Inquilab Logo

سنگ میل ۵؍ مختلف رنگوں کے ہوتے ہیں ، کیوں ؟

Updated: January 06, 2022, 8:58 PM IST | Mumbai

سڑکوں اور شاہراہوں پر زرد، سبز، سیاہ، گہرے نیلے اور زعفرانی رنگوں کے سنگ میل آپ نے ضرور دیکھے ہوں گے۔ لیکن کیاآپ نے کبھی سوچا کہ ان کے رنگ مختلف کیوں ہوتے ہیں ؟

Representation Purpose Only- Picture INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

جب ہم راستوں کے ذریعے سفر کرتے ہیں تو ہمیں ان کے دائیں یا بائیں جانب سنگ میل (نیچے دی گئی تصویر میں موجود پتھر) نظر آتے ہیں ۔ان پر آگے آنے والے شہروں کے نام اور ان تک پہنچنے میں ابھی کتنا فاصلہ باقی ہے، وہ درج ہوتا ہے، مثلاً ممبئی ۱۴۲؍ کلومیٹر، یعنی ممبئی پہنچنے کیلئے ابھی ۱۴۲؍ کلومیٹر کا سفر طے کرنا باقی ہے۔ اس کے ساتھ ہی آپ نے مزید ایک اہم نکتےپر غور کیا ہوگا کہ جن پتھروں پر یہ درج ہوتا ہے اُن کے رنگ مختلف ہوتے ہیں ۔ عام طور پر یہ زرد رنگ کے ہوتے ہیں ۔ تاہم، یہ سبز، سیاہ یا گہرے نیلے، اور زعفرانی رنگوں کے بھی ہوتے ہیں ۔ کیا آپ نے کبھی سوچا کہ سنگ میل کے رنگ مختلف کیوں ہوتے ہیں ؟
زرد رنگ: قومی شاہراہوں (نیشنل ہائی ویز) پر زرد رنگ کے سنگ میل نصب کئے جاتے ہیں ۔ قومی شاہراہ ایک ریاست کو دوسری ریاست سے جوڑتی ہے۔ ۲۰۱۶ء کے اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان کی قومی شاہراہ کی طوالت ۱ء۰۱؍ لاکھ کلومیٹر ہے۔ اگر آپ راستے پر زرد رنگ کا سنگ میل دیکھیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ قومی شاہراہ پر ہیں ۔یہ سنگ میل ظاہر کرتا ہے کہ یہ سڑک مرکزی انتظامیہ نے بنوائی ہے۔
سبز رنگ: ریاستی شاہراہوں (اسٹیٹ ہائی ویز) پر سبزرنگ کے سنگ میل نصب کئے جاتے ہیں ۔ ۲۰۱۶ء کے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں موجود ریاستوں کی شاہراہوں کی طوالت ۱ء۷۶؍ لاکھ کلومیٹر ہے۔ یہ شاہراہ ریاستی حکومتیں بنواتی ہیں ۔
سیاہ یا گہرا نیلا رنگ: ان رنگوں کے سنگ میل شہری یا ضلعی راستوں پر نصب کئے جاتے ہیں ۔ اگر آپ ان رنگوں کے سنگ میل دیکھیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ شہر یا ضلع کی سڑکوں پر سفر کررہے ہیں ۔ ضلعی شاہراہیں ، مختلف اضلاع کو جوڑتی ہیں ۔ فی الحال، ضلعی شاہراہوں کی طوالت ۵ء۶۲؍ لاکھ کلومیٹر ہے۔ یہ سنگ میل ظاہر کرتا ہے کہ یہ سڑک شہری یا ضلعی انتظامیہ نے بنوائی ہے۔
زعفرانی رنگ: دیہاتوں کی سڑکوں پر زعفرانی رنگ کے سنگ میل نصب کئے جاتے ہیں ۔ فی الحال ان راستوں کی طوالت ۳ء۹۳؍ لاکھ کلومیٹر ہے۔ زعفرانی رنگ کا سنگ میل پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کو بھی ظاہر کرتا ہے، اور یہ دیہی انتظامیہ بنواتی ہے۔
 واضح رہے کہ زعفرانی رنگ کے سنگ میل نصب کرنے کی تاریخ زیادہ پرانی نہیں ہے۔ انہیں گزشتہ چند دہائیوں قبل ہی شروع کیا گیا ہے۔
  چونکہ اب مختلف رنگوں کے سنگ میل کے بارے میں آپ جان گئے ہیں ، اس لئے آپ کو شاہراہوں کے متعلق ایک اہم اور دلچسپ بات معلوم ہونا ضروری ہے۔ اور وہ ہے زیرو مائل سینٹر، یعنی وہ جگہ جہاں سے مختلف شہروں کے فاصلے ناپے جاتے ہیں ۔
زیرو مائل سینٹرکیا ہے؟
 یہ ایک ایسی جگہ ہے جسے غیر منقسم ہندوستان میں برطانویوں نے ایک مرکز کے طور پر بنایا تھا۔ اس جگہ سے انہوں نے ملک کے دیگر حصوں (شہروں )تک جانے کا فاصلہ ناپنے کا کام کیا تھا۔ زیور مائل سینٹر، ناگپور میں واقع ایک ستون ہے جس کے نیچے چار گھوڑے بنے ہوئے ہیں ۔ ستون کے قریب ہی لگے ہوئے ایک بورڈ پر ملک کے بڑے اور اہم شہروں کی ایک فہرست درج ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ناگپور سے کسی دوسرے شہر کا فاصلہ کتنا ہے، یعنی ناگپور کا وہ ستون زیرو مائل سینٹر ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK