Inquilab Logo Happiest Places to Work

اکثر ہم خواب بھول جاتے ہیں، کیوں؟

Updated: November 10, 2023, 6:02 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

سونے کے دوران ہم  ایک ایسی دنیا میں چلے جاتے ہیں جسے خوابوں کی دنیا کہا جاتا ہے۔

A normal person dreams 4 to 7 times a night. Photo: INN
ایک عام آدمی رات میں ۴؍ سے ۷؍ خواب دیکھتا ہے۔ تصویر : آئی این این

سونے کے دوران ہم  ایک ایسی دنیا میں چلے جاتے ہیں جسے خوابوں کی دنیا کہا جاتا ہے۔ سونے کے کچھ وقت بعد ہمیں خواب نظر آتے ہیں لیکن پھر صبح ہوتے ہی ہم خواب بھول جاتے ہیں ، کیوں؟
خواب بھولنے کا سلسلہ اٹھنے کے
 ۵؍ منٹ بعد ہی سے شروع ہوجاتا ہے
سائنسی اصطلاح میں اس کیفیت کو ‘ریپیڈ آئی موومنٹ’ کہا جاتا ہے جو گہری نیند کے بعد ہم محسوس کرتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ انسان نیند سے اٹھنے کے ۵؍منٹ کے بعد خواب کا بیشتر حصہ بھول چکا ہوتا ہے جبکہ ۱۰؍منٹ گزرنے کے بعد خواب کا ۹۰؍فیصد حصہ ذہن سے محو ہو جاتا ہے۔ در اصل خواب دیکھنے کے عمل میں ایک اور چیز بھی شامل ہوتی ہے جسے’ایکٹیو فورگیٹنگ‘ کہا جاتا ہے جس کا مطلب خواب بھولنا ہوتا ہے۔
 نیورون خواب کو ضائع کردیتے ہیں
ہمارے دماغ میں معلومات کا ایک ذخیرہ موجود ہوتا ہے، دماغ میں ضرورت سے زیادہ معلومات بھرنے سے بچنے کیلئے دماغ کے نیورون خواب کو ضائع کردیتے ہیں۔اس کے علاوہ انسانی دماغ کے متعدد حصے ہیں جو بیک وقت نیند میں نہیں جاتے بلکہ دماغ کے کچھ حصے سوتے ہیں تو کچھ حصہ جاگ رہے ہوتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ `انسان کے دماغ کا ایک حصہ محدود یادداشت اور دوسرا حصہ مستقل یادداشت کیلئے ہے جبکہ محدود یادداشت سے مستقل یادداشت تک معلومات منتقل کرنے والا ایک اور حصہ ’ہپپوکیمپس‘ہے جوسب سے آخر میں سوتا ہے اور سب سے پہلے جاگتا ہے۔ 
ہپپو کیمپس کا بنیادی مقصد
 ’ہپپوکیمپس‘ کا بنیادی مقصد دماغ میں موجود مختصر معلومات کو مستقل  یادداشت میں تبدیل کرنا ہوتا ہے اور یہ دماغ کا وہ حصہ ہے جو انسان کے جاگنے کے تھوڑے وقت بعد جاگتا ہے۔بہت سے لوگوں میں خواب دماغ کی مختصر یادداشت میں ہوتے ہیں کیونکہ ہپپوکیمپس دیر سے جاگتا ہے جس کی وجہ سے ہم اُٹھنے کے بعد بہت سے خواب بھول جاتے ہیں یا وہ خواب ہمیں معمولی طور پر یاد رہتے ہیں۔
بعض افراد کو پورے خواب یاد رہتے ہیں،کیوں؟
بعض لوگوں کو اپنے خوابوں کی پوری تفصیل یاد رہتی ہے، اس کی وجہ یہ بیان کی جاتی ہے کہ خواب دیکھنے کے بعد معلومات منتقل کرنے والا حصہ اچانک جاگ جاتا ہے تو خواب کی تفصیل محدود یادداشت سے مستقل یادداشت میں منتقل کردیتا ہے۔تحقیق کے مطابق یہ کیفیت رات کے آخری پہر کے خوابوں کے ساتھ عام طور پر ہوتی ہے۔ ماہرین کہ مطابق ایک عام آدمی رات میں ۴؍سے ۷؍خواب دیکھتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK