Inquilab Logo

بیشتر افراد کے ہونٹ بار بار پھٹتے ہیں ، کیوں؟

Updated: January 07, 2021, 9:56 PM IST | Mumbai

دنیا میں تقریباً ہر شخص کو کبھی نہ کبھی ہونٹ پھٹنے کے مسئلے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

دنیا میں تقریباً ہر شخص کو کبھی نہ کبھی ہونٹ پھٹنے کے مسئلے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بعض افراد کو ہونٹوں پر معمولی خشکی کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو بعض کیلئے یہ مسئلہ زیادہ بڑا ہوتا ہے، یعنی بہت زیادہ خشک ہونٹ جس سے خون بھی نکلنے لگتا ہے۔ ہر عمر کے افراد کو اس مسئلے کا سامنا ہو سکتا ہے۔ مگر اکثر ایسا ہونا اس بات کی علامت ہے کہ جلد کی سطح کے اندر زیادہ سنگین مسئلہ پیدا ہورہا ہے۔ عام طور پر لوگ اسے سرد موسم یا خشک ہوا کا نتیجہ سمجھتے ہیں مگر اس کی چند دیگر وجوہات بھی ہیں ۔
پانی کی کمی
 ماہرین کے مطابق ڈی ہائیڈریشن کے نتیجے میں جسم میں پانی کی کمی کے باعث وہ عام افعال سر انجام نہیں دے پاتا۔ اگر پانی کی کمی دور نہ کی جائے تو ڈی ہائیڈریشن کا مسئلہ ہوتا ہے، ایسا ہونے پر جسم جلد سے پانی کھینچتا ہے اور اسے خشک کردیتا ہے۔ عام طور پر جلد خشک ہونے پر سب سے زیادہ ہونٹ ہی متاثر ہوتے ہیں اور پھٹ جاتے ہیں ۔
ہونٹ کاٹنا یا بار بار زبان پھیرنا 
 اکثر افراد ہونٹ خشک ہونے پر اس پر زبان پھیرتے ہیں جو ایک بڑی غلطی ہے۔ اس سے لعاب دہن ہونٹ پر لگ جاتا ہے، اور چند سیکنڈز میں اُڑ جاتا ہے جس کے نتیجے میں نمی زیادہ کم ہونے لگتی ہے۔ اسی طرح تھوک میں موجود کیمیکل ہونٹ کو خشک کرتا ہے جس کے نتیجے میں وہ زیادہ خشک ہوجاتے ہیں ۔
وٹامن اے کا بہت زیادہ استعمال
 مردوں کیلئے وٹامن اے کی روزانہ تجویز کردہ مقدار۹۰۰؍ مائیکرو گرام جبکہ خواتین کیلئے ۷۰۰؍  مائیکرو گرام ہے۔ اگر بہت زیادہ وٹامن اے کا استعمال کیا جائے تو اس سے ہونٹ پھٹنے سمیت متعدد طبی مسائل لاحق ہوسکتے ہیں ۔
مخصوص اشیاء سے الرجی
 بیشتر افراد کے ہونٹوں کی جلد کافی حساس ہوتی ہے۔ اگر لپ اسٹک، میک اپ، ٹوتھ پیسٹ یا دیگر جلدی نگہداشت کی مصنوعات سے الرجی ہو تو ہونٹوں پر خارش کا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے۔
کسی وٹامن کی کمی
 وٹامن بی۲؍ جو عام طور پر دودھ، پالک، دہی اور گوشت وغیرہ میں پایا جاتا ہے، جس کی جسم میں کمی ہوجائے تو ہونٹ پھٹ جاتے ہیں یا ان کے کونوں پر زخم پیدا ہوجاتے ہیں ۔
کھٹی چیزیں 
 ترش پھلوں یا اشیاءمیں موجود ایسڈ منہ اور ہونٹوں پر خارش کا باعث بن سکتے ہیں ۔ اگر آپ کے ہونٹ پہلے ہی پھٹ چکے ہوں تو ایسے پھلوں اور سبزیوں کو کھانا تکلیف دہ ہو سکتا ہے۔
نجات کیسے ممکن؟
 پھٹے ہوئے ہونٹوں کے علاج کا بہترین ذریعہ مناسب مقدار میں پانی پینا اور ہونٹوں کی نمی لپ بام کی مدد سے برقرار رکھنا ہے۔ اگر پھر بھی مسئلہ زیادہ بڑھ جائے تو ڈاکٹر سے رجوع کریں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK