EPAPER
Updated: June 26, 2026, 6:20 PM IST | Mumbai
Maria Montessoriکےنظریات نے جدید ابتدائی تعلیم، خصوصی تعلیم، نفسیاتِ اطفال اور تعلیمی اصلاحات پر گہرے اثرات مرتب کئے۔
ماریا مونٹیسوری جدید تعلیم کی تاریخ کی ایک نہایت ممتاز، انقلابی اور بااثر شخصیت تھیں۔ وہ اپنے تعلیمی فلسفے ’’مونٹیسوری طریقۂ تعلیم‘‘ (Montessori Method) اور سائنسی تدریس کے موضوع پر اپنی تحریروں کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہیں۔
ماریا مونٹیسوری۳۱؍اگست۱۸۷۰ء کو اٹلی کے شہر چیاراولے (Chiaravalle) میں پیدا ہوئی تھیں۔ انہوں نے ایسے دور میں طب اور تعلیم کے میدان میں قدم رکھا جب خواتین کیلئےاعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ زندگی میں آگے بڑھنا انتہائی مشکل سمجھا جاتا تھا۔ کم عمری ہی میں ماریا مونٹیسوری نے ایک ایسے ٹیکنیکل اسکول میں داخلہ لیا جہاں عموماً صرف لڑکے تعلیم حاصل کرتے تھے۔ ان کی خواہش تھی کہ وہ انجینئر بنیں لیکن بعد میں ان کا رجحان طب کی طرف ہو گیا۔ چنانچہ انہوں نے روم کی سیپینزا یونیورسٹی میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کی اور اٹلی کی ان اولین خواتین میں شامل ہوئیں جنہیں میڈیکل اسکول میں داخلہ ملا۔ انہوں نے۱۸۹۶ء میں میڈیکل ڈگری حاصل کی جو اس زمانے میں ایک غیر معمولی کامیابی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: ہاورڈ پائل ممتاز امریکی مصور، آرٹ ٹیچر اور بچوں کے ادیب تھے
میڈیکل تعلیم مکمل کرنے کے بعد ماریا مونٹیسوری نے ذہنی طور پر معذور اور ’اسپیشل چلڈرن‘ کے ساتھ کام شروع کیا۔ ان بچوں کے مشاہدے اور ان کے ساتھ عملی تجربات نے ان کے ذہن میں یہ خیال پیدا کیا کہ بہت سے بچے اپنی فطری صلاحیتوں کے اظہار کیلئے مناسب تعلیمی ماحول سے محروم ہیں۔ انہوں نے محسوس کیا کہ اگر بچوں کو آزادی، موزوں تعلیمی مواد اور سیکھنے کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے تو وہ حیرت انگیز صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔ یہی تجربات بعد میں ان کے مشہور تعلیمی نظریے اور طریقۂ تدریس کی بنیاد بنے۔
۱۹۰۷ءمیں ماریا مونٹیسوری نے روم میں اپنی پہلی تجرباتی درسگاہ’’ Casa dei Bambini‘‘ (بچوں کا گھر) قائم کی۔ ماریا مونٹیسوری کی سب سے بڑی خدمت ’’مونٹیسوری طریقۂ تعلیم‘‘ کی تشکیل ہے۔ اس نظام میں استاد کا کردار روایتی لیکچر دینے والے شخص کا نہیں بلکہ ایک رہنما اور معاون کا ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: آرتھر میکن ماڈرن ہارر فکشن کے ممتاز ادیب اور صحافی تھے
ماریا مونٹیسوری نے متعدد کتابیں بھی تحریر کیں جن میں ’ دی مونٹیسوری میتھڈ‘، ’ دی سکریٹ آف چائلڈ ہُڈ‘ اور’ ایجوکیشن فار اے نیو ورلڈ‘خاص طور پر مشہور ہیں۔ ماریا مونٹیسوری نے اپنی زندگی کے تقریباً چالیس سال دنیا کے مختلف ممالک میں سفر کرتے ہوئے، لیکچر دیتے ہوئے اور نئے تعلیمی ادارے قائم کرتے ہوئے گزارے۔ ان کے نظریات یورپ، امریکہ، ایشیا اور دیگر خطوں میں تیزی سے پھیلے۔ دوسری جنگِ عظیم کے دوران ماریا نے ہندوستان میں بھی طویل عرصہ گزارا، جہاں انہوں نے تعلیم اور امن کے درمیان تعلق پر کام کیا۔ امن اور انسانی ترقی کیلئے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں متعدد اعزازات سے نوازا گیا۔ ماریہمونٹیسوری کا انتقال۶؍ مئی ۱۹۵۲ء کونورڈویجک، نیدر لینڈز میں ہوا تھا۔
(وکی پیڈیااور برٹانیکا ڈاٹ کام)