے۔ وراٹ کو میچ کے آغاز میں سری لنکا کے مایہ ناز کھلاڑی کو پیچھے کرنے کیلئے۶۳؍ رن درکار تھے۔ وراٹ نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے آسانی کے ساتھ۶۳؍ رن کا ہندسہ عبور کیا اور ون ڈے کرکٹ میں ایک بڑا کارنامہ انجام دیا۔ کوہلی نے۲۶۸؍ میچوں میں یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔
 لیجنڈری سچن تینڈولکر ون ڈے کرکٹ میں۱۸۴۲۶؍ رن کے ساتھ سب سے زیادہ رن بنانے والوں کی فہرست میں ٹاپ پوزیشن ہیں۔ اس کے بعد کمار سنگاکارا (۱۴۲۳۴؍ رن)، رکی پونٹنگ(۱۳۷۰۴؍رن) اور سنتھ جے سوریا(۱۳۴۳۰؍رن) ون ڈے میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں آتے ہیں۔
  وراٹ کوہلی نے سری لنکا کے خلاف تیسرے ون ڈے میں بھی اپنی۴۶؍ویں ون ڈے سنچری مکمل کر لی، انہوں نے۱۱۰؍ گیندوں پر۱۳؍ چوکوں اور۸؍ چھکوں کی مدد سےناٹ آؤٹ ۱۶۶؍رن بنائے۔ اب وہ سب سے زیادہ سنچریوں کے معاملے میں سچن تینڈولکر سے صرف۳؍ سنچریاں پیچھے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK