Inquilab Logo

یوم مادر: کیا کہتی ہیں یہ اہم شخصیات اپنی ’’ماں ‘‘ کےبارے میں

Updated: May 07, 2021, 7:30 AM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

نو مئی کو ہندوستان سمیت کئی ممالک میں ’’مدرز ڈے‘‘ منایا جائے گا، ماں دنیا کا خوبصورت ترین تحفہ ہے،جانئے مشہور شخصیات نے اپنی ماں سے محبت کا اظہار کن لفظوں میں کیا ہے۔ یوم مادر ’’مدرز ڈے‘‘ ہر سال مئی کے دوسرے اتوار کو منایا جاتا ہے۔امسال یہ ۹؍ مئی یعنی ۲؍ دن بعد منایا جائے گا۔

Symbolic Image. Photo: INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

نو مئی کو ہندوستان سمیت کئی ممالک میں ’’مدرز ڈے‘‘ منایا جائے گا، ماں دنیا کا خوبصورت ترین تحفہ ہے،جانئے مشہور شخصیات نے اپنی ماں سے محبت کا اظہار کن لفظوں میں کیا ہے۔ یوم مادر ’’مدرز ڈے‘‘ ہر سال مئی کے دوسرے اتوار کو منایا جاتا ہے۔امسال یہ ۹؍ مئی یعنی ۲؍ دن بعد منایا جائے گا۔ واضح رہے کہ مختلف ممالک اسے مختلف تاریخوں کو مناتے ہیں لیکن دنیا کے بیشتر ممالک مئی کے دوسرے اتوار کو یہ دن بڑی دھوم دھام سے مناتے ہیں ۔ مذکورہ دن لوگ اپنی ماؤں کو تحائف دے کر ان سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں ۔ اس دن کو منانے کا مقصد اپنی والدہ کی اہمیت کا احساس کرنا، ان کی خدمت کرنا اور انہیں خوشی دینا ہے۔اسے منانے کا آغاز ۱۹۰۷ء میں ہوا تھا جب اینا زاروِس نامی ایک خاتون نے ورجینیا میں اپنی ماں کی یاد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا تھا۔ اس واقعے کے بعد سے لوگوں کو یوم مادر منانے کی ترغیب ملی، اور پھراسے باقاعدہ ایک دن کے طور پر منانے کا آغاز کردیا گیا۔

یہ ممکن ہے کہ سونے پر خالص سونا چھا جائے لیکن کسی کی ماں کسی اور شخص کی ماں سے خوبصورت نہیں ہوسکتی۔ دنیا میں سب سے زیادہ خوبصورت ماں ہے ۔ماں ، ماں ہوتی ہے۔ دنیا کی کوئی بھی مہنگی اور قیمتی چیز ماں کو مزید خوبصورت نہیں بناسکتی۔ ہماری نظروں میں ہماری مائیں اس دنیا کی سب سے خوبصورت، بے عیب، بے انتہا محبت دینے والی اور مکمل خاتون ہیں ۔میری ماں میرے لئے ایسی ہی ہے۔
مہاتما گاندھی، بابائے قوم
میری ماں کا انتقال ۹۳؍ سال کی عمر میں ہوا۔ وہ دنیا کی سب سے خوبصورت، ملنسار اور شکر گزار خاتون تھیں ۔ وہ ہم سب بھائی بہنوں کیلئے اللہ کا نایاب تحفہ تھیں ۔ وہ راتوں کو اٹھ کر ہماری کامیابیوں کیلئے دعائیں مانگا کرتی تھیں ۔ وہ پنج وقتہ نمازی تھیں ۔ نماز کے دوران، وہ ایک فرشتے کی مانند نظر آتی تھیں ۔ میں جب بھی انہیں نماز کے دوران دیکھتا، ان سے متاثر ہوتا اور ترغیب حاصل کرتا تھا۔ 
ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام، سائنسداں 
آج میں جس مقام پر ہوں ، اس میں میری ماں کی دعاؤں کا بڑا ہاتھ ہے۔ میری ماں ہمیشہ میری کامیابی کیلئے دعا کرتی رہتی ہے۔ میں جب بھی خالی محسوس کرتا ہوں ، میری ماں کی دعائیں مجھے مکمل محسوس کرواتی ہیں ۔ میں جب بھی اپنے آپ کو اکیلا پاتا ہوں ، میری ماں کی دعائیں ساتھ ہوتی ہیں ۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ خدا ہر وقت ہر جگہ نہیں ر ہ سکتا، اس لئے اس نے ماں کو بنایا۔
رُڈیارڈ کپلنگ، شاعر، مصنف
مجھے ایک کامیاب شخص بنانے میں میری ماں کا بڑا ہاتھ رہا ہے۔ میری ماں بارعب، باسلیقہ اور دیندار مزاج کی خاتون تھیں ۔ میں نے ابتدائی تعلیم ماں ہی سے حاصل کی تھی۔ شیخ سعدیؒ کی کتاب ’’گلستان‘‘ مجھے ماں نے پڑھائی تھی۔ جب وہ مجھے پڑھا رہی ہوتیں تو وہ سوت کی گندھی ہوئی تین لڑیاں ایک لکڑی میں پروتی ہوتیں ۔ دوران تدریس بسا اوقات خفگی ہوتی مگر ان لڑوں کا استعمال کبھی نہیں کیا۔
سرسید احمد خان،فلسفی
میری والدہ مذہبی خصوصیات کا مرقع تھیں اس لئے بچپن ہی سے اسلامی تعلیمات سے گہرا شغف رہا تھا۔والد کے انتقال کے بعد انہوں نے ہم تمام بھائی بہنوں کو اعلیٰ تعلیم دلوائی۔ وہ چاہتی تھیں کہ ہم سب پڑھ لکھ کر کامیاب انسان بن جائیں ۔ آزادی کی جدوجہد میں انہوں نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ ماؤں کی خوبصورتی ان کی محبت میں ہوتی ہے۔ میری ماں دنیا کی سب سے خوبصورت ماں ہے۔
مولانا محمد علی جوہر،صحافی، شاعر
خدا میری ماں کو ہمیشہ سلامت رکھے۔میں جو کچھ بھی ہوں سب اسی کی بدولت ہے۔ میں اپنی ساری زندگی اور اپنی ساری کامیابی اسی کے نام کرتا ہوں ۔ مجھے اپنی ماں کی دعائیں یاد ہیں ، یہ دعائیں ہمیشہ میرے ساتھ رہتی ہیں ۔ میری ماں ان دعاؤں کی شکل میں ہمیشہ میرے ساتھ کھڑی رہتی ہے۔ وہ شخص کبھی اکیلا اور غریب نہیں ہوسکتا ہے جس کے ساتھ اس کی ماں کی دعائیں ہوتی ہیں ۔
ابراہم لنکن، سولہیوں امریکی صدر
ماں کی بانہوں میں نرمی ہوتی ہے اور بچے ان میں سکون سے سوتے ہیں ۔ماں بیک وقت کئی کام انجام دینے میں ماہر ہوتی ہے، وہ کام کرتے وقت جھولا جھولتے ہوئے اپنے بچے پر بھی نظر رکھتی ہے تاکہ اسے کوئی تکلیف نہ پہنچے یا وہ جھولے سے نہ گر جائے۔ ماں قدرت کا شاہکار ہے۔میری ماں بھی ایسی ہی تھی۔ وہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہمیشہ تیار رہتی تھی۔
وکٹر ہیوگو، فرانسیسی شاعر
میری ماں دنیا کی سب سے خوبصورت خاتون تھیں ۔ میں نے اتنی خوبصورت خاتون دنیا میں پہلے کبھی نہیں دیکھی تھی۔ میں نے زندگی گزارنے کی، ایک اچھی زندگی گزارنے کی تعلیم انہی سے حاصل کی تھی۔ میری تمام کامیابیوں کی وجہ وہی ہیں ۔ میں انہیں کبھی نہیں بھول سکتا۔ مجھے ایک دانشور اور ایک کامیاب انسان بنانے میں میری ماں کا سب سے بڑا ہاتھ ہے۔
جارج واشنگٹن، پہلے امریکی صدر
 میری کامیابیوں میں میری ماں کا اہم کردار رہا ہے۔ انہوں نے ہر مشکل وقت میں میرا ساتھ دیا ہے۔انہوں نے ہمیشہ میری حوصلہ افزائی کی تاکہ میں وہ پاسکوں جس کی میں نے تمنا کی تھی۔ آج میں نے سب کچھ پالیا ہے، اور اپنی ماں کو بہت یاد کرتا ہوں ۔ماں اپنے بچوں کو ہمیشہ بہتر سے بہتر دینے کی کوشش کرتی ہے۔ اپنے بچوں کو تکلیف میں دیکھ کر ماں بے چین ہوجاتی ہے۔
بل گیٹس، مائیکروسافٹ کے بانی

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK